• 28 اپریل, 2024

پریس ریلیز

 دنیا کے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ انسانیت کی خاطر  تباہی کے دھانے سے پیچھے ہٹ جائے

بڑی طاقتوں کے سربراہ اور ان کی گورنمنٹس کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جو ہمارے بچوں اور آئندہ آنے والی نسلوں کا مستقبل تباہ کردیں

جماعت احمدیہ عالمگیر کے سربراہ سیدنا حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا روس اور یوکرائن کےحالیہ بحران کے بارے میں تازہ  ارشاد

مورخہ 24 فروری 2022ء

پریس ریلیز:۔ روس اور یوکرائن کے حالیہ بحران کے بارے میں جماعت احمدیہ عالمگیر کے سربراہ حضرت  مرزا مسرور احمد ، خلیفۃ المسیح الخامس اید  ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

کئی سال پہلے سے میں دنیا کی بڑی طاقتوں کو خبردار  کرتا چلا آرہا ہوں کہ ان کو تاریخ سے سبق لینا چاہیے، خصوصی طور پر 20ویں صدی میں برپا ہونے والی دو تباہ کن اور شدید المناک عالمی جنگوں سے۔اس حوالے سے ماضی میں، میں نے کئی اقوام کے سربراہوں کو خطوط لکھے تھے جن میں تاکید کی تھی کہ اپنے قومی اور ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے، معاشرے کی ہر سطح پر حقیقی انصاف قائم کرتے ہوئے  دنیا کے امن اور تحفظ کو ترجیح دیں۔ افسوس اب یوکرائن میں جنگ شروع ہوچکی ہے اور اب صورتحال خوفناک اور غیر یقینی حالات تک پہنچ چکی ہے۔ مزید یہ کہ اس جنگ کے اور بڑھنے کا خدشہ موجود ہے، حتی کہ روسی گورنمنٹ کی طرف سے لیے جانے والے آئندہ اقدامات اور NATO اور بڑی عالمی طاقتوں کی طرف سے رد عمل  کا انحصاربھی  اسی پرہے۔ بلاشبہ جنگ میں اضافہ کے نتائج بہت زیادہ خطرناک اور تباہ کن ہوسکتے ہیں۔ اس وقت کی یہ اہم ضرورت ہے کہ مزید جنگوں اور ہنگاموں کو  ہر ممکن  روکنے کی کوشش کی جائے۔ دنیا کے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ انسانیت کی خاطر  تباہی کے دھانے سے پیچھے ہٹ جائے۔ میں روس، NATO اور تمام بڑی عالمی طاقتوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس تنازعہ کو ختم کرنے  اور پُر امن حل کے لیےسفارتکاری کے ذریعے  اپنی کوششوں کومرکوزکریں۔

جماعت احمدیہ کے سربراہ کے طور پر میں دنیا کے سیاسی عمائدین کو صرف دنیا کے امن کو ترجیحی بنیادوں پر قائم کرنے کی طرف  توجہ دلا سکتا ہوں اور وہ انسانیت کی بہتری کے لیے اپنے قومی مفادات اور دشمنیوں کو ایک طرف رکھ دیں۔ اس لیے یہ میری مخلصانہ دعا ہےکہ دنیا کے سربراہ عقل اور دانشمندی سے کام لیں اور انسانیت کی بہتری اور مفاد کے لیے کوششیں کریں۔

میں دعا کرتا ہوں کہ دنیا کے سربراہ انسانیت کوجنگ، خونریزی اور تباہ کاریوں کے عذاب سے بچانے اور ان کی حفاظت کے لیے آج بھی اور مستقبل میں بھی دیانتداری کے ساتھ کوششیں کریں۔ میں اپنے دل کی گہرائیوں سے یہ دعا کرتا ہوں کہ بڑی طاقتوں کے سربراہ اور ان کی گورنمنٹس کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جو ہمارے بچوں اور آئندہ آنے والی نسلوں کا مستقبل تباہ کردیں ۔اس کے برعکس ان کی ہر کوشش اور محرک یہ یقین دلانے کے لیے ہونے چاہئیں کہ ہم ان کے لیے ایسی وصیت چھوڑ جائیں جس کی وجہ سے آنے والی پرامن اور ترقی یافتہ دنیا ہماری پیروی کرے۔

میں دعا کرتا ہوں کہ دنیا کے سربراہان آج کے وقت کی اس اہم ضرورت کی طرف توجہ دیں۔ اس کے علاوہ سب سے پہلے ان کا یہ فرض ہے کہ دنیا کے امن اور استحکام کو یقینی بنائیں۔ اللہ تعالیٰ تمام معصوموں اور بے یارومددگار لوگوں کی حفاظت فرمائے اور حقیقی اور دیرپا امن دنیا میں غالب آ جائے، آمین

مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

سربراہ جماعت احمدیہ عالمگیر

پچھلا پڑھیں

دنیا کے موجودہ حالات کے حوالے سے دعا کی تازہ تحریک

اگلا پڑھیں

دشمنانِ اسلام قرآن کی تعلیم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر حملے کر رہے ہیں