• 26 اپریل, 2024

ایک اضافہ

حضرت مستری احمد دین بھیروی ؓ

مکرم عبدالقدوس قمر جاوید ۔لندن یوکے سے مورٔخہ 12نومبر 2021ء کے شمارے میں شائع ہونے والے مضمون بعنوان ’’حضرت مستری احمد دین بھیرویؓ‘‘ کے حوالے سے تحریر کرتے ہیں:
الفضل کے شمارے میں ایک مضمون پڑھنے کا موقع ملا۔ عنوان تھا ’’حضرت مستری احمد دین بھیروی صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ سارا مضمون پڑھنے کی توفیق ملی۔ جزاکم اللّٰہ احسن الجزاء۔

خاکسار اس مضمون میں چند ایک اضافہ جات کروانا چاہتا ہے ایک یہ کہ حضرت مستری احمد دین رضی اللہ عنہ کا نام منارۃ المسیح قادیان دارالامان کے مین دروازہ پر نمبر 36 پر لکھا ہوا ہے۔مضمون میں ان کے صرف دو بیٹوں کا ذکر ہےجبکہ ان کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں تھیں۔ بڑی بیٹی کا نام محترمہ خدیجہ بیگم تھااور تیسرے بیٹے کا نام محترم محمد عبداللہ تھا اور چھوٹی بیٹی کا نام محترمہ فاطمہ بیگم تھا۔اور میں محترمہ خدیجہ بیگم کی اکلوتی بیٹی محترمہ صغریٰ بیگم کا بیٹا ہوں۔

حضرت مستری احمد دین رضی اللہ عنہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خدمت میں درخواست کی تھی کہ اپنی پگڑی عنایت فرمائیں اور ساتھ ہی ایک نئی پگڑی خرید کر بھجوائی تھی۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے از راہ شفقت اپنی پگڑی عطاء فرمائی جس پر میری نانی جان محترمہ خدیجہ بیگم نےاپنے ہاتھ سے کڑھائی کرکے پگڑی ملنے کی تاریخ لکھی تھی۔ وہ مکمل پگڑی ہمارے ایک بھائی کے پاس ربوہ میں موجود ہے اور دفتر کے ریکارڈ میں شامل ہے۔ الحمدللّٰہ۔

میرے دادا جان حضرت حاجی فضل الٰہی بھیروی رضی اللہ عنہ ہیں۔ آپ اور آپ کے دو بھائی اور والد محترم و والدہ محترمہ بھی صحابی تھے. میرے دادا جان کی تصویر ’’مخزن تصاویر‘‘ میں موجود ہے۔

محترم غلام مصباح بلوچ آپ کا بہت بہت شکریہ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی امان میں رکھے آمین ثم آمین ۔

پچھلا پڑھیں

تبلیغی پروگرام اُترخت (ہالینڈ)

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 نومبر 2021