• 28 اپریل, 2024

جلسہ ہائے سالانہ ٹرینیڈاڈوٹوباگو

جلسہ سالانہ ایک ایسا نظا م ہے جس کی بنیاد حضرت اقدس مسیح مو عودؑ نے خود ایک الہام کے تحت رکھی تھی۔ جس کا آغاز 1891ء میں انڈیا کے چھوٹے سے گاؤں قادیان میں حضرت اقدس مسیح مو عودؑ نے کیا تھا اور اللہ تعالی کے فضل سے آج دنیا کے متعدد ممالک میں منعقد کیا جاتا ہے۔ الحمد للّٰہ

ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں جلسہ سالانہ کی ابتداء مکرم مولانا محمد اسحاق ساقی مرحوم نے کی۔ باوجود یکہ اس وقت یہاں جماعت بہت کم تعداد میں تھی۔ بعد ازاں مکرم مولانا حنیف یعقوب مرحوم کے وقت میں جلسہ سالانہ کافی ترقی کرتا رہا۔ ۔ اس وقت جماعت کے احباب ہی جلسہ سالانہ میں شامل ہوتے تھے جسکا انعقاد فری پورٹ میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کے برآمدے میں کیا جاتا تھا۔ اور مولانا حنیف یعقوب مرحوم صاحب حاضرین سے خطاب کیا کرتے تھے۔

1987ء میں پہلی مرتبہ جلسہ سالانہ کا انعقاد جماعتی بلڈنگ سے باہر کیا گیا۔ اور بہت سے غیر مسلم زیر تبلیغ دوستوں کو اس میں مدعو کیا گیا۔ تب سے جلسہ سالانہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگونے نمایاں ترقی کی ہے قریبا ہر سال سیدنا حضرت خلیفتہ المسیح ایدہ اللہ تعالی کی طرف سے سے کوئی نمائندہ تشریف لاتا ہے۔ نیز یہاں کے احباب اس لحاظ سے بہت ہی خوش نصیب ہیں کہ ہر سال حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے خصوصی پیغام بھی موصول ہوتا ہے۔

موجودہ امیر صاحب مکرم مولانا ابراہیم بن یعقوب سے قبل یہاں لاہوری جماعت کا بہت زیادہ اثر تھا۔ یہاں ان کی کئی مساجد قائم تھیں۔ جماعت کی تبلیغی کوششوں کے باعث متعدد با اثر لاہوری جماعت کے افراد جماعت نو مبایعین میں داخل ہو گئے جس سے انکی کمر ٹوٹ گئی اورباقی لاہوری احباب یا تو جماعت احمدیہ میں شامل ہوگئے یا سنّی گروہوں میں اور اس طرح لاہوری جماعت مکمل طور پر غیر فعال ہوگئی۔

اب تک کا سب سے عظیم جلسہ 1991ء میں منعقد ہوا جب حضرت خلیفتہ المسیح الرابع ؒ نے اس میں شرکت فرمائی اس موقع پر700 سے زائد افراد جلسہ سالانہ میں شریک ہوئے۔

اب ہر سال جلسہ سالانہ اپنے نیشنل ہیڈ کوارٹر میں جمعہ تا اتوار منعقد ہوتا ہے۔ جس کا پروگرام درج ذیل ہوتاہے۔

پہلا دن۔ جمعہ۔ پہلا اجلاس

جلسہ سالانہ کا آغاز نمازِ جمعہ سے ہوتا ہے۔ جس کے بعد پرچم کشائی اور دعا کروائی جاتی ہے۔ ہلکے پھلکے کھانے اور مشروبات سے مہمانوں کی تواضع کی جا تی ہے بہت سے احباب جماعت خاص طور پر اجلاس میں شرکت کے لئے کام سے رخصت لیتے ہیں۔

شام کے وقت مرد حضرات اور لجنہ کی تلاوت قرآن اور نظموں کے الگ الگ مقابلے ہوتے ہیں۔ دعا اور کھانے سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوتا ہے۔

دوسرا دن۔ ہفتہ۔ دوسرا اجلاس

دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد، نماز فجر اور درسِ حدیث سے کیا جاتا ہے ۔

بعد دوپہر نمازِ ظہر وعصر ادا کرنے کے بعد احبابِ جماعت اور مہمان جلسہ گاہ آڈیٹوریم، Auditorium میں جمع ہوتےہیں۔ تلاوتِ قرآنِ کریم اور اردو نظم سے آغاز کیا جاتا ہے۔ جس کے بعد حضرت اقدس خلیفة المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا جاتاہے۔ اس کے بعد علماء سلسلہ کی تقاریر ہوتی ہیں۔

جلسہ سالانہ کا ایک مستقل حصّہ اطفال و ناصرات کی طرف سے تیار کردہ مختصر تقاریر ہوتی ہیں جن کے عناوین انہیں امیر صاحب کی طرف سے دئیے جاتے ہیں۔ جسے سب مہمان بہت پسند کرتے ہیں۔

اس کے بعد مرکزی نمائندے کے خطاب کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوتی ہے۔ کھانے کے بعد نمازِ مغرب و عشاء سے یہ اجلاس اختتام پذیر ہوتا ہے ۔

تیسرا دن۔ اتوار۔ تیسرا اجلاس

دن کا آغاز ایک مرتبہ پھر باجماعت نماز تہجد، نماز فجر اور درسِ حدیث سے کیا جاتا ہے بعد ازاں نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی بعد احبابِ جماعت اور مہمان کرام جلسہ گاہ آڈیٹوریم، (Auditorium) میں جمع ہوجاتے ہیں ۔تلاوتِ قرآنِ کریم اور اردو نظم سے پروگرام کا آغازکیا جاتا ہے ۔جس کے بعد سربراہِ مملکت ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کا پیغام پڑھ کر سنایا جاتا ہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ہر سال صدر مملکت و وزیر اعظم کی جانب سے جماعت احمدیہ کو خصوصی پیغام موصول ہوتا ہے۔ اس کے بعد امیر اور مشنری انچارج صاحب کا خطاب ہوتا ہے۔

تیسرا دن۔ آخری اجلاس

مختصر وقفہ کے بعد کاروائی کا دوبارہ آغاز تلاوت قرآنِ کریم اور اردو نظم کے ساتھ ہوتا ہے ۔

اس پروگرام میں معززین اور خصوصی مہمان کرام جن میں Diplomatic Corps سفراء Ambassadors منسٹرز، حزب ِ اقتدار اور حزبِ اختلاف کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر اہم شخصیات شامل ہوتی ہیں۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں بعض سیاسی اور اہم شخصیات جو جلسہ میں کسی مجبوری کے باعث شامل نہیں ہو سکتیں اپنے خصوصی پیغامات میں جماعت احمدیہ کی دنیا میں قیام امن اور انسانیت کے لئے خدمات کا تذکرہ کرتے ہیں۔ مہمانوں کےلئے خیر مقدمی کلمات کے بعد ان کوجماعت احمدیه کا مختصر تعارف کروایا جاتا ہے۔ اس موقع پر اطفال و ناصرات کی طرف سے ایک اور presentation ہوتی ہے جسکے بعد مرکزی نمائندہ کا خطاب ہوتا ہے۔ اور مہمانان کرام کو جماعتی کتب اور گلدستے وغیرہ پیش کئے جاتے ہیں۔ کھانے کے بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی جاتی ہے۔

جلسہ سالانہ 2021ء

امسال 30 جنوری 2021ء کو جلسہ سالانہ منعقد ہوا جو کہ Covid-19 کے باعث صرف ایک روزہ مختصر پروگرام تھا۔ امسال 300 افراد نے شرکت کی۔

دیگر امور

جلسہ سالانہ کے موقع پر قرآنِ کریم اور جماعتی کتب کی نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ نیز تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں اسناد اور میڈلز تقسیم کئے جاتے ہیں۔ جماعت کے لئے نمایاں قربانی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تقسیم انعامات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں مختلف جماعتی شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کی بناپر احباب جماعت کو انعامات دئے جاتے ہیں۔

احباب جماعت بڑے خلوصِ دل کے ساتھ مہمانان کرام کے لئے اپنے گھروں میں رہائش اور جلسہ کے بعد سیر و تفریح کا انتظام کرتے ہیں۔

کھانے پینے کے تمام انتظامات لنگر خانہ کے رضاکاروں کے ذریعہ سے کیےجاتے ہیں۔

نمائندگان خلفائے احمدیت
برائے جلسہ سالانہ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو

1۔ مکرم مصطفٰی ثابت – 1989ء
2۔ مکرم مولانا مبارک احمد نذیر۔ مربی سلسلہ کینیڈا۔ 1990ء
3۔ مکرم مبارک احمد ساقی۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر لندن – 1991ء
4۔ مکرم انور محمود خان۔ نیشنل سیکرٹری تبلیغ امریکہ – 1995ء
5۔ مکرم مولانا نسیم مہدی۔ مشنری انچارج کینیڈا – 1996ء
6۔ مکرم محمود باجوہ۔ سیکریٹری امور خارجہ امریکہ – 2002ء
7۔ مکرم مولانا اظہر حنیف۔ مشنری امریکہ – 2004ء
8۔ مکرم مولانا داؤد احمد حنیف مشنری امریکہ۔ 2007ء
9۔ مکرم ظہیر احمد باجوہ۔ جنرل سیکرٹری امریکہ – 2008ء
10۔ مکرم انعام الحق کوثر مشنری امریکہ – 2012ء
11۔ مکرم داؤد احمد حنیف۔ نائب امیر و مشنری انچارج امریکہ2014ء
12۔ مکرم مرزا محمود احمد۔ سنٹرل آڈٹ آفس لندن 2015ء
13۔ خاکسار عبدالستار خان۔ امیر ومشنر ی انچارج گوئٹے مالا۔2017ء
14۔ مکرم مولانا ہادی علی چوہدری نائب امیر کینیڈا – 2018ء
15۔ مکرم محمد بن صالح۔ امیر و مشنری انچارج غانا۔ 2020ء

(عبد الستار خان ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن، کمبوڈیا)

پچھلا پڑھیں

منصب خلافت

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ