• 26 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم اکبر احمد طاہر صاحب مربی سلسلہ برکینافاسو کے والد محترم اقبال احمد ناصر صاحب پیر کوٹی آف کرونڈی ضلع خیر پور مورخہ 14جولائی 2020ء بعمر 82 سال بقضائے الٰہی انتقال کرگئے ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ بوجہ موصی ہونے کے آپ کی میت کرونڈی سے آپ کے بیٹے مرزا وسیم احمد صاحب ربوہ لائے۔ مورخہ 15 جولائی کو پانچ بجے شام ناصر آباد شرقی کی گراونڈ میں آپ کی نماز جنازہ مکرم قائد صاحب عمومی مجلس انصار اللہ پاکستان نے پڑھائی اور بہشتی مقبر ہ توسیع میں قبر تیار ہونے کے بعد آپ نے ہی دعاکروائی۔

مکرم اقبا ل احمد ناصر صاحب جماعت کرونڈی کے مخلص اور مستعد فردتھے آپ لمبا عرصہ وہاں سیکر ٹری مال ، امام الصلٰوۃ، زعیم انصار اللہ اور کئی عہدوں پر خدمت بجا لاتے رہے اور متعد دبار ممبر شوریٰ کے طور پر بھی مرکز آئے ۔ آپ نے اپنے پس ماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اورتین بیٹیاں اور انکی اولاد چھوڑی ہے ۔ سبھی بچے اللہ کے فضل سے خدمت دین میں مصروف عمل ہیں ۔ آپ کے بڑے بیٹے مرزا اعجاز احمد صاحب اوکاڑہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔ دوسرے بیٹے اکبراحمد طاہر صاحب برکینا فاسو میں مربی ہیں ۔ اورتیسرے بیٹے مرزا وسیم احمد صاحب بھی خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔ آپ کےایک پوتے مرز ا فراز احمد طاہر صاحب نے امسال جامعہ غانا سے شاہد پاس کیا ہے اور ایک نواسے نعمان احمد صاحب جامعہ احمدیہ میں درجہ شاہد کے طالب علم ہیں ۔

آپ حضرت میاں نور محمد صاحب پیر کوٹی صحابی حضرت مسیح موعود ؑابن حضرت میاں اما م الدین صاحب پیر کوٹی صحابی حضرت مسیح موعود ؑ کے بیٹے اور مولانا سلطان احمد صاحب پیرکوٹی کے تا یا زاد بھائی تھے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے اور پس ماند گان کو صبر جمیل عطافرمائے اور آپ کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق دے ۔ آمین۔

٭…٭…٭

خاکسار کے والد محترم ماسڑ خان محمد صاحب ابن مکرم عبدالرحیم خان صاحب مندرانی رحمان کالونی ربوہ مورخہ 23 جون 2020 بروز منگل بعمر 85سال وفات پاگئے۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ مورخہ 24 جون بعد نماز ظہر رحمان کالونی کی مسجد میں مکرم ساجد منور صاحب نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں احباب جماعت اور عزیز و اقارب نے شرکت کی قبرستان عام میں تدفین کے بعد مکرم عبدالرزاق صاحب نے دعا کروائی۔ آپ حضرت حافظ فتح محمد خان صاحبؓ مندرانی صحابی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے پوتے اور حضرت مولانا ظفر محمد صاحب ظفر کے بھتیجے تھے۔ والد محترم بے شمار خوبیوں کے مالک تھے پنجوقتہ نماز باجماعت کا التزام کرنے والے، ملنسار، مخلص، بہادر بہت محنتی۔مخلص اور انتہائی مہمان نوازتھے۔آپ نے عرصہ 29سال گورنمنٹ پرائمری سکول دارالرحمت وسطی (کچا بازار) اور دارالرحمت غربی میں میں تدریس کا فریضہ نہایت ایمانداری سے سر انجام دیا۔ آپ نے اپنے پسماندگان میں دو بیٹے ،دو بیٹیاں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یاد گار چھوڑے ہیں۔اللہ تعالی والد محترم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ہمیں ان کی نیکیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین

(خاکسار۔ ناصر الدین بلوچ کیلگری کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 جولائی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 25 جولائی 2020ء