• 19 مئی, 2024

رمضان میں کرنے کے کام

  • اپنے رب کو تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے رب کو مَل لیں اور اس کا ہو جائیں اور وہ آپ کا ہو جائے۔
  • اگر شرعی عذر نہ ہو تو روزہ ضرور رکھیں۔ روزے داروں کے لئے جنت میں داخلے کا دروازہ ‘‘ریان’’ ہے۔ اس کے حصول کے لئے دعا بھی کریں۔
  • روزوں کا مقصد قرآن کریم میں ’’لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ‘‘ بیان ہوا ہے۔ لہٰذا تقویٰ اختیار کریں۔
  • اپنی اصلاح نفس کریں۔ حدیث میں ہے فَاحْفَظُوْافِیْہِ اَنْفُسَکُمْ کہ رمضان میں اپنے نفوس کی حفاظت کرو۔
  • آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کے تین عشروں کو بالترتیب رحمت، مغفرت اور آگ سے نجات کا عشرہ قرار دیا ہے۔ اس کے مطابق اپنی زندگیوں کوڈھالیں۔
  • پنجوقتہ نماز ادا کی جائے۔ اگر ممکن ہو تومساجد، نماز سنٹرز میں جاکر نماز باجماعت ادا کریں۔
  • اپنے بچوں کو نماز کے لئے مساجد اپنے ساتھ لے کر جائیں۔
  • روزانہ نماز تہجد کا اہتمام کریں۔ کم از کم 2نفل ضرور ادا کریں۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ میں نے رمضان میں راتوں کا قیام تمہارے لئے بطور سنت چھوڑا ہے۔
  • اپنے اہل و عیال کو بھی تہجد کے لئے بیدار کریں۔
  • حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی تحریک کی تعمیل میں 2نفل روزانہ ادا کئے جائیں۔
  • اللہ تعالیٰ کی عبادات کی ادائیگی اور روزوں کی توفیق پانے پر شکرانے کے نوافل ادا کریں۔
  • روزانہ تلاوت قرآن کریم ہو۔ کوشش کریں کہ کم از کم ایک بارقرآن کادورمکمل ہو۔آنحضورﷺنےفرمایاہے کہ روزے ، قرآن اور آخری روز بندے کے لئے سفارش کریں گے۔
  • مساجد میں نماز فجریا دیگر نمازوں کے بعد درس ہوتوضرور سُنیں۔ بصورت دیگر گھر میں اہل خانہ کے ساتھ نماز باجماعت ادا کر کے درس کو رواج دیں۔
  • نماز عصر کے بعد ایم ٹی اے پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے درس Repeat نشر ہوتے ہیں۔ انہیں سننے کی عادت بنائیں۔
  • اگر آپ کے گھر ایم ٹی اے میسر نہیں تو اس روحانی مائدہ کو ضرور لگوائیں۔حضور انور کے خطبات اور دیگر live پروگرامز ضرور دیکھیں۔
  • تسبیح و تحمید سے اپنی زبانیں تر رکھیں اور استغفار و درود شریف کا کثرت سے ورد کریں۔
  • افطاری و سحری کا وقت دعاؤں میں گزاریں۔ یہ اوقات قبولیت دعا کے ہیں۔ آنحضور ﷺ نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں اہل زمین پر عذاب بھیجنے کا ارادہ کرتا ہوں پھر جب میں اپنے گھروں کو آباد کرنے والوں اور مجھ سے محبت رکھنے والوں اور تہجد پڑھنے والوں اور سحری کے وقت استغفار کرنےوالوں کو دیکھتا ہوں توان کی خاطر میں ان (سب اہل زمین) سے عذاب کو پھیر دیتا ہوں۔ (بحوالہ تفسیر القرطبی)
  • رمضان میں کثرت سے دعائیں کریں۔ ہمارے پیارےامام ایدہ اللہ تعالیٰ اکثر الجزائر، پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا کے احمدیوں کے لئے دعا کی تلقین کرتے ہیں ۔ احمدیت کی ترقی کے لئے دعائیں کی جائیں۔
  • غزوہ بدر بھی رمضان میں ہوئی تھی۔ حضرت مسیح موعود ؑ کو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’بدر کے قصہ کو مت بھولو‘‘۔ اس ناطہ سے تما م امت اور دنیا کے لئے دعا کریں اور یہ بھی دعاکریں کہ اے اللہ !اگر آج تیری عبادت کرنے والے یہ چند لوگ ہلاک ہو جائیں تو تیری عبادت کرنے والے دنیا میں نہ ہوں گے۔
  • کم سونا، کم کھانا، اور کم بولنا صوفیاء کی علامات بیان کی جاتی ہیں اور رمضان ان علامتوں کو اپنانے کا بہترین موقع ہے۔
  • اپنا محاسبہ کرتے ہوئے روزے رکھیں۔
  • جھوٹ، غیبت، جھگڑے، گالی دینے اور غصہ کرنےسے اجتناب کریں۔
  • اپنی بیویوں سے حسن سلوک سے پیش آئیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں جہاں روزوں کا ذکر فرمایا ہے وہاں میاں بیوی کو ایک دوسرے کے لئے ’’لباس‘‘ قرار دیا ہے۔
  • اگر ممکن ہو اور حالات اجازت دیں تو اعتکاف ضرور کریں اور لیلۃ القدر تلاش کریں۔
  • کثرت سے صدقات دیں اور فطرانہ جلد ادا کریں۔
  • فدیہ بھی اگر طاقت ہو تو ضرور دیں۔ حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ روزہ کی توفیق کے لئے فدیہ دینا چاہئے۔
  • غرباء اور مستحقین کی مدد کریں۔
  • عید کے موقع پر غرباء پروری کو رواج دیں۔
  • تحریک جدید اور وقف جدید کے وعدہ جات کی ادائیگی کریں اور عید فنڈ بھی ادا کریں۔
  • حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ رمضان کے آخر ی روز اگر درس القرآن ارشاد دفرمائیں تو اس سے ضرور استفادہ کریں۔
  • آج کل تمام دنیا جان لیوا کرونا وائرس میں مبتلا ہے انسانیت کی حفاظت کے لئے دعا کریں۔
  • اللہ تعالیٰ سب کو اس وباء سے محفوظ رکھے ۔آمین

(ابو سعید)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ (23 ۔اپریل 2020 ء)