• 7 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 14؍دسمبر 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہراپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ ثریا جاہ صاحبہ اہلیہ مکرم ملک محمد خان صاحب مرحوم (پرلی ۔یوکے)

11؍دسمبر 2022ء کو 89 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت حاجی محمد موسیٰ صاحب رضی اللہ عنہ (نیلا گنبد والے) کی نواسی تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، دیندار، صاف گو اور خلافت کے ساتھ اخلاص کا تعلق رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ چندوں میں بڑی باقاعدہ تھیں ۔آپ کو عمرہ کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ مرحومہ 1/8حصہ کی موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اورایک بیٹی اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ مرحومہ ڈینٹل ڈاکٹر مکرم حامد محمود صاحب (آف یوکے) کی والدہ تھیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم شیخ سعید احمد صاحب (ضلعی امیر کھمم صوبہ تلنگانہ۔انڈیا)

14؍اکتوبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے 1984ء سے لے کر 2019ء تک مسلسل جماعت کاسریہ پہاڑ کے صدر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ علاقہ میں تبلیغی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے ۔کئی نئی جماعتیں قائم ہونے میں ان کی کوششیں بھی شامل تھیں۔ مرحوم ایک مخلص احمدی تھے۔ نرم خو، مہمان نواز ، سنجیدہ طبع اور کئی خوبیوں کے حامل نیک انسان تھے۔ چندہ جات میں بڑے باقاعدہ تھے اور وقت سے پہلے ادائیگی کرتے تھے ۔مرحوم موصی تھے۔

-2 مکرم ایم نظام الدین صاحب (معلم سلسلہ کڈیا نلور صوبہ تامل ناڈو۔انڈیا)

12؍اکتوبر 2022ء کو 55 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ اپنے خاندان میں پہلے احمدی تھے۔ گھر والوں کی شدید مخالفت کے باوجود آپ ثابت قدم رہے۔ 36 سال کی عمر میں 2003ء میں زندگی وقف کرکے جامعۃ المبشرین قادیان میں چھ ماہ کا عارضی معلم کا کورس مکمل کیا اور مختلف جماعتوں میں بطو رمعلم سلسلہ خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم تعلیم القران کی کلاسیں لیتے اوربڑی حکمت کے ساتھ تبلیغ کرتے تھے۔ دس سال سے زائد عرصہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ کا تامل زبان میں ترجمہ کرتے رہے۔ تبلیغی و تربیتی امور پراچھی تقریر کرنے کا انہیں ملکہ حاصل تھا۔ ہمیشہ چہرہ پر مسکراہٹ ہوتی تھی۔ بہت اطاعت گزار تھے ۔ہمیشہ مخلصانہ خدمت کرتے رہے۔ مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور ایک نواسا شامل ہیں۔

-3 مکرمہ سیدہ صالحہ بیگم صاحبہ بنت مکرم سید یوسف شاہ صاحب کشمیری مرحوم (اسلام آباد۔کشمیر ۔انڈیا)

11؍جولائی 2022ء کو 87سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود ؑ کے صحابہ حضرت سید سیف اللہ شاہ صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی اور حضرت سید محمود عالم صاحب رضی اللہ عنہ (آف صوبہ بہار) کی نواسی تھیں۔ مرحومہ عبادت گزار، تقویٰ شعار، دلیر، ہمدرد اور ایک نیک فطرت خاتون تھیں۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا۔ حضرت مسیح موعود ؑ کی کتب کا مطالعہ کثرت سے کرتی تھیں۔ گھر میں ایک لائبریری بنائی ہوئی تھی۔ خلافت سے اخلاص ووفا کا گہر اتعلق تھا۔ مقامی سطح پر لجنہ کی سیکرٹری مال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔پیشہ کے لحاظ سے ٹیچر تھیں۔ آ پ کو حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-4 مکرم رانا محمد سلیم خان صاحب (آف کریام۔حال لاہور)

30؍اکتوبر 2022ء کو 85سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، دعا گو، سب کا خیال رکھنے والے ایک مخلص اور نیک دل انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-5 مکرم شیخ وحید احمد فرید صاحب (دنیا پور ضلع لودھراں)

18؍نومبر 2022ء کو 53سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم خدمت دین اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، ایک بےضرر اور نیک انسان تھے۔ جماعتی عہدیداروں اور واقفین زندگی کا احترام اور ان کی مہمان نوازی کرنا ان کا ایک خاص وصف تھا ۔ مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں والدین کے علاوہ اہلیہ اور دو بھائی اور ایک بہن شامل ہیں ۔آپ کی بہن مکرم عامر فہیم صاحب زونل مشنری غانا کی اہلیہ ہیں۔آپ کے ایک بھتیجے عزیزم شیخ تفرید احمد جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ہیں۔

-6 مکرم باسل احمد صاحب (مربی سلسلہ۔ربوہ)

2؍نومبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ کچھ عرصہ قبل گردے خراب ہونے کی وجہ سے ان کے ڈائیلائسز ہوتے رہے ۔پھر اچانک دماغی شریان پھٹ گئی جو وفا ت کا باعث بنی۔ مرحوم ہر دل عزیز تھے ۔خلافت سے بہت محبت تھی ۔فرائض کی ادائیگی احسن رنگ میں کرتے تھے ۔ بڑوں کا احترام کرنے والے اور بچوں سے پیار اور شفقت سے پیش آنے والے تھے۔تنظیمی کاموں اور خدمت خلق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ۔اپنی بیماری کو اپنے اوپر غالب نہ آنے دیتے تھے۔ ہر حال میں خداتعالیٰ کی رضا پر راضی رہنے والے اور اس کا شکر ادا کرنے والےایک نیک فطرت انسان تھے۔

-7 مکرمہ زرینہ رضا صاحبہ اہلیہ مکرم سید محمد رضا بسمل صاحب (کراچی)

25؍نومبر 2022 کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود ؑ کے صحابی حضرت منشی رحیم بخش رضی اللہ عنہ کی پڑپوتی تھیں جنہوں نےحضرت ڈاکٹر عبد الستار صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ قادیان جاکر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کی تھی۔ مرحومہ سادہ مزاج ،نیک دل ،دعا گو ،ملنسار، مہمان نواز اور درویش صفت خاتو ن تھیں۔ نہایت کفایت شعار تھیں۔ خلافت سے بہت پیار اور وفا کا تعلق تھا۔ آپ کو بحیثیت صدر حلقہ لجنہ اماء اللہ بلدیہ ٹاون کراچی خدمت کی توفیق ملی اور لمبا عرصہ تک وہاں سیکرٹری مال کی حیثیت سے بھی خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں ۔آپ کی دونوں بیٹیاں واقف زندگی مربیان سے بیاہی ہوئی ہیں۔ ایک بیٹی اپنے میاں کے ساتھ افریقہ کے ملک مالی میں خدمت بجالانے کی وجہ سے والدہ کی وفات پر حاضر نہیں ہوسکیں۔

-8 عزیزم عبد الحئی ابن مکرم مظفر احمد قمر صاحب (ربوہ)

16؍اکتوبر 2022ء کو برین ہیمبرج کی وجہ سے 22 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم وقف نو کی تحریک میں شامل تھے۔ باجماعت نماز وں کے پابند ، قرآن کریم کی خوش الحانی سے روزانہ تلاوت کرتے، سچ پر کاربند، صابر وشاکر، بہت بہادر اور ایک سعادت مند نوجوان تھے۔ سکول میں بڑی محنت اور ذہانت سے اپنی پڑھائی مکمل کی۔ علمی وورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیتے اور نمایاں پوزیشن حاصل کرتے تھے۔بڑوں سے ادب سے پیش آتے اور چھوٹوں سے شفقت کا سلوک کرتے تھے۔چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ تھے۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی