• 15 مئی, 2024

صحابیات میں حیا کے بہترین نمونے

اطفال کارنر
تقریر
صحابیات میں حیا کے بہترین نمونے

حیا عربی کا لفظ ہے جو اردو میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ اس کے معانی شرمانے اور اپنے ستر کو چھپانے کے ہیں۔ آنحضرت ؐ نے اللہ تعالیٰ کے متعلق فرمایا کہ اللہ تعالیٰ حیّ یعنی حیا دار اور ستّار یعنی بہت پردہ ڈالنے والا ہے۔ اور اللہ حیا اور پردہ پوشی کو پسند کرتا ہے۔ اور ایک جگہ آنحضرت ؐ نے حیا کو ایمان کی ایک شاخ قرار دیا ہے۔

جب ان معانی کو آنحضرت ؐ پر ایمان لانے والی خواتین مبارکہ پر چسپاں کرتے ہیں تو تَخَلَّقُوْا بِاَخْلَاقِ اللّٰہِ اور صِبۡغَۃَ اللّٰہِ ۚ وَ مَنۡ اَحۡسَنُ مِنَ اللّٰہِ صِبۡغَۃً کے قرآنی احکام کے تابع ان صحابیات کو اللہ تعالیٰ کی اس بابرکت صفت کو اپنے اندر موجود دیکھتے ہیں۔

صحابیات میں حیا کے بہترین نمونے بیان کرنے کا آغاز خاکسار ام المومنین کی حیاداری سے کرتا ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا حیا کی پیکر تھیں۔ آپ کی حیا داری کا یہ عالم تھا کہ وہ بیان کرتی ہیں کہ میرے حجرے میں جب آنحضور ؐ اور میرے والد حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ مدفون تھے تو میں اپنے گھر میں بلا دریغ آجایا کرتی تھی۔ بلکہ میں اپنا لباس بھی بدل لیتی تھی لیکن جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ آنحضور ؐ کے پہلو میں مدفون ہوئے تو میں ان سے شرم کرتی تھی اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے حیا کرتے ہوئے مکمل لباس کے ساتھ داخل ہوتی تھی۔

*حضرت ام خلود رضی اللہ عنہا کا ایک بیٹا کسی جنگ میں شہید ہوگیا تھا۔ وہ آنحضور ؐ کے پاس اس حوالہ سے معلومات لینے آئیں تو وہ باپردہ اور حجاب میں تھیں۔ کسی نے کہا کہ تم اپنے بیٹے کا حال پوچھنے آئی ہو اور نقاب اوڑھے ہوئے ہو۔ اس پر فرمانبردار حضرت ام خلود رضی اللہ عنہا نے جواب دیا کہ مجھ پر میرے بیٹے کی مصیبت آئی ہے میرے پردے اور شرم و حیا پر کوئی مصیبت نہیں آئی۔

*ایک حبشی عورت آنحضرت ؐ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور کہا کہ مرگی کے مرض کی وجہ سے میرا ستر کھل جاتا ہے۔ تو آنحضور ؐ نے فرمایا صبر کرو تمہارے لیے جنت ہے۔ میں تمہارے لیے دعا کروں گا۔

پردہ، حیا، حجاب جو بھی نام دے دیں یہ خواتین کا فطری زیور اور زینت ہے جس سے عورت کے حسن میں اضافہ ہوتا ہے۔ عورت تو چمن میں پھول کی طرح ہے اور پھول چمن میں ہی ہرا بھرا اور خوبصورت لگتا ہے۔ لہذا ہم عورتیں گھروں میں باپردہ اچھی لگتی ہیں اور ہمیں حیا کو زندگی کا حصہ بنانا چاہیے تا ہم خاندان اور جماعت کی عزت و آبرو بن کر زندگی بسر کریں۔

(فرخ شاد)

پچھلا پڑھیں

آئیں! ترکی کی سیر پر چلیں

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 دسمبر 2021