• 2 مئی, 2024

آئیوری کوسٹ میں ماہ ربیع الاول کے حوالہ سے

آئیوری کوسٹ میں ماہ ربیع الاول کے حوالہ سے
عشرہ سیرت النبیؐ کا انعقاد

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوران ماہ ربیع الاول ملکی سطح پر عشرہ سیرت النبیؐ موٴرخہ 6؍ تا 16؍اکتوبر 2022ء منانے کی توفیق ملی۔جماعتی روایات کے مطابق مختلف ریجنز میں عشرہ کا باقاعدہ آغاز مختلف مقامات پر اجتماعی نیز انفرادی نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا۔دوران عشرہ احباب جماعت نے صدقات بھی دیئے۔ اس عشرہ کے ددران آئیوری کوسٹ کے کل 19 ریجن کی 115 جماعتوں کو کسی نہ کسی رنگ میں عشرہ کے پروگرامز میں شرکت کی توفیق ملی۔

دوران عشرہ نماز فجر و مغرب کے بعد دروس بعنوان سیرت النبیؐ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں احباب جماعت کو رسول اللہؐ کی حیات طیبہ کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آپؐ کی ذات بابرکت پر درود بھیجنے کی نصائح بھی شامل تھیں۔ دوران دروس آپؐ کے اخلاق فاضلہ کے مختلف پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا جاتا رہا۔دوران عشرہ مختلف مقامات پر جلسہ سیرت النبیؐ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان جلسہ جات میں خصوصی طور پر سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں کے متعلق شاملین جلسہ کو آگاہ کیا گیا۔جس میں ایک کثیر تعداد احمدی و غیر احمدی احباب نے شرکت کی۔جلسہ جات کے علاوہ دوران عشرہ آنے والے خطبات جمعہ بھی بعنوان سیرت النبیؐ دیئے گئے۔نیز مختلف شہروں میں ریڈیو کے ذریعے بھی بھی پروگرامز اسی عنوان کے تحت کئے گئے۔

دوران عشرہ آئیوری کوسٹ کے 19 ریجنز کی کل 115 جماعتوں میں ریجنل مبلغین کرام و لوکل معلمین کرام نے کل 50 جلسہ ہائے سیرت النبیؐ کا انعقاد کیا جس میں 7000 کے قریب مردو خواتین (احمدی، غیر احمدی نیز غیر مسلم احباب) نے شرکت کی ان جلسہ جات کے بعد مختلف مقامات پر حاضرین جلسہ کے لئے طعام کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جب کہ 135 خطبات جمعہ کے ذریعے تقریباً 8000 افراد تک محاسن رسول کریمؐ پہنچائے گئے۔دوران عشرہ کل 230 دروس بعد از فجر و مغرب کا اہتمام کیا گیاجس میں اندازاً 4000 کے قریب احباب نے شرکت کی۔ مزید براں عشرہ کے دوران مختلف مقامی ریڈیو چینلز پر بھی کل 25 تبلیغی پروگرامز بعنوان سیرت النبیؐ کئے گئے جس کا کل دورانیہ 30 گھنٹے بنتا ہے۔عشرہ کا ایک حصہ سیرت النبیؐ پر مشتمل کتب سٹال لگانے کا بھی تھا جس کے تحت کل 5 کتب میلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں قرآن کریم کے ساتھ ساتھ آنحضرتؐ کی زندگی پر مشتمل مختلف فرانسیسی اور عربی و انگلش کتب کو نمایاں طور پر رکھا گیا نیز مختلف کتابچہ بعنوان ختم نبوت، آمد مسیح ثانیؑ، وفات مسیح وغیرہ رکھے گئے۔

مقامی مسلم و غیر مسلم افراد نے بھی جماعت کی اس کاوش کو سراہا کہ بمقابل دوسروں کے آنحضرتؐ کے اسوہ حسنہ کو حقیقی رنگ میں جماعت کو پیش کرنے کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت آئیوری کوسٹ کی اس حقیر کاوش میں برکت عطا کرے نیز حقیقی رنگ میں ہمیں اسوہ رسولؐ اپنی زندگیوں میں اپنانے کی توفیق عطا کرے۔آمین

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر