• 19 اپریل, 2024

ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی سولہویں مسجد کا افتتاح

ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی
سولہویں مسجد کا افتتاح

موٴرخہ 14؍جنوری 2023ء کو اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو میکولوگاؤں میں ملک کی 16ویں مسجد ’’بیت طاہر‘‘ کے افتتاح کی توفیق دی۔

میکولوگاؤں (Micolo) دارالحکومت ساؤتومے سے شمال میں تقریباً 12 کلومیٹر دورساحل سمندر پر واقع ہے اور اس گاؤں کی کل آبادی تقریباً 500 نفوس پر مشتمل ہے۔2011ء میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے سابق مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت ساؤتومےمکرم و محترم انوارالحق صاحب کے ذریعے یہاں جماعت کا پودالگا۔اس مسجد کی تعمیر کا خرچ مکرمہ طاہرہ صدیقہ صاحبہ یوکے کی طرف سے ادا کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ ان کے اموال و نفوس میں بےانتہا برکت دے۔ آمین

یہ مسجد 8میٹر چوڑی اور 9 میٹر لمبی ہے جس میں 90 افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔ 14؍ جنوری 2023ء افتتاْح کی تاریخ مقرر ہوئی۔ خدام،انصار،لجنہ و ناصرات میکولونے مسجد کے ارد گرد کے علاقہ کی صفائی کی۔

پروگرام افتتاح

14؍جنوری صبح 10بجے میکولو جماعت کے تمام احباب نے مہمانوں کا نعرہ تکبیر اور جماعت احمدیہ زندہ باد لگا کر استقبال کیا۔

تلاوت قرآن پاک مکرم سلیمان یوسف صاحب معلم سلسلہ نے کی۔ مکرم فریڈرونالڈو صاحب نے نظم ’’ہے دست قبلہ نما‘‘ بہت ہی خوبصورت آواز کے ساتھ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب جماعت میکولومکرم ننینی صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ لوکل مشنری مکرم عبداللہ رودریگیز صاحب نے جماعت کو مسجد آباد رکھنے کی تلقین کی۔

ریجنل مبلغ گوادالوپ مکرم صداقت احمد طاہرصاحب نے مسجد اور نماز کی اہمیت کے حوالے سے چند نصائح کیں۔ آخر پر خاکسار انصر عباس مبلغ انچاج و صدر جماعت ساؤتومے نے تمام احباب جماعت کو مسجد اور خلافت سے محبت کے حوالہ سے نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں16جماعتوں سے 90 احباب شامل ہوئے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ یہ مسجد نمازیوں سے بھر جائے اور جماعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔ آمین

(انصر عباس۔ نمائندہ الفضل ساؤ تومے اینڈ پرنسپ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی