• 25 اپریل, 2024

سیرالیون مکینی ریجن میں چار مساجد کا افتتاح اور ریجنل جلسہ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مؤرخہ 10؍جون 2021 ء کو سیرالیون مکینی ریجن کی چار جماعتوں کی نئی تعمیر شدہ مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ یہ مساجد بانتی چیفڈم، بمبالی ڈسٹرکت کی جماعتوں موانتی، مکبافت، مکالی اور وورے لائن میں تعمیر کی گئی ہیں۔ ان مساجد کا سنگ بنیاد مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب مبلغ سلسلہ مکینی ریجن نے رکھا تھا اور ان کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔ علاقہ کے ممبرانِ جماعت نے مساجد کی تعمیر میں وقار عمل اور دیگر اشیاء ریت، پتھر کی فراہمی، مزدوروں کو کھانا مہیا کرنے اور رنگ و روغن میں مدد کی۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآءِ۔

ان مساجد کا مسقف احاطہ اور نمازیوں کی گنجائش درج ذیل ہے:

موانتی جماعت مسجد۔ 26×40 فٹ اور نمازیوں کی گنجائش 100
مکبافت جماعت مسجد۔ 25×35 فٹ اور نمازیوں کی گنجائش 75
مکالی جماعت مسجد۔ 30×40 فٹ اور نمازیوں کی گنجائش 100
وورے لائن جماعت مسجد۔ 25×40 فٹ اور نمازیوں کی گنجائش80

الحمد للہ ان تمام مساجد میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ سننے کے لئے سولر سسٹم اور ایم ٹی اے انسٹال کیا گیا ہے۔

ریجنل جلسہ

ان مساجد کے افتتاح کے ساتھ ان چاروں جماعتوں کا ایک جلسہ بھی منعقد کیا گیا اس لئے یہ پروگرام بونکوبانہ جماعت میں رکھا گیا جو ان چار جماعتوں کے وسط میں واقع ہے اور تمام جماعتوں سے ممبرانِ جماعت یہاں جمع ہوئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن 11؍ بجے مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر درجِ ذیل عناوین پر تقاریر ہوئیں۔ مقامِ حضرت مسیح موعود ؑ، جماعت احمدیہ میں مالی قربانی کا نظام، بدرسومات سے اجتناب۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے حاضرین کے سوالوں کے جواب دئے۔

چیفڈم امام نے جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جماعت کے تعلیمی اور ترقیاتی کاموں کو سراہا اور جماعت کے ساتھ دوستی کا اقرار کیا۔

مقامی جماعت نے کھانے کا انتظام کیا اور گائے ذبح کی جو کہ یہاں خوشی کے موقع پر ذبح کی جاتی ہے۔ نمازِ ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد امیر صاحب اور متعدد دیگر احباب جماعت ہر گاؤں میں گئے اور فیتہ کاٹ کر مساجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ (یہ گاؤں قریب قریب واقع ہیں۔)

اس بابرکت پروگرام میں 50؍ سے زائد غیرازجماعت افراد، 14؍ غیر از جماعت امام، 7 ؍ لوکل چیفس، پیراماؤنٹ چیف کے نمائندہ سمیت 900؍ سے زائد احباب نے شرکت کی۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جولائی 2021