اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ خدمت خلق کے میدان میں ہمیشہ صف اول میں شمار ہوتی ہے۔ خدمت انسانیت کے روزانہ بیسیوں قسم کے پروگرام منعقد ہوتے ہیں۔ برکینا فاسو میں جماعت احمدیہ کے زیر انتظام ہسپتال اورآنکھوں کے فری آپریشنز کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی بے شمار مریضوں کو صحت کی سہولت بہم پہنچائی جا رہی ہے ۔خدمتِ خلق کا ایک بہت اہم ذریعہ خون کا عطیہ دینا ہے۔ عطیات خون زندگی بچانے میں ممدو مدد گار ہوتے ہیں۔
جماعت احمدیہ برکینا فاسو ہر سال عطیات خون کےسینکڑوں یونٹ مختلف ہسپتالوں کو دیتی ہے۔برکینافاسو میں خون کا عطیہ کرنے والی تنظیموں میں جماعت احمدیہ صف اول میں شمار ہوتی ہے۔دوران سال ہر ریجن میں عطیات خون کے پروگرام منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ بہت دفعہ ایسا بھی ہوا ہے کہ کسی مقامی ہسپتال کو خون کی ضرورت محسوس ہوئی تو براہ راست جماعت احمدیہ سے رابطہ کیا۔ انہیں یہ یقین ہوتا ہے کہ جماعت احمدیہ کے افراد خدمت خلق کے لئے ہمیشہ تیار رہتے اور جماعتی نظام اتنا منظم اور فعال ہے کہ فوری ایسی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے ۔
مورخہ 30مئی 2021ء کو بانفورا شہرکے خدام نے مقامی ہسپتال کی ضرورت پوری کرنے کے لئے خون کے عطیات دئے۔ کل سترہ خدام نے عطیہ دیا۔ مقامی ہسپتال کی انتظامیہ نے دل کی گہرائیوں سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انتظامیہ نے اس بات کابرملا اظہار بھی کیا کہ جب بھی ہسپتال کو عطیات خون کی ضرورت ہوتی ہے توسب سے پہلے ہماری نظر جماعت احمدیہ کی طرف اٹھتی ہے۔ ہمیں یقین ہوتا ہے کہ افراد جماعت احمدیہ خدمت انسانیت کے جذبے کے تحت ضرور آگے آئیں گے اور ہماری ضرورت پوری ہو جائے گی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جماعت احمدیہ برکینا فاسو کے خدام خدمت خلق کے اس علم کو بلند سے بلند کرتے چلے جائیں۔ ہمارا ہر قدم پہلے سے آگے اٹھنے والا ہو۔ ہماری ہر حالت پہلی حالت سے بہتر ہو۔ خلافت کے زیر سایہ جماعت احمدیہ برکینا فاسو ترقی کی شاہراہوں پر تیز سے تیز تر قدم مارتی چلی جائے۔ خد اتعالیٰ ہماری ہر قربانی کو شرف قبولیت عطافرمائے۔
(رپورٹ: چوہدری نعیم احمدباجوہ ۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن)