• 20 اپریل, 2024

رپورٹ جلسہ ہائے یوم خلافت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے گنی کے چار ریجنز کی 16 جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کئے گئے اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام جماعتوں میں یہ پروگرام نہایت کامیاب رہے اور ان جلسوں میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی تعداد 5135 اور غیر ازجماعت احباب کی تعداد 125 رہی ان جلسوں میں خلافت کی اہمیت، برکت اور خلیفہ وقت سے محبت بڑھانے اور تعلق پیدا کرکے دعاؤں سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر تقاریر کی گئیں جو کہ احباب جماعت نے بڑی توجہ اور محبت سے سنیں۔

یہاں کناکری میں ہونے والے جلسہ یوم خلافت کی مختصر رپورٹ حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں پیش ہے

مؤرخہ29 مئی 2022 کو کناکری کی مرکزی احمدیہ مسجد بیت الاحد میں جلسہ کا انعقاد ہوا۔ 11 بجکر تیس منٹ پر جلسہ کی کاروائی تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی سورۃ النور کی آیت 55 تا 57 کی تلاوت کی گئی جو کہ عزیزم محمد ماریگا صاحب نے کی اس کے بعد مکرم محمد منیر کمارا صاحب نے ’’خلافت کے امیں ہم ہیں‘‘ نظم خوش الحانی کے ساتھ پیش کی۔ خاکسار نے خلیفہ وقت سے ذاتی تعلق پیدا کرنے اور حضور اقدس کی دعاؤں سے فیض یاب ہونے کیلئے ایک مستقل تعلق پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور ساتھ ہی خلفائے احمدیت اور پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے ذریعہ رونما ہونے والے غیر معمولی معجزات میں سے کچھ کا ذکر کیا۔

اس کے بعد مکرم مامادو ماریگا صاحب نے خلافت کی اہمیت، برکات اور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر نہایت مدلّل تقریر کی جس میں خلافت راشدہ اور آنحضرتﷺ کی پیشگوئی کے مطابق خلافت راشدہ کے بعد شروع ہونے والی جابر بادشاہت کا ذکر کیا اور پھر حضرت مسیح موعودؑ کی آمد اور آپکی رحلت کے بعد قدرت ثانیہ جس کا آنا اٹل اور دائمی تھا کا ذکر کیا اور بتایا کہ خلیفۃ وقت کے ساتھ وفا اور محبت کا تعلق تبھی قائم ہو سکتا ہے جب ہم آپکے احکامات کو سن کر ان پر عمل کریں گے اور جو خلافت کی مرضی ہو اس کے مطابق اپنی مرضیوں کو ڈھال دیں گے تو پھر ہی اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے والے ہونگے۔

آخری تقریر مکرم محمد کبا صاحب نے جماعت احمدیہ مسلمہ میں عظیم نظام خلافت علیٰ منہاج نبوۃ کی مختصر تعریف اور حضرت امیر المؤمنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات جو کہ حضور انور نے مختلف یورپی ایوانوں میں اسلام کی سچائی اور آنحضرتﷺ کی صداقت رحمۃ للعالمین ہونے پر بیان فرمائیں کا ذکر کیا اور خلیفۃ المسیح کی ان مبارک کاوشوں کے نتیجہ میں جو غیروں کے تا ثرات تھے پیش کئے کہ کس طرح حضور اقدس کے خطابات سن کر غیر مسلم عیسائی اکابرین کے خیالات یکسر بدل گئے اور جو غلط تأثرات ان کے دلوں میں اسلام کے متعلق تھے صاف ہو گئے۔ اور بتایا کہ یہ بھی خلافت کی برکات میں سے ایک برکت ہے کہ دین کی تمکنت ان کے مبارک وجود سے ہو گی۔

آخر میں خاکسار نے ان کلمات پر کہ اللہ تعالیٰ جماعت کو ہمیشہ تقوٰی کی راہوں پر چلتے رہنے اور عمل صالح پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ یہ نعمت تا قیامت ہمارے درمیان قائم رہے اور ہم سب کو حقیقی رنگ میں حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا فرمانبردار اور مطیع بنائے جیسا کہ خلیفہ وقت ہم سے چاہتے ہیں۔ دعا کروائی اور جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام تقاریر بہت محنت سے تیار کی گئیں اور احباب جماعت نے بڑی توجہ سے سنیں اور استفادہ کیا۔

جلسہ کا اختتام نماز ظہر و عصر کی ادائیگی پر ہوا آخر میں تمام احباب کو کھانا پیش کیا گیا۔

حضور انور کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی اور سچا عاشق خلافت بنائے اور ان برکات سے نوازے جو خلافت سے وابستہ رہنے سے حاصل ہوتی ہیں۔ آمین

(طاہر محمود عابد۔ نمائندہ الفضل آن لائن گنی کناکری)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ