• 5 مئی, 2024

ایک روزہ مسرور ریجنل فٹبال ٹورنامنٹ

تیاری

خاکسار مسعود احمد طاہر ایریا مشنری نے دو ماہ قبل اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا پروگرام بنایا۔ جس کے لئے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لئے دعائیہ خط عرض کیا۔یہ ٹورنامنٹ اس ریجن میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا۔ اس ٹورنامنٹ کے دو اہم مقاصد تھے۔ 1. خدام کو نظام جماعت اور خلافت احمدیہ کے قریب لانا۔ اور 2. معاشرے میں بڑھتی نفرت کے خلاف اسلام کی پُر امن تعلیم کا عملی اظہار کرنا۔ اسی لئے اس ٹورنامنٹ میں بغیر کسی قسم کی مذہبی تفریق کے احمدی، غیر احمدی سب کو شامل کیا گیا تاکہ باہمی ہم آہنگی اور محبت کو پروان چڑھایا جائے۔

یہ ٹورنامنٹ مؤرخہ 19 جون 2022 بروز اتوار کو منعقد ہوا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے اجتماعی صدقہ دیا گیا۔ کسی بھی پروگرام کی کامیابی کے پیچھے بہت سے مراحل ہوتے ہیں۔ اسی طرح اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے بھی میٹنگز ہوئیں۔ خدام کے اجلاسات ہوئے۔ خدام کو مختلف ڈیوٹیاں سپرد کی گئیں۔

گیمبیا میں اس بار بارشوں کا سیزن قدرے پہلے شروع ہوگیا ہے۔ اس لئے یہ پریشانی تھی کہ کہیں موسم ہمارے اس پروگرام کو خراب نہ کردے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے خاص فضل فرمایا اور بارش کی وجہ سے کسی قسم کی کوئی دقت پیش نہ آئی۔ الحمدللّٰہ

ٹورنامنٹ کانام

ٹورنامنٹ کا نام پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے اسم مبارک پر مسرور ریجنل فٹبال ٹورنامنٹ رکھا گیا۔ جبکہ ریجن میں چار ٹیمیں بنائی گئیں اور انکو خلفائے احمدیت کے نام دیے گئے۔

  • نور
  • بشیر
  • ناصر
  • طاہر

افتتاحی تقریب

ٹورنامنٹ کی افتتاحی صبح گیارہ بجے ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت مکرم عثمان سانے صاحب نے کی، جو کہ نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کے ریجنل چئیرپرسن ہیں۔ انھوں نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد پیش کی۔ خدام کو نصیحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور آپکی صحت کے لئے کھیلیں بہت ضروری ہیں۔ اس لئے میں جماعت احمدیہ سے درخواست کروں گا کہ آئندہ بھی ایسے پروگرام جاری رکھے۔

خاکسار نے خدام کو بتایا کہ ہم یہاں صرف تفریح کے لئے ہی نہیں آئے، بلکہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ہے کہ المؤمن القوی خیر و احب الی اللہ من المؤمن الضعیف۔ صحتمند مومن کمزور مومن سے بہتر اور اللہ کو زیادہ محبوب ہے۔ اس لئے ہم نے اپنی صحت کو بھی بہتر بنانا ہے اور کھیل کے ذریعہ اپنے اخلاق اور قوت برداشت کو بھی پروان چڑھانا ہے۔ دعا کے بعد باقاعدہ میچز کا آغاز ہوا۔

میچز: ٹورنامنٹ کے تمام میچزایک ہی دن کھیلے گئے اور فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعدٹیم طاہر نے ٹیم نور کا ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ دوران میچز کھلاڑیوں کی جوس سے تواضع بھی کی گئی۔

اختتامی تقریب: میچز کے بعد تقریباً چار بجے اختتامی تقریب شروع ہوئی۔ جس کی صدارت مکرم ابوبکر نیابلی ریجنل پریذیڈنٹ نے کی۔ اس کے علاوہ نیشنل نائب صدر خدام الاحمدیہ گیمبیا مکرم سیکو جامع بھی تقریب میں موجود تھے۔لوکل قائد مکرم سید سہیل احمد نے تلاوت قرآن کریم کی۔ اس کے بعدنائب صدر صاحب نے خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد خاکسار نے ٹورنامنٹ کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ اس کے ساتھ انعامات تقسیم کئے گئے۔ پہلے نمبر پر آنیوالی ٹیم کو سرٹیفکیٹس، فٹبال ساکس، ایک عدد فٹبال اور خوبصورت ٹرافی دی گئی۔ جبکہ دوسرے نمبر پر آنیوالی ٹیم کو سرٹیفکیٹس، فٹبال ساکس اور ایک عدد فٹبال دیاگیا۔ اس کے علاوہ بہترین انفرادی کھیل پیش کرنے والوں کو بھی انعامات دئے گئے۔

آخر پر صدر اجلاس نے خدام کو نصائح کرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی جماعت اور خلافت کے دامن کو نہ چھوڑنا۔ ہر خادم معاشرے میں ایک اعلٰی نمونہ ہونا چاہئے تاکہ لوگ ان کے اعلیٰ اخلاق دیکھ کر جماعت کی طرف آئیں۔ اس کے بعد دعا ہوئی۔ تقریب کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ اس ٹورنامنٹ پر آنیوالے معزز مہمانوں کو قرآن کریم مترجم، لائف آف محمد ﷺ اور پاتھ وے ٹو پیس کی ایک ایک کاپی اور تحفہ سے نوازا گیا۔

حاضری

خاکسار تمام ان احباب کا شکریہ ادا کرتا ہے جنھوں نے کسی بھی طرح اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں تعاون کیا۔ اللہ تعالیٰ انکو جزائے خیر عطاء فرمائے۔ آمین۔ اس ٹورنامنٹ کے موقع پرایم-ٹی-اے گیمبیا کے نمائندہ بھی موجود تھے، جنھوں نے سارے پروگرام کو ریکارڈ کیا۔

اس پروگرام کی کل حاضری 82 رہی۔ احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کے دور رس نتائج پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ آئن لائن الفضل گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ