• 5 مئی, 2024

سیگو، مالی کے سالانہ فیسٹیول میں بک سٹال

سیگو، مالی کے سالانہ فیسٹیول میں بک سٹال
ہر طرف آواز دینا ہے ہمارا کام آج‏
جس کی فطرت نیک ہے وہ آئے گا انجام کار

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ
’’ہمارے اختیار میں ہو تو ہم فقیروں کی طرح گھر بہ گھر پھر کر خدا تعالیٰ کے سچے دین کی اشاعت کریں اور اس کو ہلاک کرنے والے شرک اور کفر سے جو دنیا میں پھیلا ہوا ہے لوگوں کو بچائیں اور اس تبلیغ میں زندگی ختم کر دیں خواہ مارے ہی جاویں۔‘‘

(ملفوظات جلد سوم صفحہ 391)

اپنے پیارے امام کی اس ہدایت اور طرز عمل کو اپناتے ہوئے دنیا بھر میں پھلے ہوئے احباب جماعت انفرادی اور اجتماعی طور پر تبلیغ کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں۔ تبلیغ کے مختلف ذرائع میں ایک اہم ذریعہ جماعتی کتب کے ااسٹال لگانا ہے جن سے جماعت احمدیہ کا مثبت تعارف لوگوں تک پہنچانے میں بہت مدد ملتی ہے۔

ہر سال ماہ فروری کے آغاز میں مالی کے شہر سیگو میں ایک صنعتی اور ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جا تاہے جس میں مالی کے مختلف علاقوں کے علاوہ ہمسایہ ممالک سے بھی لوگ آکر اس فیسٹیول میں اپنے اسٹال لگاتے اور شرکت کرتےہیں۔ امسال اس فیسٹیول کا انعقاد یکم تا 7فروری 2022 کو کیا گیا ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کو بھی اس فیسٹیول میں بک اسٹال لگانے کی توفیق ملی۔

جماعت کا اسٹال فیسٹیول کی مرکزی جگہ پر تھا جس کوخوبصورت بینرز سے سجایا گیا تھا ۔ جماعتی اسٹینڈ پر قرآن کریم کے فرنچ زبان میں ترجمہ کے علاوہ فرنچ،عربی و انگریزی زبان میں کتب رکھی گئی تھیں۔ ان کتب میں قاعدہ یسرنا القرآن، نماز کی کتاب ،صداقت حضرت مسیح موعودؑ، اسلامی اصول کی فلاسفی، حیاتِ محمدﷺ، کشتی نوح، مسیح ہندوستان میں نیز اسلام امن کا مذہب، القول الصریح فی ظہور المسیح و المہدی خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ بہت سارے افراد نے فرنچ اور عربی زبان میں ترجمہ شدہ کتب کو خریدا۔ جماعت کی شائع شدہ نماز کی کتاب اور قاعدہ یسرناالقرآن بھی لوگوں نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء کی آویزاں تصاویر بھی فیسٹیول کے دوران لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں اور جماعت احمدیہ کے تعارف کا باعث بنیں۔ جماعتی اسٹال کے ذریعہ سے فیسٹیول میں آنےافراد کے درمیان مختلف موضوعات پر شائع شدہ فرنچ زبان کے 2000 سے زائد جماعتی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ اس بک اسٹال کے ذریعہ ایک محتاط اندازے کے مطابق بیس ہزار کے قریب افراد تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔

اس فیسٹیول کے دور ان لوگوں کی راہنمائی، اسلام اور جماعت احمدیہ سے متعلق سوالات کے جواب دینے کے لئے مکرم تاثیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ سیگو ریجن کے ہمراہ مقامی معلمین جو مقامی زبان بمبارا، فرنچ اور عربی زبان پر عبور رکھنے والے ہیں صبح سے لے کر رات گئے تک مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی پر موجود رہے۔ اس کے علاوہ خدام بھی معاونت کے لئے ہمہ وقت موجود تھے۔

آخر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ وہ اس مساعی کو قبول کرے اور خلافت احمدیہ کی راہنمائی میں جوتبلیغی مساعی دنیا بھر میں جاری ہیں ان کے نہایت ہی اعلیٰ شیریں ثمرات ہمیں عطا ہوں۔ آمین

(احمدبلال مغل۔مبلغ سلسلہ مالی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 فروری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ