• 26 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم عبد الخالق نیر۔ مبلغ انچارج و نمائندہ الفضل آن لائن کیمرون سے یہ افسوسناک اطلاع بھجواتے ہیں
خاکسار کی والدہ محترمہ سردار بی بی زوجہ مکرم چوہدری نبی بخش (مرحوم) مورٔخہ 27ستمبر 2021ء کو 94 برس کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ پچھلے 8سال سے دل کے عارضے میں مبتلا تھیں۔ سانس کی تکلیف بھی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق وفات نمونیہ کے باعث ہوئی۔

آپ کی پٹھانکوٹ گرداسپور سے ہجرت کے ایک سال بعد 1948ء میں سیالکوٹ میں شادی ہوئی۔ 1949ء میں والد صاحب کے ساتھ قمر آباد ضلع نوشہروفیروز میں احمدیت قبول کی۔ اس طرح خاکسار کے والدین کو ہمارے خاندان میں سب سے پہلے احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک۔ والدہ صاحبہ کا سارا خاندان شیعہ مسلک سے تعلق رکھتا تھا جب ان کو علم ہوا کہ (ہمارے) والدین نے احمدیت قبول کر لی ہے تو محترم نانا جان نے ہماری والدہ صاحبہ سے کہا کہ آپ واپس آجائیں کیونکہ ان کے نزدیک (ہمارے) والد صاحب کافر ہوگئے تھے۔ والدہ صاحبہ نے اپنے والد محترم (نانا جان) سے کہا کہ میں اب صحیح مسلمان ہوئی ہوں ۔آپ کے ہاں میں صرف فجر کی نماز پڑھتی تھی لیکن احمدیت قبول کرنے کے بعد پانچوں نمازیں اور نماز تہجد بھی ادا کرتی ہوں۔

بہت ہمدرد، پیار سے پیش آنے والی اور مہمان نواز تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں اور بہشتی مقبرہ میں تدفین ہوئی۔ نماز جنازہ مکرم کامران ثاقب نے پڑھائی اور تدفین کے بعد دعا محترم ناصر احمد شمس نے کروائی۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور چار بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں ۔دو بیٹے مکرم ڈاکٹر عبد الرحیم اور مکرم انجینئر عبد الرؤف، برمنگھم یوکے میں مقیم ہیں۔

قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ مولیٰ کریم ہماری والدہ محترمہ کی مغفرت فرمائے اور اپنی رحمت کی چادر میں لپیٹ لے۔ آمین۔

(ادارہ الفضل کی طرف سے تعزیت قبول فرمائیں ۔ اللہ آپ کو دیار غیر میں صبر جمیل عطا فرمائے اور آپ کی والدہ کے درجات بلند کرتا رہے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ