• 15 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط (قسط اول)

ایڈیٹر کے نام خطوط
الفضل کے تین سال مکمل ہونے پر تہنیتی پیغامات
قسط اول

• مکرم طاہر احمد۔ فن لینڈ سے لکھتے ہیں:
آپ کو بھی یہ سنگِ میل بہت بہت مبارک ہو۔ حضور انور کی توجہ و دعاؤں کے بعد آپ کی دن رات کی محنت کا اس میں بہت دخل ہے۔ آج یہ ایک گلوبل اخبار بن چکا ہے بلکہ یہ کہنا مناسب ہو گا کہ جدید ترقی پسند گلوبل اخبار بن چکا ہے جو موجودہ تمام نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر حضرت مصلح موعود رضى الله عنہ کی توقعات کی تکمیل کی طرف رواں دواں ہے۔ الله تعالیٰ آپ کی خاص طور پر اور آپ کی تمام ٹیم کی نیتوں، محنتوں اور خدمت کو قبول فرمائے آمین۔

جیسا کہ آپ نے نمائندگان کو توجہ دلائی ہے خاکسار خود میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور درستی کی طرف توجہ دے گا اور حضور انور کی خدمت میں بھی دعا کے لئے لکھے گا۔ ان شاءاللّٰه

• مکرم مبشر احمد عابد لکھتے ہیں:
13؍دسمبر 2022ء کے شمارےمیں الفضل تمام اپنی تمام خوبیوں اور شان بان کے ساتھ منظر عام پر آیا۔ الفضل آن لائن کی اشاعت کے تین سال مکمل ہو نے پر مبارکباد پیش ہے۔ اس نعمتِ عظمی کی قدر اس سے پوچھیں جو ہر چیز سے محروم ہو۔ اس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے کسی کا اونٹ مال و متاع سمیت جنگل میں گم ہو جائے اور پھر یکدم مل جائے تو اس کو کتنی خوشی ہوتی ہے۔ الفضل کے لئے یہی ہمارا حال ہے اللہ تعالیٰ تمام لکھنے والوں اور ٹیم کو جزائے خیر دے اس وقت آن لائن الفضل ہی ہے جو ہمارے زخموں پر مرحم رکھ رہا ہے اللہ تعالیٰ اور ترقی دے ۔آمین

• مکرم انصر رضا ۔کینیڈا سے لکھتے ہیں:
آپ کو بھی بہت مبارک ہو۔ جس محنت، لگن اور تندہی سے آپ اس اخبار کے لئے کام کر رہے ہیں الله تعالیٰ آپ کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آپ کو دین و دنیا کی تمام حسنات عطا فرمائے۔ آمین

• مکرمہ منزہ سلیم ۔ جرمنی سے لکھتی ہیں:
آپ کو الفضل آن لائن کے فضلوں بھرے 3 سال بہت بہت مبارک ہوں۔

؏ یہ روز کر مبارک سبحان من یرانی

خدا کے فضل و احساں اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں، آپ اور آپ کی ٹیم کی انتھک محنت اور کوششوں کا ثمر ہے کہ تین سال کی قلیل مدت میں الفضل آن لائن نے اتنی ترقی کی ہے۔ اس سے جہاں روزانہ روحانی مختلف انواع سے بھر پور روحانی غذا لئے ہوئےاخبار آنکھ کھولنے سے قبل ہمیں مہیا ہوتا ہے وہاں اس قلیل عرصہ میں ادارے کی طرف سے بہت شاندار کتب کی اشاعت ایک گراں قدر خدمت ہے جو کہ خدا کے فضل اور آپ اور آپ کے معاون ساتھیوں کی بے لوث اور دن رات مسلسل محنت کے باعث ہی ممکن ہوا۔ آپ کو آپ کی سب ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد عرض ہے۔ اللہ تعالیٰ سب کو بہترین جزائے خیر اور دین و دنیا میں اعلیٰ حسنات سے نوازے اور ان کی صلاحیتوں اور وقت میں بے پناہ برکت عطا فرمائے۔

ہمارا پیارا اخبار الفضل آن لائن اسی طرح دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی منازل طے کرتا چلا جائے اور دین محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی اشاعت اور بنی نوع انسان کی روحانی ترقی، اصلاح و ہدایت کا فرض اسی طرح ہمارا ادا کرتا چلا جائے اور کامیابی کی سلور، گولڈن جوبلی اور خدا کے فضل سے ہماری نسلیں صدسالہ جوبلی کی خوشیاں منانے والوں میں سے ہوں۔ آمین ثم آمین

• مکرمہ خالدہ نزہت۔ آسٹریلیا سے لکھتی ہیں:
الحمدللّٰہ! ’’الفضل‘‘ کی تیسری سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔ ہم آپ کے اور ٹیم کے لیے دعاگو ہیں اور شکر گزار ہیں اللہ تعالیٰ مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔ آمین

• مکرمہ طاہرہ شمس لکھتی ہیں:
بہت مبارک ہو۔ اگر مضامین با آواز دینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا جائے تو اور زیادہ اچھا ہو جائےگا ۔اللہ تعالیٰ آپ کی مساعی میں برکت ڈالے۔ آمین

• مکرم ناصر محمود طاہر۔ کینیا سے لکھتے ہیں:
الفضل آن لائن کو نہایت کامیابی کے ساتھ تین سال مکمل کرنے پر خاکسار دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہے۔ آپ انتہائی قابل تحسین کام کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کار خیر کی عمدہ جزاء دے۔آمین

• مکرم محی الدین عباسی۔ لندن سے لکھتے ہیں:
الفضل کے تین سال پورے ہونے پر دل کی گہرائیوں سےمبارک باد پیش ہے ۔ یہ آپ کی اس تمام عرصہ میں انتھک محنت اور کاوشوں کا ثمر ہے کہ اسے دن دگنی رات چوگنی ترقیات سے نواز رہا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی ادارت میں اس کو مزید چار چاند لگائے اور یہ ان تمام نیک مقاصد کو حاصل کرکے اسے شہرت بلندیوں تک لے جانے والا اخبار ہو جس کی خواہش اور دعا حضرت مصلح موعود ؓ نے اس کے آغاز پر کی تھی اور خلیفہ وقت کی دعاؤں کے زیر سایہ تمام قارئین فیوض و برکات حاصل کریں۔ آمین

• مکرم صباح الدین بٹ نمائندہ الفضل۔ سوئٹزرلینڈ لکھتے ہیں:
اصل مبارک باد کے مستحق تو آپ اور آپ کی مرکزی ٹیم ہے۔ الفضل سے آپ کی محبت دیدنی اور لازوال ہے۔ اداریوں سمیت اقساط میں بکھرے دیگر لعل و یاقوت اور نگینوں کو یکجا اور محفوظ کر کے ایک ماہر جوہری کی طرح پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ اس کار خیر کا اجر عظیم آپ اور آپ کی آئندہ نسلوں کو ہمیشہ پہنچتا رہے۔ آمین ثم آمین

ان شاءاللّٰہ تعالیٰ! ہم نمائندگان حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے سایہ تلے اور آپ کی شفقت اور رہنمائی میں ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے افضال کے باغیچہ ’’الفضل‘‘ کے محافظ رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حافظ و ناصر ہو۔ آمین

(مرتبہ: درثمین احمد۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر