• 29 اپریل, 2024

لمبی عمر اور رزق

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا جس شخص کی خواہش ہو کہ اس کی عمر لمبی ہو اور اسکا رزق بڑھادیا جائے تو اس کو چاہئے کہ اپنے والدین سے حسن سلوک کرے اور صلہ رحمی کی عادت ڈالے۔

(مسند احمد۔ جلد3۔ صفحہ نمبر266۔ مطبوعہ بیروت)

تویہاں عمر بڑھانے کا اور رزق میں برکت کاایک اصول بتا دیاگیا ہے کہ اگر کشائش چاہتے ہو، اپنے بچوں کی دور دورکی خوشیاں دیکھناچاہتے ہو تو والدین سے حسن سلوک کرو۔ ان کے تم پر جواحسانات ہیں انہیں یاد رکھو۔ یادرکھو کہ بچپن میں تمہیں انہوں نے بڑی تکلیف سے پالا ہے۔ اگر تمہاری طرف توجہ نہ دیتے تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ تمہاری تو یتیمی کی حالت تھی۔ کچھ کر نہیں سکتے تھے۔ کیونکہ تمہیں کسی نے پوچھنا بھی نہیں تھا۔ وہ ماں باپ ہی ہیں جو بچے کو اس طرح پوچھتے ہیں، درد سے پوچھتے ہیں۔ تو جب تم بڑے ہوتے ہو تو تمہاری لکھائی پڑھائی کی کوشش کی طرف توجہ دیتے ہیں۔ اپنے پر ہر تکلیف وار د کرتے ہیں اور تمہیں پڑھاتے ہیں۔ کئی والدین ایسے ہیں جو فاقے کرتے ہیں اور اس کوشش میں ہوتے ہیں کہ ہمارے بچے پڑھ جائیں۔ تاکہ بڑے ہوکر وہ معاشرے میں عزت و احترام سے رہ سکیں، ہمارے والا ان کاحال نہ ہو۔ لیکن بعض ایسے ناخلف اور بدقسمت بچے ہوتے ہیں کہ جب وہ سب کچھ ماں باپ سے حاصل کرلیتے ہیں، تعلیم حاصل کرکے بڑے افسر لگ جاتے ہیں تو اپنی الگ دنیا بسا لیتے ہیں اور پھر ماں باپ کی کوئی پروا بھی نہیں ہوتی۔

(خطبہ جمعہ 16؍ جنوری 2004ء بحوالہ الاسلام ویب سائٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 اگست 2021

اگلا پڑھیں

آج کی دعا