• 19 مئی, 2024

کاروان جلسہ سالانہ زمین کے کناروں تک جلسہ ہائے سالانہ نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کا ملک دنیا کا ایک کنارہ شمار کیا جاتا ہے۔ پانچ لاکھ آبادی والا یہ ملک جنوب مغربی بحر الکاہل میں دو بڑے اور چند چھوٹے جزائر پر مشتمل ہے۔ اس ملک میں جماعت احمدیہ کا باقاعدہ قیام 1987ء میں عمل میں آیا تھا۔ اپنے قیام کے کچھ عرصہ بعد ہی اللہ تعالی نے اس جماعت کے لئے انتہائی خوش بختی کا سامان فرمایا جب جولائی 1989ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نیوزی لینڈ میں دورہ کے لئے تشریف لائے۔اس وقت یہاں جماعت کے افراد کی کل تعداد پچاس سے بھی کم تھی۔ خلیفہ وقت کی راہنمائی اور دعاؤں کے طفیل اگلے سال ہی جماعت نیوزی لینڈ کو اپنا پہلا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔ یہ ایک روزہ جلسہ مورخہ 25 فروری 1990ء کو نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ کے ایک کالج کے ہال میں منعقد ہوا۔ اللہ تعالی کے فضل سے جلسہ سالانہ کی برکات اور اس کی روز افزوں ترقی کا نظارہ دنیا کے اس کنارہ میں رہنے والے احمدی بھی دیکھتے چلے آرہے ہیں ۔ ہر آنے والا سال جلسہ سالانہ اور اس کے انتظامات میں وسعت کی بدولت امام الزمان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ملنے والی نوید ’وسّع مکانک‘ کی صداقت کا نشان بن کر ظاہر ہوتا ہے۔ ابتداء میں چند سال جماعت نیوزی لینڈ کا جلسہ سالانہ کونسل اور مختلف تعلیمی اداروں کے ہالز میں منعقد ہوتا رہا یہاں تک کہ جماعت نیوزی لینڈ کو 1999ء میں آکلینڈ شہر کے جنوبی مضافاتی علاقہ میں اپنا مشن سنٹرخریدنے کی توفیق ملی ۔اس کے بعد سے جلسہ ہائے سالانہ اس ڈیڑھ ایکڑ سے زائد احاطہ پر واقع مشن سنٹر میں منعقد ہوتے رہےہیں ۔ اسی احاطہ میں جماعت کو 2013ء میں اپنی پہلی مسجد تعمیر کرنے کی بھی توفیق ملی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے نیوزی لینڈ کی سر زمین کو دو مرتبہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کے بابرکت دورہ جات کی میزبانی کا شرف حاصل ہوچکا ہے۔ ہر دو مواقع پرحضور انور ایدہ اللہ تعالی نے جماعت نیوزی لینڈ کے جلسہ سالانہ کو بھی اپنے وجود مسعود سے رونق بخشی۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے پہلی مرتبہ مؤرخہ 4-8 مئی 2006ء کو نیوزی لینڈ کا دورہ فرمایا۔ اس دوران مورخہ ۵ مئی 2006ء کو حضور انور ایدہ اللہ تعالی نے لوئے احمدیت لہرا کر جلسہ سالانہ کا افتتاح فرمایا اور بعد ازاں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ یہ پہلا خطبہ جمعہ تھا جو حضور انور ایدہ اللہ تعالی نے نیوزی لینڈ کی سر زمین پر ارشاد فرمایاجو کہ ایم ٹی اے کے ذریعہ ساری دنیا میں دیکھا اور سنا گیا۔اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا تھا کہ دنیا کے اس دور دراز کے ملک سے خلیفۃ المسیح کا کوئی خطبہ یا پروگرام براہ راست نشر ہوا ہو۔ مورخہ 6 مئی 2006ء کو حضور انور ایدہ اللہ تعالی کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب رکھی گئی تھی جس میں اراکین پارلیمنٹ اور کئی دیگر عمائدین اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔حضور انور ایدہ اللہ تعالی نے اس تقریب کے موقع پر حاضرین سے خطاب بھی فرمایا۔ اسی روز سہ پہر کو حضور انور ایدہ اللہ تعالی نے جلسہ سالانہ میں اپنا خطاب فرمایا اور اختتامی دعا کروائی ۔

نیوزی لینڈ کی سر زمین کا نصیب ایک مرتبہ پھر جاگ اٹھا جب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مورخہ 28 اکتوبر تا 5 نومبر 2013ء اس ملک کا دورہ فرمایا۔اس دورہ کے دوران بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالی نے جلسہ سالانہ نیوزی لینڈ میں شرکت فرمائی جو کہ یکم تا 3 نومبر 2013ء منعقد ہوا۔ یہ پہلا موقع تھا جب نیوزی لینڈ جماعت کو تین روزہ جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالی کی بابرکت موجودگی کی بدولت فجی اور بعض دوسروں ملکوں سے بھی لوگ شامل ہوئے۔ مورخہ یکم نومبر 2013ء بروز جمعۃ المبارک کو لوائے احمدیت لہرا کر حضور انور ایدہ اللہ تعالی نے اس جلسہ کا افتتاح فرمایا۔ بعد ازاں آپ نے نئی بننے والی نیوزی لینڈ جماعت کی پہلی مسجد ’بیت المقیت‘ کا افتتاح فرمایا اور اس مسجد میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو کہ ایم ٹی اے کے ذریعہ ساری دنیا میں براہ راست نشر کیا گیا۔ اس جلسہ کے دوسرے روز ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جو کہ مسجد کے افتتاح اور قرآن کریم کے ماؤری ترجمہ کی اشاعت کے حوالہ سے رکھی گئی تھی۔ اس تقریب میں حکومتی وزراء، اراکین پارلیمنٹ ، ماؤری بادشاہ اور کئی دیگر عمائدین اور معزز مہمانوں نے شرکت کی ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالی نے اس تقریب کے موقع پر حاضرین سے خطاب فرمایا۔ اس جلسہ سالانہ میں اختتامی خطاب کے علاوہ حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے لجنہ اماءاللہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور انہیں اپنے خطاب سے نوازا۔

اللہ تعالی کے فضل سے جماعت نیوزی لینڈ کو اب تک بتیس جلسہ ہائے سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل چکی ہے۔ گذشتہ سال جب کہ کرونا کی وباء کے باعث دنیا کے اکثر مما لک میں جماعتیں اپنے جلسہ ہائے سالانہ منعقد نہیں کرسکیں جماعت نیوزی لینڈ کو اپنا جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کے لئے پہلی مرتبہ جماعت کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آکلینڈ میں جماعتی مسجد کے احاطہ کی بجائے ایک بیرونی مقام پر انتظام کیا گیا اور ایک کالج کے دو ہال کرایہ پر لئے گئے تھے۔ جلسہ سالانہ کا یہ کارواں الہی وعدوں کے مطابق ہر ملک کی طرح نیوزی لینڈ میں بھی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ اللہ تعالی نسلاً بعد نسل اس للہی جلسہ کے شاملین اور منتظمین کو اپنے غیر معمولی فضلوں سے نوازتا چلا جائے۔ آمین

(عبد المقیت۔ نیوزی لینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

آج کی دعا