• 6 مئی, 2024

ہے شکر رب عزوجل خارج از بیاں

حضرت مرزا مظہر جان جاناں رحمۃ اللہ علیہ کو دلی کے بالائی لڈو بہت پسند تھے۔ کوئی مرید دو لڈو تحفۃً دے گیا۔ آپؒ نے وہ دونوں لڈو سامنے بیٹھے ایک شاگرد غلام علی شاہ کو دے دیئے۔ جنہوں نے وہ دونوں لڈو ایک ہی دفعہ کھالئے۔ جسے حضرت مرزا مظہر رحمہ اللہ نے ناپسند فرمایا اور شاگرد سے مخاطب ہوکر فرمایا کہ لڈو ایسے نہیں کھاتے۔ چند دنوں کے بعد جب لڈو دوبارہ آئے تو آپؒ نے ان میں ایک لڈو کا چھوٹا سا ٹکڑا توڑ کر منہ میں ڈالا اور ساتھ بآواز بلند سبحان اللّٰہ، سبحان اللّٰہ کہنا شروع کردیا اور اپنے آپ کو مخاطب ہوکر کہنے لگے کہ واہ مظہر جان جاناں! تجھ پر تیرے رب کا کتنا بڑا فضل ہے۔ یہ کہہ کر پھر سبحان اللّٰہ، سبحان اللّٰہ کا ورد شروع کردیا اور شاگرد سے پوچھنے لگے کہ یہ لڈو کن کن چیزوں سے بنے ہوں گے؟ جب جواب میں بالائی، میدہ اور کچھ میٹھا سنا تو شاگرد سے مخاطب ہوکر کہنے لگے کہ یہ میٹھا کن چیزوں سے بنا ہے؟ کہنے لگے دیکھو! میاں غلام علی! زمیندار راتوں کو اپنے بیوی بچوں کو چھوڑ کر کھیتوں میں گیا، اس نے ہل چلایا، پانی دیا، ایک لمبے عرصے تک محنت و مشقت برداشت کی صرف اس لئے کہ مظہر جان جاناں ایک لڈو کھالے۔ پھر تسبیح و تحمید کرنے کے بعد کہنے لگے کہ یہ زمیندار مسلسل چھ ماہ کھیت کو پانی دیتا رہا۔ پھر گنے کو بیلا، بھٹی جلا کر کتنی دفعہ اس نے اپنے آپ کو دوزخ میں جھونکا۔ محض اس لئے کہ مظہر جان جاناں ایک لڈو کھالے۔ پھر میدہ اور بالائی کی تیاری کے مراحل پر روشنی ڈالنی شروع کردی اور کہنے لگے یہ سارے کام اللہ تعالیٰ نے مختلف لوگوں سے اس لئے کروائے کہ مظہر جانا جاناں ایک لڈو کھالے اور پھر سبحان اللّٰہ، سبحان اللّٰہ کا ورد شروع کردیا۔

اخبار الفضل کی تیاری میں اس حکایت کو سامنے رکھ کر جہاں اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کی توفیق ملتی ہے وہاں دنیا بھر میں پھیلے الفضل کے لئے مددگار اور کارکنان ہماری دعاؤں میں رہتے ہیں اور ہم یقین کرتے ہیں کہ دنیا بھر کے کونے کونے میں جہاں جہاں الفضل اپنا فیض لے کردروازے کی کنڈی کھٹکھٹاتا ہے۔ اس گھر کے رہائشی حضرت مرزا مظہر جان جاناں رحمۃ اللّٰہ علیہ کی طرح ایک ایک لفظ ، ایک ایک فقرہ پڑھ کر لطف اندوز ہوتے ہوئے یہ ضرور کہتے ہوں گے کہ واہ خدایا! یہ فقرہ جس طریق پر تیار ہوکر میرے سامنے ایستادہ ہے، اس پر اللہ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس فقرہ کے تیار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنا بھی ہم پر لازم ہے۔ کسی نے پہلےاللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی ہوگی، پھر خدا کی دی ہوئی سوچ نے جنم لیا ہوگا، پھر ایک قلم کے ذریعہ فقرے پر فقرہ کاغذ پر نمودار ہوا ہوگا پھر اور فقروں کے ساتھ جُڑ کر کمپیوٹر میں جگہ بنائی ہوگی اور پرنٹ نکلا ہوگا۔ اس سارے عمل میں بجلی یعنی Electricity بھی استعمال ہوئی ہوگی،پروف کرنے، سنوارنے اور مالا میں پرو کر الفضل کی زینت بنانے اور اس کو اپ لوڈ کرنے میں سینکڑوں لوگوں نے حصہ لیا ہوگا، لاکھوں لوگوں نے دنیا میں اس نور کو پھیلانے میں مدد کی ہوگی۔ ہم میں سے ہر ایک کا فرض ہے کہ حضرت مظہر جان جاناں کی طرح ایک ایک مرحلے پر رک کر سوچیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس مرحلہ کو عبور کرنے میں کون کون سے وسائل میرے لئے پیدا کئے اور پھر یہ نعماء جمع ہوکر اور متشکل ہوکر الفضل کے روپ میں میرے پاس پہنچیں۔

یہی کیفیت یا اس سے ملتی جلتی کیفیت لجنہ اماء اللہ کی جوبلی پر 6 روز لگاتار صد سالہ جوبلی نمبر کی تیاری کے دوران تھیں۔ جن کے 96 صفحات تھے۔ آغاز پر دو دن کے مواد کے مطابق دو دن جوبلی نمبر کے لئے فیصلہ ہوا۔ پھر قارئین کی طرف سے تَعَاوَنُوۡا عَلَی الۡبِرِّ وَالتَّقۡوٰی کے حکم کی تعمیل میں تعاون ملنا شروع ہوا تو چار دن کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی اثناء میں خاکسار نے مکرمہ انچارج لجنہ سیکشن مرکزیہ کو دنیا بھر سے معلومات اکٹھی کرکے بھجوانے کی درخواست کی تو آنمکرمہ نے مثالی تعاون فرمایا اور فَجَاءُوْا یُھَرْوِلُوْنَ کی طرح الفضل کی خدمت کے لئے بھاگتی ہوئی آئیں اور دنیا بھر کی لجنہ کی کارگزاری رپورٹس اور ایمان افروز معلومات اکٹھی کروادیں۔ آپ کے ساتھ لازماً آپ کی ٹیم ہوگی۔ دنیا بھر سے نیشنل صدرات، جنرل سیکرٹریان اور معاونات نے تعاون کیا ہوگا اور کٹھن اور مشکل مراحل سے گزر کر انہوں نے معلومات بھجوائی ہوں گی جو الفضل کی زینت بنیں اور بعد میں تاریخ احمدیت اور تاریخ لجنہ عالمگیر کا حصہ بنیں گی۔ ان میں سے بعض رپورٹس انگریزی زبان میں تھیں۔ الفضل کے قارئین کے لئے اردو میں ان رپورٹس کو ڈھالنے میں دسیوں رضاکار خواتین و احباب شامل ہوئے۔ بعض رپورٹس ٹوٹی پھوٹی گلابی اردو میں تھیں جن کو سنوارنے کے لئے، کمپوزنگ، پروف ریڈنگ، الفضل کے سانچے میں ڈھالنے میں الفضل کے جانثاروں اور میری ٹیم نے محنت شاقہ سے کام کیا۔ مضمون نگاروں، نثر نگاروں اور شعراء کرام کی بدولت پہلے مرحلہ میں 6 دن رنگ برنگے اور مختلف خوشبوؤں کے پھولوں سے سجا گلدستہ تیار ہوکر احمدی گھرانوں کی زینت بنا اور بہت سا مواد دوسرے مرحلہ کے نمبر میں جگہ پانے کے لئے انتظار میں ہے۔

حضرت مظہر جان جاناں کے قول کو مد نظر رکھ کر خاکساران سب کا شکریہ ادا کرتا ہے اور فَجَزَاھُمُ اللّٰہُ تَعَالیٰ خَیْراً کے الفاظ میں دعا دیتا ہے۔ کَانَ اللّٰہُ مَعَھُمْ وَ اَیَّدَھُمْ

(ابو سعید)

پچھلا پڑھیں

آئیوری کوسٹ میں ماہ ربیع الاول کے حوالہ سے

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 دسمبر 2022