• 27 اپریل, 2024

بہتان طرازی اور الزام تراشی کی شناخت اور اس کی اشاعت سے اجتناب کا حکم

بہتان طرازی اور الزام تراشی کی شناخت اور اس کی اشاعت سے اجتناب کا حکم         

دین اسلام ایک  پاکیزہ  وشائستہ،نظیف ونفیس اورمہذب و متمدن مذہب ہے۔جوتمام ادیان سے اعلیٰ و افضل اوربالا وبرترہے۔اس پاک دین کے ماننے والوں پرایک ذمہ د اری عائد ہوتی ہے کہ وہ  اس دین کی تقدسیت اور پاکیزگی کواپنے حسن عمل اور پاکیزہ اخلاق سے بھی ثابت کریں کیونکہ یہی اسلام اور بانیٔ اسلامﷺ کی تعلیمات ہیں کہ روحانی و جسمانی نفاست و نظافت کوہر مسلمان اپنا شعار بنائے تاکہ اخلاقی گراوٹوں اورگناہوں سےپاک ایک پُرامن اسلامی معاشرے کا قیام ہوسکے۔

روحانی  و معاشرتی پاکیزگی کےلیے اللہ تعالیٰ نے جن گناہ کبیرہ سے منع فرمایا ہے ان میں سے ایک بڑا گناہ بہتان طرازی اورالزام تراشی ہے۔دورحاضر میں سوشل میڈیا کے ذریعہ جہاں روابط میں آسانی اورتعلقات عامہ کادائرہ وسیع ہوگیا ہے وہاں الزام تراشی اور بہتان بافی کی وبا بھی معاشرہ میں عام ہوچکی ہے۔فضول بات کو تحقیق اور چھان بین کے بغیر اس قدر پھیلا دیا جاتا ہے کہ ہر کس و ناکس اس پر تبصرہ کررہا ہوتا ہے خواہ اس کی بنیاد کوئی نہ بھی ہو۔حالانکہ اللہ تعالیٰ نے مومنین کوقرآن کریم  میں جہاں سورة المومنون کے آغاز میں لغو سے اعراض کا حکم دیا ہے وہاں سورة الحجرات میں  بڑا واضح حکم یہ دیا ہے کہ

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنْ جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَأٍ فَتَبَيَّنُوا

(الحجرات: 7)

اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! تمہارے پاس اگر کوئى بدکردار کوئى خبر لائے تو (اس کى) چھان بىن کرلىا کرو۔

اس آیت کریمہ میں ہرسنی سنائی بات پر بغیر تصدیق وتحقیق مان لینے اور اس کو اہمیت دے کر پھیلانے سے منع فرمایا گیا ہے۔اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اس کا نتیجہ بھی اللہ تعالیٰ نےاس آیت کے اگلے حصہ میں  بیان فرمادیا ہے کہ أَنْ تُصِيبُوا قَوْمًا بِجَهَالَةٍ فَتُصْبِحُوا عَلَى مَا فَعَلْتُمْ نَادِمِينَ (الحجرات: 7) ، اىسا نہ ہو کہ تم جہالت سے کسى قوم کو نقصان پہنچا بیٹھو پھر تمہیں اپنے کئے پر پشىمان ہونا پڑے۔

 رسول اللہﷺنے آدمی کے جھوٹا اور گنہگارہونے کی ایک کافی نشانی یہ بیان فرمائی ہے کہ وہ سنی سنائی بات کو آگے بیان نشرکرتاپھرتا ہے۔حضرت ابوہریرةؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

«كَفَى بِالْمَرْءِ كَذِبًا أَنْ يُحَدِّثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ

(صحیح مسلم  بَابُ النَّهْيِ عَنِ الْحَدِيثِ بِكُلِّ مَا سَمِعَ)

یعنی کسی شخص کےجھوٹاہونے کے لئے یہ بات کافی ہے کہ وہ ہرسنی سنائی بات لوگوں میں بیان کرتا پھرے۔

دوسری روایت میں ہے: كَفَى بِالْمَرْءِ إِثْمًا أَنْ يُحَدِّثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ

(سنن ابوداؤد کتاب الادب بَابٌ فِي التَّشْدِيدِ فِي الْكَذِبِ)

یعنی کسی شخص کے گناہگارہونے کے لئے یہ بات کافی ہے کہ وہ ہرسنی سنائی بات لوگوں میں بیان کرتا پھرے۔

شارح صحیح مسلم علامہ نوویؒ (متوفی:676ھ) فرماتے ہیں:

’’الْإِنْسَانُ فَإِنَّهُ يَسْمَعُ فِي الْعَادَةِ الصِّدْقَ وَالْكَذِبَ فَإِذَا حَدَّثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ فَقَدْ كَذَبَ لِإِخْبَارِهِ بِمَا لَمْ يَكُنْ‘‘

(شرح النووي على مسلم جزء1 صفحہ75)

معمول میں انسان سچی (صحیح) اور جھوٹی (غلط) دونوں قسم کی باتیں سنتا ہے تو جب وہ ہرایسی سنی سنائی بات کو بیان کرے جن کی کوئی حقیقت ہی نہ ہو تو وہ جھوٹ بولتا ہے۔​

پس یہ احادیث بے بنیاد الزام تراشی اور بہتان باندھنے کی نفی  کی بیّن دلیل ہیں۔بانیٔ اسلامﷺ نے معاشرتی اصلاح کےلیے ان کی شناعت و قباحت کا ذکر کرکے اس سے اجتناب کا حکم دیا ہے۔

بہتان  اور غیبت میں فرق:

بہتان بازی یا افتراء پردازی ایسا نازک مسئلہ ہے کہ بعض اوقات انسان کو اس کا ادراک ہی نہیں ہوتا کہ وہ اس گناہ کا مرتکب ہورہا ہے اور اپنی دانست میں وہ کسی کی عدم موجودگی میں اس کے متعلق کی گئی بات کواظہار حقیقت امر سمجھتے ہوئےکررہا ہوتا ہے۔ اس لیے رسول اللہﷺ نے اس کا فرق بھی بڑی صراحت سے بیان فرما دیا۔ چنانچہ حضرت ابوہریرةؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہﷺ نے ایک روز صحابہؓ سے دریافت فرمایا:

’’«أَتَدْرُونَ مَا الْغِيبَةُ؟» قَالُوا: اللهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ، قَالَ: «ذِكْرُكَ أَخَاكَ بِمَا يَكْرَهُ» قِيلَ أَفَرَأَيْتَ إِنْ كَانَ فِي أَخِي مَا أَقُولُ؟ قَالَ: «إِنْ كَانَ فِيهِ مَا تَقُولُ، فَقَدِ اغْتَبْتَهُ، وَإِنْ لَمْ يَكُنْ فِيهِ فَقَدْ بَهَتَّهُ»‘‘

(مسلم کتاب البر والصلة والآداب بَابُ تَحْرِيمِ الْغِيبَةِ)

کہ تمہیں معلوم ہےکہ  غیبت کیا ہوتی ہے ؟ صحابہ ؓ نے عرض کیا کہ اللہ اور اس کا رسول ؐ ہی بہتر جانتے ہیں ۔ آپؐ نےفرمایا: کہ تمہارا اپنے بھائی کا اس رنگ  میں ذکر کرنا جسے وہ پسند نہ کرتا ہو ۔عرض کیا گیاکہ اگر وہ بات جو کہی گئی ہے سچ ہو اور میرے بھائی میں وہ بات موجود ہوتب بھی یہ غیبت ہوگی؟ آپﷺ نے فرمایا اگر وہ عیب اس میں پایا جاتا ہے جس کا تو نے اس کی پیٹھ پیچھے ذکر کیا ہے تو یہ غیبت ہے اور اگر وہ بات جو تو نے کہی ہے اس میں پائی ہی نہیں جاتی تو یہ اس پر بہتان ہے۔

حضرت خلیفة المسیح الثانیؓ فرماتے ہیں:
’’غیبت کے متعلق بعض لو گوں میں یہ غلط فہمی پا ئی جاتی ہے کہ اگر کسی کا کوئی سچا عیب اس کی عدم موجو دگی میں بیان کیا جائے تو وہ غیبت میں داخل نہیں ہوتا۔ ہا ں اگر جھوٹی بات کی جائے تووہ غیبت ہوتی ہے حا لانکہ یہ صحیح نہیں۔ غیبت کا اطلا ق ہمیشہ ایسی سچی بات پر ہوتاہے جو کسی دوسرے کو بدنام کرنے کے لئے اس کی غیر موجودگی میں بیان کی جائے اگر جھوٹی بات بیان کی جائے گی تو وہ غیبت نہیں بلکہ بہتان ہو گا۔‘‘

(تفسیر کبیر جلد9 صفحہ579)

لغت عرب میں بہتان کے معانی:

بہتان ’’بھت‘‘ سے ہے جس کے معنی ہیں کہ کسی کے بارہ میں ایسی بات کہی جائے جو اس نے کی ہی نہ ہو۔بہتان سے مراد افتراء بھی ہے۔

(لسان العرب جزء2 صفحہ12)

امام راغب اپنی مفردات میں اس کے معنے یوں لکھتے ہیں:
بھت کے معنی ہیں  حیران وششدر ہوکر مبہوت ہوجانا۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے: هذا بُهْتانٌ عَظِيمٌ (النور:17)  یعنی ایسا جھوٹ جسے سننے والا حیرت زدہ اور حیران و ششدر ہوکر مبہوت ہوجائے۔

 (مفردات امام راغب جزء1صفحہ148)

قرآن کریم میں ’’بُهْتانٌ‘‘ کا لفظ بطور اسم چھ د فعہ استعمال ہوا ہے۔ سورة النساء میں تین دفعہ جس میں سے ایک دفعہ آیت157میں حضرت مریمؑ پر بہتان کا ذکر ہے، سورة النور میں آیت17میں واقعہ افک کے موقع پر اور سورة الاحزاب آیت 59 میں  مومنین اور مومنات کو ایذاء دینے کے ضمن میں اور پھر سورة الممتحنة کی آیت 13 میں جہاں رسول اللہﷺ کو مومنات کی بیعت لیتے وقت کسی پر جھوٹا الزام نہ لگانے پر بھی بیعت لینے کا حکم ہے۔

بہتان طرازی اور الزام تراشی کی شناعت و قباحت:

کسی بے گناہ پر بہتان باندھنا اشاعت فحشاء کے زمرہ میں ہی آتا ہے جس کے بارہ میں  اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

إِنَّ الَّذِينَ يُحِبُّونَ أَنْ تَشِيعَ الْفَاحِشَةُ فِي الَّذِينَ آمَنُوا لَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَاللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ

(النور 20)

ىقىناً وہ لوگ جو پسند کرتے ہىں کہ ان لوگوں مىں جو اىمان لائے بے حىائى پھىل جائے اُن کے لئے دردناک عذاب ہوگا دنىا مىں بھى اور آخرت مىں بھى اور اللہ جانتا ہے جبکہ تم نہىں جانتے ۔

اوراشاعت فحشاء کا حکم کون دیتا ہے؟شیطان۔اور شیطان کے قدموں پر چلنے سے اللہ تعالیٰ نے منع فرمایا:

وَلَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ إِنَّهُ لَكُمْ عَدُوٌّ مُبِينٌ ۔ إِنَّمَا يَأْمُرُكُمْ بِالسُّوءِ وَالْفَحْشَاءِ وَأَنْ تَقُولُوا عَلَى اللَّهِ مَا لَا تَعْلَمُونَ

(البقرة: 169-170)

اور شىطان کے قدموں کے پىچھے نہ چلو ىقىناً وہ تمہارا کھلا کھلا دشمن ہے ۔ ىقىناً وہ تمہىں محض برائى اور بے حىائى کى باتوں کا حکم دىتا ہے اور ىہ کہ تم اللہ کے خلاف اىسى باتىں کہو جن کا تمہىں کوئى علم نہىں۔

رسول اللہﷺ نے بہتان باندھنے کو کبائرگناہ  میں شامل کرتے ہوئے فرمایا:

’’خَمْسٌ لَيْسَ لَهُنَّ كَفَّارَةٌ: الشِّرْكُ بِاللهِ، وَقَتْلُ النَّفْسِ بِغَيْرِ حَقٍّ، أَوْ بَهْتُ  مُؤْمِنٍ، أَوِ الْفِرَارُ يَوْمَ الزَّحْفِ، أَوْ يَمِينٌ صَابِرَةٌ يَقْتَطِعُ بِهَا مَالًا بِغَيْرِ حَقٍّ ‘‘

(مسند أحمد جزء14 صفحہ351)

پانچ اعمال ایسے ہیں جن کا (سچی توبہ کے علاوہ) کوئی کفّارہ نہیں: اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرانا، کسی کو ناحق قتل کرنا، کسی مومن پر بہتان لگانا، دوران جہاد پیٹھ پھیر کر فرار ہونا ،جھوٹی قسم سے کسی کا مال ناحق ہڑپ کرنا ۔

اسی طرح  محصنات مومنات پر الزام لگانے کو سبع موبقات میں سے شمار کیا ہے یعنی ہلاک کردینے والی باتوں میں سے۔

(بخاری کتاب الحدود باب رمی المحصنات)

پھرآپﷺ نے فضول باتیں کرنے کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے فرمایا:

إِنَّ اللَّهَ حَرَّمَ عَلَيْكُمْ: عُقُوقَ الأُمَّهَاتِ، وَوَأْدَ البَنَاتِ، وَمَنَعَ وَهَاتِ، وَكَرِهَ لَكُمْ قِيلَ وَقَالَ، وَكَثْرَةَ السُّؤَالِ، وَإِضَاعَةَ المَالِ

(بخاری کتاب المساقاة بَابُ مَا يُنْهَى عَنْ إِضَاعَةِ المَالِ)

ماؤں کی نافرمانی اور بیٹیوں کا زندہ گاڑنا اور خود تو نہ دینا لیکن دوسروں سے مانگنا؛ ان سب باتوں کو اللہ تعالیٰ نے تم پر حرام کیا ہے۔اسی طرح فضول باتیں کرنے اور بہت سوال کرنے اور مال برباد کرنے کو تمہارے لیے ناپسند کیا ہے۔

اسی طرح حضرت علیؓ سے روایت ہےکہ

’’الْبُهْتَانُ عَلَى الْبَرِئِ أَثْقَلُ مِنَ السَّمَوات‘‘۔

(نوادرالاصول فی احادیث الرسول للحکیم الترمذی جزء1صفحہ193)

بے گناہ  پر الزام لگانا  آسمانوں سے زیادہ بوجھل ہے۔

بہتان باندھنے سے اجتناب کا حکم:

اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ نے بہتان باندھنے اور الزام تراشی سے سختی سے منع کیا ہے کیونکہ یہ ایک شخص کی عزت و وقار پر حملہ ہوتا ہے اور اسلام اس بات کی  قطعی اجازت نہیں دیتا کہ کسی کی جان و مال اور عزت پر وَار کیا جائے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ’’كُلُّ الْمُسْلِمِ عَلَى الْمُسْلِمِ حَرَامٌ، دَمُهُ، وَمَالُهُ، وَعِرْضُهُ‘‘

(مسلم کتاب البر والصلة والآداب بَابُ تَحْرِيمِ ظُلْمِ الْمُسْلِمِ، وَخَذْلِهِ، وَاحْتِقَارِهِ وَدَمِهِ، وَعِرْضِهِ، وَمَالِهِ)

            یعنی ہر مسلمان کا خون، اس کامال اوراس کی عزت دوسرے مسلمان پرحرام ہے۔

اسی طرح حجة الوداع کے موقع پر رسول اللہﷺ نے جوتاکیدی نصائح فرمائیں اس میں بھی سرفہرست یہ تھی کہ

’’فَإِنَّ دِمَاءَكُمْ وَأَمْوَالَكُمْ وَأَعْرَاضَكُمْ عَلَيْكُمْ حَرَامٌ، كَحُرْمَةِ يَوْمِكُمْ هَذَا، فِي بَلَدِكُمْ هَذَا، فِي شَهْرِكُمْ هَذَا‘‘

(بخاری کتاب الحج بَابُ الخُطْبَةِ أَيَّامَ مِنًى)

یعنی تمہارے خون ،تمہارے مال اور تمہاری عزتیں اسی طرح سے تمہارے اوپر حرام ہیں جیسے کہ یہ دن، یہ شہر (مکہ) اور یہ ماہ (ذو الحجہ) حرمت والا ہے۔

بہتان باندھنےوالوں کادنیاوی انجام:

اللہ تعالیٰ نے بہتان باندھنے یا الزام تراشی کرنے والوں کے بارہ میں تین احکامات نازل فرمائے جو یہ ہیں:

وَالَّذِينَ يَرْمُونَ الْمُحْصَنَاتِ ثُمَّ لَمْ يَأْتُوا بِأَرْبَعَةِ شُهَدَاءَ فَاجْلِدُوهُمْ ثَمَانِينَ جَلْدَةً وَلَا تَقْبَلُوا لَهُمْ شَهَادَةً أَبَدًا وَأُولَئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ (5) إِلَّا الَّذِينَ تَابُوا مِنْ بَعْدِ ذَلِكَ وَأَصْلَحُوا فَإِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَحِيمٌ

(النور: 5-6)

وہ لوگ جو پاک دامن عورتوں پر تہمت لگاتے ہىں پھر چار گواہ پىش نہىں کرتے تو انہىں (1)اَسّى کوڑے لگاؤ اور(2) آئندہ کبھى ان کى گواہى قبول نہ کرو اور(3) ىہى لوگ ہىں جو بدکردار ہىں۔ مگر وہ لوگ جنہوں نے اس کے بعد توبہ کرلى اور اپنى اصلاح کر لى تو ىقىناً اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے ۔

بہتان باندھنےوالوں کااخروی انجام:

دنیاوی سزا کے علاوہ اخروی زندگی میں بھی ان بہتان باندھنے والوں کا انجام اچھا نہ ہوگا اور ان کے لیے اللہ کا عذاب عظیم مقدر ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

إِنَّ الَّذِينَ جَاءُوا بِالْإِفْكِ عُصْبَةٌ مِنْكُمْ لَا تَحْسَبُوهُ شَرًّا لَكُمْ بَلْ هُوَ خَيْرٌ لَكُمْ لِكُلِّ امْرِئٍ مِنْهُمْ مَا اكْتَسَبَ مِنَ الْإِثْمِ وَالَّذِي تَوَلَّى كِبْرَهُ مِنْهُمْ لَهُ عَذَابٌ عَظِيمٌ

(النور: 12)

ىقىناً وہ لوگ جو جھوٹ گھڑ لائے تم ہى مىں سے اىک گروہ ہے اس (معاملہ) کو اپنے حق مىں بُرا نہ سمجھو بلکہ وہ تمہارے لئے بہتر ہے ان مىں سے ہر شخص کے لئے ہے جو اُس نے گناہ کماىا جبکہ ان مىں سے وہ جو اس کے بىشتر کا ذمہ دار ہے اس کے لئے بہت بڑا عذاب (مقدر)ہے۔

رسول اللہﷺ نے ایسے لوگوں کے بارہ میں فرمایا:
جس نے اللہ کے حدود میں سے کسی حد کو روکنے کی سفارش کی تو گویا اس نے اللہ کی مخالفت کی اور جو جانتے ہو ئے کسی باطل امر کے لئے جھگڑے تو وہ اللہ کی ناراضگی میں رہے گا یہاں تک کہ اس جھگڑے سے دستبر دار ہو جائےاور جس نے کسی مؤمن کے بارے میں کوئی ایسی بات کہی جوا س میں نہیں تھی تو اللہ اس کا ٹھکانہ جہنمیوں میں بنا ئے گا یہاں تک کہ اپنی کہی ہوئی بات سے تو بہ کرلے۔‘‘​

(سنن ابوداؤد کتاب الاقضیة بَابٌ فِيمَنْ يُعِينُ عَلَى خُصُومَةٍ مِنْ غَيْرِ أَنْ يَعْلَمَ أَمْرَهَا)

حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ؐنے فرمایا: معراج میں میں ایک ایسی قوم کے پاس سے گزرا جن کے ناخن تانبے کے تھے اور وہ ان سے اپنے چہروں اور سینوں کو نوچ رہے تھے۔میں نے پوچھا: اے جبرائیل! یہ کون ہیں؟ تو انہوں نے بتایا کہ یہ لوگوں کا گوشت نوچ نوچ کر کھایا کرتے تھے اور ان کی عزت و آبرو پرحملہ کرتے تھے۔

(ابوداود کتاب الادب باب فی الغیبۃ)

حقیقی مفلس:

حضرت ابو ہریرةؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا :میری امت میں سے حقیقی مفلس وہ ہے جو قیامت کے دن نماز، روزہ اور زکوٰۃ کے ساتھ آئے گا اور اس نے کسی کو گالی دی ہو گی، کسی پر بہتان لگایا ہو گا اور کسی کا مال کھایا ہو گا اور کسی کا خون بہایا ہو گا اور کسی کو مارا ہو گا۔ پس اس کی نیکیاں ان لوگوں کو دے دی جائیں گی جن کے ساتھ اس نے یہ سلوک کیا ہو گا۔ اگر اس کی نیکیاں اس کا حساب برابر ہونے سے قبل ختم ہو گئیں تو ان لوگوں کے جو گناہ ہیں اس ظلم کرنے کی وجہ سے اس کے سر پہ ڈال دئیے جائیں گے اور پھر اس کو آگ میں پھینک دیا جائے گا۔

(مسلم، کتاب البر والصلۃ باب تحریم الظلم)

بہتان باندھنا یا الزام تراشی منافقین کا وطیرہ:

قرآن کریم  جو تاریخ اسلام کا بنیادی ماخذ ہے اس کے مطالعہ سے یہ بات بخوبی واضح ہے کہ الزام تراشی اور بہتان باندھنا منافقین کا شیوہ ہے جس میں ان کے ناپاک عزائم پنہاں ہوتے ہیں۔ واقعہ افک اس کی بدیہی مثال ہے۔ لیکن ایک ماہ کی اذیت کے بعد اللہ تعالیٰ نے سورة نور کے ذریعہ بانیٔ اسلام اور مسلمانوں کی اس پریشانی کا خاتمہ فرمایا اور منافقین کے اس فتنہ کی سرکوبی کی اوران کے اصل چہرے سامنے آئے۔مگر ساتھ یہ بات بھی کھل گئی کہ اُس طرح کے منافقین صفت لوگ ہر دور اور ہر زمانے میں پائے جاتےرہیں گے۔

بہتان  کی اشاعت کرنا سنگین گناہ:

منافقین کی طرف سے باندھے گئے بہتان کی اشاعت کرنا بھی بڑاسنگین گناہ ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

إِذْ تَلَقَّوْنَهُ بِأَلْسِنَتِكُمْ وَتَقُولُونَ بِأَفْوَاهِكُمْ مَا لَيْسَ لَكُمْ بِهِ عِلْمٌ وَتَحْسَبُونَهُ هَيِّنًا وَهُوَ عِنْدَ اللَّهِ عَظِيمٌ

(النور: 16)

جب تم اُس (جھوٹ) کو اپنى زبانوں پر لىتے تھے اور اپنے مونہوں سے وہ کہتے تھے جس کا تمہىں کوئى علم نہىں تھا اور تم اس کو معمولى بات سمجھتے تھے حالانکہ اللہ کے نزدىک وہ بہت بڑى تھى۔

اس لیے بہتان اور الزام تراشیوں کی اشاعت سے مجتنب ہی رہنا چاہیے اگر کوئی ایسی بات کرتا ہے تو اسے اپنی زبانوں پر لے کر اپنی مونہوں سے بیان  کرکے اس گناہ عظیم  میں پڑنے کیا ضرورت ہے۔

بہتان اور الزام تراشی کے موقع پر مومنین کا شیوہ:

ایسے نازک مواقع پر مومنین اور مومنات کا شیوہ اور طرۂ امتیازکیا ہوناچاہیے۔اس کے بارہ میں اللہ تعالیٰ نے بڑا واضح رہنمائی فرمائی ہے کہ حسن ظنی کی جائے۔چنانچہ فرمایا:

لَوْلَا إِذْ سَمِعْتُمُوهُ ظَنَّ الْمُؤْمِنُونَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بِأَنْفُسِهِمْ خَيْرًا

(النور: 13)

اىسا کىوں نہ ہوا کہ جب تم نے اُسے سنا تو مومن مرد اور مومن عورتىں اپنوں کے متعلق حُسنِ ظن کرتے۔

پھر اللہ تعالیٰ نے مومنین کو دوسراطرزعمل یہ سکھلایا:

وَلَوْلَا إِذْ سَمِعْتُمُوهُ قُلْتُمْ مَا يَكُونُ لَنَا أَنْ نَتَكَلَّمَ بِهَذَا سُبْحَانَكَ هَذَا بُهْتَانٌ عَظِيمٌ

(النور: 17)

اور اىسا کىوں نہ ہوا کہ جب تم نے اسے سُنا تو تم کہہ دىتے ہمىں کوئى حق نہىں کہ ہم اس معاملے مىں زبان کھولىں پاک ہے تُو (اے اللہ!) ىہ تو اىک بہت بڑا بہتان ہے۔

سورة النور کی آیات بے شک خاص واقعہ کے بارہ میں ہیں لیکن اس میں موجود احکامات تاقیامت کےلیے بیان فرمودہ ہیں۔

اس آیت میں مسلمانوں کو یہ باور کروایا گیا ہے کہ جب کبھی بھی ایسا واقعہ درپیش ہو توان کا رد عمل یہ ہونا چاہیے کہ صاف کہہ دیں کہ ایسی کسی بات کوبلا کسی دلیل کے زبان سے نکالنا بھی ہمارے لیے جائز نہیں ہے اور یہ توبہتان عظیم ہے۔اس کی ایک حکمت یہ ہے کہ اسلام  حسن ظنی کی تعلیم دیتاہے  اور بلا دلیل حسن ظنی کے نتیجہ میں دوہراثواب ملتا ہے۔

بہتان  اور الزام و تہمت لغو یات میں شامل ہیں:

ہمارے پیارے امام سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
’’حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں: ’’رہائی یافتہ مومن وہ لوگ ہیں جو لغو کاموں اور لغو باتوں اور لغو حرکتوں اور لغو مجلسوں اور لغو صحبتوں سے اور لغو تعلقات سے اور لغو جوشوں سے کنارہ کش ہو جاتے ہیں۔‘‘

(تفسیر حضرت مسیح موعود علیہ السلام جلد سوم سورۃ النحل یا سورۃ یٰس صفحہ359)

یہ تمام لغویات جن کی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے نشان دہی فرمائی ہے یہ کیا ہیں؟ جیسا کہ ایک حدیث میں آیا کسی پر الزام تراشی کرنا، بغیر ثبوت کے کسی کو بلاوجہ بدنام کرنا، اس کے افسران تک اس کی غلط رپورٹ کرنا، عدالتوں میں بلاوجہ اپنی ذاتی انا کی وجہ سے کسی کو کھینچنا، گھریلو جھگڑوں میں میاں بیوی کے ایک دوسرے پر گندے اور غلیظ الزامات لگانا پھر سینما وغیرہ میں گندی فلمیں (گھروں میں بھی بعض لوگ لے آتے ہیں) دیکھنا، تو یہ تمام لغویات ہیں۔ ۔۔

آجکل بعض ویب سائٹس ہیں جہاں جماعت کے خلاف یا جماعت کے کسی فرد کے خلاف گندے غلیظ پراپیگنڈے یا الزام لگانے کا سلسلہ شروع ہوا ہوا ہے۔ تو لگانے والے تو خیر اپنی دانست میں یہ سمجھ رہے ہوتے ہیں، اپنی عقل کے مطابق کہ یہ مغلظات بک کے وہ جماعت کو کوئی نقصان پہنچا رہے ہیں حالانکہ اُن کی اِن لغویات پر کسی کی بھی کوئی نظر نہیں ہوتی۔ جماعت کا شاید اعشاریہ ایک فیصد بھی طبقہ اس کو نہ دیکھتا ہو، اس کو شاید پتہ بھی نہ ہو۔ تو بہرحال یہ تمام لغویات ہیں اس لئے وہ جو ان گندے غلیظ الزاموں کے جواب دینے کی کوشش کرتے ہیں، بعض نوجوانوں میں یہ جوش پیدا ہو جاتا ہے تو اس جوش کی وجہ سے وہ جواب دینے کی کوشش کرتے ہیں ان کوبھی اس سے بچنا چاہئے۔ ‘‘

(خطبہ جمعہ بیان فرمودہ مورخہ 20 اگست 2004ء)

حضرت بانیٔ جماعت احمدیہ ؑ فرماتے ہیں:
’’ہر ایک زانی، فاسق، شرابی، خونی، چور، قمار باز، خائن، مرتشی، غاصب، ظالم، دروغ گو(یعنی جھوٹ بولنے والا) جعلساز اور ان کا ہم نشیں (ان میں بیٹھنے والا بھی) اور اپنے بھائیوں اور بہنوں پر تہمتیں لگانے والا جو اپنے افعال شنیعہ سے توبہ نہیں کرتا اور خراب مجلسوں کو نہیں چھوڑتا وہ میری جماعت میں سے نہیں ہے‘‘۔

(کشتی ٔ نوح، روحانی خزائن جلد19 صفحہ19)

ہمارے پیارے امام سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز حضرت مسیح موعودؑ کا مندرجہ بالا حوالہ بیان کرنےکے بعد فرماتے ہیں:
’’حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے تمام بڑے بڑے گناہ کرنے والوں، لوگوں کے حق مارنے والوں، لوگوں پہ ظلم کرنے والوں، جھوٹ بولنے و الوں، دھوکہ دینے والوں، لوگوں پر الزام تراشیاں کرنے والوں، بری مجلس میں بیٹھنے والوں کو ایک ہی زمرے میں شمار کیا ہے۔ اور فرمایا ہے کہ ایسے لوگوں کا پھر مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پس ہر ایک کو اپنا جائزہ لینا چاہئے کہ ایمان کے دعوے کے بعد ہم میں کہیں کوئی برائی تو نہیں۔ یا ہم ایسی برائیاں کرنے والوں کے ساتھ بیٹھنے والوں میں سے تو نہیں۔ ہماری مجالس پاکیز ہ ہیں، ہمارے اعمال ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف لے جانے والے ہیں، ہم اس کے حکموں پر عمل کرنے والے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو اس کی توفیق دے۔‘‘ آمین

(خطبہ جمعہ بیان فرمودہ مورخہ 20 اگست 2004ء)

پس موجودہ حالات میں ہمیں خاص طور پرقال اللہ وقال الرسول اورارشادات حضرت مسیح موعودؑ و خلفائے احمدیت اور ہمارے پیارے موجودہ امام حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیمتی رہنمائی  پر سمعنا و اطعنا کہہ کر عمل پیرا ہونا چاہیے اور فضول باتوں سے احتراز برتتے ہوئے مومنین کا شیوہ اپناتے ہوئے دعاؤں  کے ساتھ اعلیٰ نمونہ دکھانا چاہیے تاکہ اللہ تعالیٰ ہم سب کوحصار امن میں متحدرکھتے ہوئے جماعت احمدیہ کے لیے بہتری اور ترقیات کے سامان پیدا فرمائے۔ آٍمین اللھم آٍمین

(ابوفاضل بشارت)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

کوئی جوہر ہے دل میں کارفرما