• 15 مئی, 2024

آج کی دعا

اَللّٰهُمَّ بَارِكْ لَنَا فِيهِ وَأَطْعِمْنَا خَيْرًا مِّنْهُ

(ترمذی۔ أَبْوَابُ الدَّعَوَاتِ عَنْ رَّسُوْلِ اللّٰهِ ﷺبَابُ مَا يَقُولُ إِذَآ أَكَلَ طَعَامًا حدیث: 3455)

ترجمہ: اے اللہ ہمارے لئے اس میں برکت رکھ دے اور ہمیں اس کا بہترین عطا فرما۔

یہ سید ومولیٰ، مقدس الانبیاء پیارے رسول حضرت محمد ﷺ کی دعوت (کسی کے ہاں کھانا کھانے) کی دعا ہے۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں اور خالد بن ولید رضی اللہ عنہ (دونوں) رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ام المومنین میمونہ رضی اللہ عنہا کے گھر میں داخل ہوئے، وہ ایک برتن لے کر ہم لوگوں کے پاس آئیں، اس برتن میں دودھ تھا میں آپ کے دائیں جانب بیٹھا ہواتھا اور خالد آپ کے بائیں طرف تھے، آپ نے دودھ پیا پھر مجھ سے فرمایا: پینے کی باری تو تمہاری ہے، لیکن تم چاہو تو اپنا حق (اپنی باری) خالد بن ولید کو دیدو، میں نے کہا: آپ کا دودھ پینے میں اپنے آپ پر میں کسی کو ترجیح نہیں دے سکتا، پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جسے اللہ کھانا کھلائے،اسے کھاکر یہ دعا پڑھنی چاہیے: اَللّٰهُمَّ بَارِكْ لَنَا فِيهِ وَأَطْعِمْنَا خَيْرًا مِّنْهُ اور جس کو اللہ دودھ پلائیے اسے کہنا چاہیے اَللّٰهُمَّ بَارِكْ لَنَا فِيهِ وَ زِدْنَا مِنْہُ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:دودھ کے سوا کوئی ایسی چیز نہیں ہے جوکھانے اور پینے (دونوں) کی ضرورت پوری کرسکے۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

إِذَا دُعِيَ أَحَدُكُمْ، فَلْيُجِبْ، فَإِنْ كَانَ صَآئِمًا، فَلْيُصَلِّ، وَإِنْ كَانَ مُفْطِرًا، فَلْيَطْعَمْ

(صحیح مسلم۔ كِتَابُ النِّكَاحِ بَابُ الْأَمْرِ بِإِجَابَةِ الدَّاعِي إِلٰی دَعْوَةٍ حدیث: 3520)

ترجمہ : جب تم میں سے کسی کو دعوت دی جائے تو وہ قبول کرے۔ اگر وہ روزہ دار ہے تو دعا کرے اور اگر روزے کے بغیر ہے تو کھانا کھائے۔

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ میری سنت میں یہ بات بھی شامل ہے کہ میزبان اعزاز وتکریم کے ارادہ سے مہمان کے ساتھ گھر کے دروازے تک الوداع کہنے آئے۔

(ابنِ ماجہ)

(مرسلہ: مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

لمبی عمر اور رزق

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 اگست 2021