• 20 اپریل, 2024

مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کا سالانہ اجتماع

مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کے پندرہویں سالانہ اجتماع کا انعقاد مورخہ 21 تا 23 فروری 2020ء بوبو جلاسو میں ہوا۔ برکینا فاسو میں جماعت احمدیہ کی ذیلی تنظمیوں کی سرگرمیاں سارا سال جاری رہتی ہیں ۔ عام طور پر ذیلی تنظیموں کے اجتماعات بستان مہدی میں منعقد ہوتے ہیں ۔ بستان مہدی جماعت کی جلسہ گاہ ہے جہاں سہولت کے ساتھ اجتماع ہو سکتا ہے ۔ تاہم ریجن کے انصار کی تربیت اور اجتماع کی تیاریوں میں سے گزارنے کے لئے فیصلہ کیا گیاتھا کہ امسال انصار کا اجتماع بوبو جلاسو ریجن میں منعقد ہو۔

اجتماع سے دو دن قبل دورو نزدیک سے انصار کے وفود پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ اجتماع کے لئے بوبو جلاسو شہر میں ایک وسیع احاطہ حاصل کیا گیا جس میں قیام وطعام ،اجتماع گاہ، علمی و ورزشی مقابلہ جات کروانے اور دیگر ضروریات کے لئے وسیع جگہ میسر تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینا فاسو کے چودہ ریجن سے انصار نے اجتماع میں شمولیت اختیار کی۔ دور دراز علاقوں سے اور ان علاقوں سے بھی اجتماع میں شامل ہوئے جہاں آج کل سیکیورٹی حالات مخدوش ہیں اور عام طور پر سفر محفوظ نہیں ۔اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔

انصار نے مل کر محنت کے ساتھ اجتماع گاہ تیار کی ۔ ارد گرد قناتیں اور اوپر سائبان لگا کر ہال تیارکر لیا گیا۔ کسی قدر اونچا پختہ سٹیج بنا بنایا میسر آ گیا تھاجس کی آرائش بینروں کے ساتھ کر لی گئی۔ اس طرح وسیع اورخوبصورت اجتماع گاہ تیار ہو گئی۔

حضور انور کابراہ راست خطبہ و نماز جمعہ

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ آج کل مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوتا ہے۔ اجتماع گاہ میں ایم ٹی اے کا اہتمام کر لیا گیا تھا ۔ چنانچہ خطبہ شروع ہونےسے قبل ہی احباب نظم و ضبط کے ساتھ اپنی جگہ پر بیٹھ چکے تھے۔ حضور انور کا خطبہ جمعہ فرنچ اور جولا زبان میں خطبہ سنا گیا۔ خطبہ ختم ہونے کے بعد مقامی طور پر خاکسار (نعیم احمد باجوہ) نے مختصر خطبہ جمعہ دیا اور نماز پڑھائی۔ خطبہ جمعہ میں انصار اللہ کے مقام و مرتبے کی طرف توجہ دلائی گئی۔

افتتاحی تقریب

جمعتہ المبارک کے روز شام پانچ بجے اجتماع کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔ تلاوت، ترجمہ کے بعد انصار کا عہد دہرایا گیا ۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی ۔مکرم امیر جماعت برکینا فاسو محمود ناصر ثاقب دارلحکومت سے 365 کلومیٹرز کا سفر کرکے اجتماع میں شرکت کے لئے تشریف لائے تھے ۔ آپ نے افتتاحی تقریر کی اور اجتماع کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی۔

معزز مہمانان کرام

اجتماع کی افتتاحی تقریب میں مقامی اتھارٹیز بھی شامل ہوئیں اور انہوں نے انصار کی اس قسم کی سرگرمیوں کو بہت سراہا۔ حکومتی عہدیداران میں گورنر کے نمائندہ کے علاوہ دیگر معززین شامل تھے۔ مہمانوں نے کہا اس قسم کی صحت افزا سرگرمیاں بہت ضروری ہیں۔ جماعت احمدیہ اپنے ممبران کی تربیت کے لئے ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

مقابلہ جات

اجتماع کے دنوں میں کل نو مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن مجید، قاعدہ یسرنا القرآن پڑھنا، حفظ قرآن، مقابلہ نظم اور مقابلہ دینی معلومات شامل تھے، جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں گولہ پھینکنا، سلوسائیکلنگ، گول کرنا اورچمچ پر انڈہ رکھ کر چمچ دانتوں میں دبا کر مقررہ ہدف تک پہنچنا شامل تھے۔ انصار نے جوش و خروش سے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔

نماز تہجد اور درس و تدریس

اجتماع کے دنوں میں با جماعت نماز تہجد اور بعد از نماز فجر درس کا انتظام کیا گیاتھا انصار نےان پروگراموں میں بھر پور شرکت کرکے دعاؤں کی توفیق پائی۔

حفظان صحت پر لیکچر

مکرم ڈاکٹر سعود احمد ناصر نے حفظان صحت پر لیکچر دیا۔ انہوں نے عمدہ انداز میں راہنمائی کی کہ انصار کس طرح احتیاط کر کے متفرق بیماریوں سے بچ سکتے ہیں ۔ اور کس طرح اپنی صحت کا خیال رکھ سکتے ہیں ۔تمام احباب نے اس لیکچر کو بہت سراہا۔

اختتامی تقریب

اجتماع کے آخر پر اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی جناب محمود ثاقب ناصر امیر و مشنری انچارج برکینافاسو تھے۔ تلاوت و ترجمہ کے بعد صدر مجلس انصار اللہ مکرم کابورے سلیمان نے انصار کا عہد دہرایا۔ پھر نظم پیش کی گئی۔ مکرم قائد عمومی صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات ہوئی۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے ورزشی مقابلہ جات کے جبکہ مکرم امیر صاحب برکینا فاسو نے علمی مقابلہ جات کے انعامات تقسیم کئے۔ آخر پر مکرم مہمان خصوصی نے اختتامی تقریر کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرواتے ہوئےحقیقی رنگ میں خلافت کے مدد گار اور انصار بننے کی طرف توجہ دلائی۔ اختتامی تقریر کا تین مقامی زبانوں جولا، مورے اور فل فل دے میں رواں ترجمہ کیا گیا۔

میٹنگ نیشنل مجلس عاملہ

مکرم صدر مجلس نے واپسی سے قبل اپنی عاملہ اور تمام ناظمین علاقہ سے میٹنگ کی اور اگلے سال کے اجتماع اور دیگر اجتماعی سرگرمیوں کی تفصیلات طے کیں ۔ اللہ تعالیٰ مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کو غیرمعمولی ترقیات سے نوازے۔


(چوہدری نعیم احمد باجوہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ