• 20 اپریل, 2024

جلسہ سیرت النبیؐ جماعت احمدیہ لٹویا

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ لٹویا کو 15؍ اکتوبر2022ء کو لٹویا (Latvia) کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ رات 8:00 بجے خاکسار (بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویا) کی زیر صدارت شروع ہوا۔ جلسہ سے قبل نماز مغرب وعشاء جمع کرکے ادا کی گئیں۔

جلسہ سیرت النبیﷺ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔مکرم توقیر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم جماعت لٹویا نے سورة الاحزاب کی آیات 22-25 کی تلاوت اور اُن کا انگریزی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم مزمّل احمد خان صاحب جنرل سیکرٹری جماعت لٹویا نے حضرت ڈاکٹر میر محمد اسمٰعیلؓ صاحب کی نظم ’’بدرگاہ ذیشان خیرالانام‘‘ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کرسنائے اور اُن کا انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔اس کے بعدتقاریر کا آغاز ہوا اور4تقاریر کی گئیں۔

پہلی تقریر مکرم جاذب احمد شاہدصاحب صدر خدّام الاحمدیہ لٹویاکی تھی۔ آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’آنحضورﷺامن اور صُلح کے نبی‘‘۔ اس تقریر کے دو حصّے تھے۔ مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال جماعت لٹویا نے اس تقریرکے دوسرے حصّے کو پیش کرتے ہوئے سیرت رسولﷺ کے بعض اور پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ آج کے اجلاس کی تیسری تقریر مکرم مرغوب احمد صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت جماعت لٹویا کی تھی جس کا موضوع تھا ’’توہین رسالت پر پیغمبر اسلامﷺ کا ردّعمل۔‘‘

آج کے اجلاس کی آخری تقریر خاکسار کی تھی۔ خاکسار کی تقریر کا عنوان تھا ’’آنحضورﷺ سے محبت اور درورد شریف کی اہمیّت۔‘‘ خاکسار نے قرآن کریم، احادیث نبویؐ اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السّلام کے بعض اقتباسات پیش کرکے اس موضوع کی اہمیت کو واضح کیا۔ اس کے ساتھ ہی خاکسار نے جلسہ میں شامل ہونے والے اور جلسہ کا انتظام کرنے والے تمام خواتین وحضرات کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ ہمارے جلسہ میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایک احمدی اور ایک غیراحمدی مسلمان بھائی بھی شامل ہوئے تھے اس لئے جلسہ کی ساری کاروائی انگریزی زبان میں ہی پیش کی گئی۔

دعا کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس مبارک جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ کھانا صدر صاحبہ لجنہ جماعت لٹویا اور اُن کی ٹیم نے مشن ہاؤس میں ہی تیار کرنے کی توفیق پائی۔ فجزاھم اللّٰہ جمیعًا

آج کے جلسہ میں لٹویا جماعت سے (1) ناصر کے علاوہ (10) خدّام، (4) لجنہ، (1) بچہ اور (1) سری لنکن مہمان شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ مکرم احمد فراز صاحب مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لتھوانیا، مکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ لتھوانیا اور لتھوانیا جماعت سے آئے ہوئے (2) خدّام مکرم باسل احمد سیّد صاحب اور مکرم ابراہیم زکّی صاحب بھی ہمارے جلسہ سیرت النبیﷺ میں رونق افروز تھے۔ اس طرح کل حاضری (22) رہی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو بے شمار ترقیات سے نوازے اور لٹویا جماعت کی رونقیں بڑھاتا چلا جائے۔

(رپورٹ:بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لٹویا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 18)