• 14 مئی, 2024

اللہ کی زمیں خلافت حقہ اسلامیہ احمدیہ

اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں
یہ میرے مولا کی زمیں
ہے میرے اللہ کی زمیں
جس پر خلافت ہے اُگی
اِس میں نبوّت سی جگی
ہے میرے مولا کی سگی
یہ ہے صداقت دلنشیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

ہے نور کی قندیل، جو
دیتی ہے دل کو ایک لَو
اور روح کو بھی ایک ضَو
ہے آبِ فیضانِ مَعیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

نورِ تجلّی صد بصد
ہمراہ اللہ کی مدد
عالم میں ہے بس اک عدد
نہ ہے مثال اس کی کہیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

ضامن ترقی کی ہے یہ
اور پاسبانِ امن یہ
توحید کی ناشر بھی یہ
اس کا کوئی ثانی نہیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں
تمکین کا ہے یہ نشاں
تسکین کا ہے یہ جہاں
غلبے کا بس ہے یہ ساماں
اور ضامنِ امن و یقیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

دیں کی یہی ہے پاسباں
ہم سب پہ ہے یہ سائباں
اللہ اس میں ہے نہاں
رحمت ہے یہ للمؤمنیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

ارض و سماء اور بحر و برّ
حمد و ثنا سے گئے ہیں بھر
یہ ہیں خلافت کے ثمر
ہے شکر ِ ربُّ العالمیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

صلِّ علیٰ سے کائنات
ہر شہر بھی اور ہر دیہات
بھربھر رہے ہیں ساتھ ساتھ
لبریز ہے روئے زمیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

اس میں خدا ہے جلوہ گر
اس سے ہیں روشن بحر و برّ
اس سے ہوا دیں بالا تر
رسوا ہوئے دشمن لعیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

ہے عافیت کا یہ حصار
رحمت ہے ہمراہ بیشمار
نصرت بھی ہے لیل و نہار
از طرفِ ربّ العالمیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

ہے یہ زمیں کہ جس پہ اب
ہر سمت سے آتے ہیں سب
اثمار سے ہے لب بہ لب
دنیا میں ہے خلدِ بریں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

ایمان کی ہے شرط اب
اور عمل صالح ہے سبب
یہ ہے ہمارے ساتھ تب
جب تک رہیں ہم صالحیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

قائم ہے دائم، بالیقیں
ہے تا قیامت یہ یہیں
نہ اب یہ جائے گی کہیں
رحمت سے ہے خندہ جبیں
اے ہمنشیں اے ہمنشیں
آ دیکھ اللہ کی زمیں

(ہادی علی چوہدری۔ کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 5)