• 24 جون, 2025

آج کی دعا

’’اے اللہ !تعریف کے لائق تو ہی ہے ۔تو ہی آسمان و زمین اور جو کچھ ان میں ہے ان کو قائم رکھنے والا ہے۔تعریف کے لائق صرف تو ہی ہے۔زمین وآسمان اور جو کچھ ان میں ہے ان کی بادشاہی تیر ی ہےاور تعریف کا تو ہی مستحق ہے۔زمین آسمان اور جو کچھ ان میں ہےا ن کا نور تو ہی ہےاور تعریف کے لائق تو ہی ہے۔توہی آسمان و زمین کا مالک ہے اور تعریف کے لائق تو ہی ہے۔تو برحق ہے اور تیرا وعدہ برحق ہے اور تیری ملاقات برحق ہےاور تیرا قول برحق ہےاور جنت برحق ہے اور دوزخ برحق ہےاور انبیاء برحق ہیں اور محمدﷺ برحق ہیں اور قیامت کا ظہور ہونا برحق ہے۔اے اللہ میں تیری طرف متوجّہ ہوتاہوں اور تجھ پر ایمان لاتا ہوں اور تجھ پر توکّل کرتا ہوں اور تیری طرف جھکتا ہوں اور تیری مدد کے ساتھ مجادلہ کرتا ہوں اور تجھ سے ہی فیصلہ کا طالب ہوں ۔پس تو مجھے میرے وہ گناہ بخش دے جو مجھ سے سرزد ہوچکے ہیں یاجو آئندہ سرزد ہونگے۔اور وہ بھی جو میں نے پوشیدہ طور پر کئے ہیں اور جو علانیہ طور پر کئے ہیں ۔سب سے پہلے بھی تو ہے اور سب سے آخر بھی تو ہے۔ تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔‘‘

(صحیح بخاری ۔کتاب الدعوات)

یہ پیارے رسولِ کریم ﷺ کی حمد باری تعالیٰ اور گناہوں کی بخشش کی خوبصورت دعا ہے۔ آپ ﷺ نمازِ تہجد کے وقت یہ دعا پڑھتے تھے۔

پیارے امام سیدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 20 مارچ 2015 کو سورج گرہن کے موقعہ پر اپنے خطبہ میں جماعت کو یہ دعا پڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا

’’اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح معنوں میں اللہ تعالیٰ کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور استغفار اور دعا کی طرف ہم ہمیشہ متوجّہ رہنے والے ہوں اور ہر قسم کے بد اثرات جن کا تعلق سورج گرہن کے ساتھ ہے اس سے ہم ہمیشہ محفوظ رہیں‘‘۔آمین

(مرسلہ:قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 جولائی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 22 جولائی 2020ء