• 26 اپریل, 2024

آسٹریلیا کے سالانہ شو میں قرآن کریم کی نمائش

ماؤنٹ گیمبئر آسٹریلیا کے سالانہ شو میں
قرآن کریم کی نمائش اور بک اسٹال کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ساؤتھ کو موٴرخہ 21-22؍اکتوبر کو ماؤنٹ گیمبئر (Mt. Gambier) کے سالانہ شو میں قرآن کریم کی نمائش اور بک اسٹال لگانے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ۔ ماؤنٹ گیمبئرلائم سٹون کوسٹ کا سب سے بڑا جبکہ ساؤتھ آسٹریلیا سٹیٹ کادوسرا بڑا شہر ہے۔ اس شہر کی کل آبادی تیس ہزار کے قریب ہے۔

موٴرخہ 20؍اکتوبر کو احباب جماعت کا پانچ افراد پر مشتمل قافلہ دعا کے بعد خاکسار کی قیادت میں ماؤنٹ گیمبئرکے پانچ گھنٹے کے طویل سفر پر روانہ ہوا اور رات گئےوہاں پہنچا۔ اگلے روز علی الصبح ماؤنٹ گیمبئرشو گراؤنڈ میں پہنچ کر ہم نے گراؤنڈ کے دو مین داخلی دروازوں کے درمیان مارکی کو لگایا۔ جماعتی سلوگنز

Love for all Hatred for None
Muslims for Peace
Muslims for Loyalty

سے مزین مارکی نےشو میں شامل ہونے والے ہر خاص وعام کی توجہ کو اپنی جانب مرکوز کیا۔

نمائش میں قرآن کریم کے دس تراجم، مختلف جماعتی کتب مثلاً لائف آف محمدؐ، اسلامی اصول کی فلاسفی، عالمی بحران اور امن کی راہ، اسلام اور عصر حاضر کے مسائل اورجماعتی تعارف پر مبنی پمفلٹس کو display کیا گیا۔

جمعہ ورکنگ ڈےہونے کے باوجود مقامی لوگوں کی جانب سے بہت مثبت response دیکھنے میں آیا اور وہ کثیر تعداد میں نمائش اور بک اسٹال کو دیکھنے کے لئے تشریف لائے۔

سہ پہر تین بجے کے قریب تیز ہواکے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث شو میں آنے والے لوگوں کی تعداد خاطر خواہ کم ہوگئی۔ بہر حال اس دوران بھی اللہ تعالیٰ نےاپنے فضل سے ہمیں تبلیغ کا موقع فراہم کیا۔ہمارے ساتھ والے اسٹال پر موجود ایک پاکستانی دوست مکرم مشکو رغزالی صاحب ہمارے اسٹال پر تشریف لے آئے۔ موصوف سے ہمارا مختصر تعارف مرے برج (Murray Bridge) میں تبلیغ اسٹال کے دوران ہواتھا۔ ان سے تقریبا ً ڈھائی گھنٹے تک وفات مسیح، ختم نبوت، مسیح کی آمد ثانی،ظہور امام مہدی اور دوسرے عقائد پر بات ہوئی، جس سے ان کے جماعت احمدیہ کے بارے میں قائم بہت سے غلط تصورات کو دور کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ۔ بارش کی وجہ سے موصوف کا اسٹال بہت متاثرہوا تھا تو گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ دعاکریں کہ بارش رک جائے اور لوگ آنا شروع ہوجائیں۔ خاکسار نے ان کو رسماً کہا کہ فکر نہ کریں مسیح و مہدی کی برکت سے آپ کے اسٹال میں بہت برکت پڑے گی۔ ان شاءاللّٰہ۔
دوسرے روز اللہ تعالیٰ کے فضل سے موسم بہت خوشگوار ہو گیا اور weekend ہونے کی وجہ سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شو گراؤنڈ کا رخ کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمارا اسٹال بھی بہت مصروف رہا اور مقامی لوگوں سےآزادی مذہب، مسیح کی آمد ثانی، بعث بعد الموت،اسلام میں عورتوں کےحقوق، جہاد و یگر موضوعات پر تفصیلی گفتگوہوئی۔

ایک آسٹریلین دوست اسٹال پر تشریف لائے اور گفتگو کے دوران معلوم ہواکہ وہ عیسائیت کے مختلف فرقوں سے مایوس ہو کراب حق کی تلاش میں ہیں۔سن دوہزار کی دہائی میں ان کو کسی اسلامی ملک میں serve کرنے کا موقع ملا تھا جہاں انہیں مسلمانوں کو قریب سے دیکھنے کا مو قع ملا اور اسی طرح وہ اسلام کے فیملی سسٹم سے بھی بہت متاثرتھے۔موصوف نے قرآن کریم میں بہت دلچسپی ظاہر کی جس پر ان کو قرآن کریم مع انگلش ترجمہ اور اسلامی اصول کی فلاسفی کتاب پڑھنے کے لئے دی گئی۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے مسیح و مہدی کی لاج رکھتے ہوئےمکرم مشکور صاحب کے اسٹال میں بے انتہا برکت ڈالی اور ان کا تقریباً تما م سٹاک فروخت ہوگیا۔ موصوف نے اس معجزے کا کسی حد تک اقرار بھی کیا۔ بہر حال یہ واقعہ تمام احباب جماعت کے لئے ازدیاد ایمان کا موجب ضرور بنا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ

قرآن کریم کی نمائش اور بک اسٹال کےدوران کل 59 کتب فروخت/تحفۃً تقسیم کی گئیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

قرآن کریم:8

اسلامی اصول کی فلاسفی:10

لائف آف محمدؐ :6

عالمی بحران اور امن کی راہ:5

ریویو آف ریلیجن:15

منتخب قرآنی آیات:3

منتخب احادیث:4

Distinctive features of Islam:8

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرآن کریم کی نمائش اور بک اسٹال بہت کامیاب رہا اور محتاط اندازے مطابق تقریباًبارہ ہزار لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

(رپورٹ:عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ آسٹریلیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 18)