• 18 مئی, 2024

جامعة المبشرین سیرالیون میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین سیرالیون 2006ء سے باقاعدہ طور پر سرگرم ہے اورحضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کے مطابق معلمین کرام کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ دوران تعلیم طلباء کی دینی و دنیاوی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔

رسول اللہﷺ فرماتے ہیں: اَلْمُؤْمِنُ الْقَوِيُّ خَيْرٌ وَّأَحَبُّ إِلَى اللّٰهِ مِنَ الْمُؤْمِنِ الضَّعِيْفِ (صحیح مسل في كتاب القدر باب في الأمر بالقوة وترك العجز…) یعنی قوی مومن اللہ تعالیٰ کی نظر میں ضعیف اور کمزور مومن سے بہتر اور محبوب ہے۔ اور اَلْعَقْلُ السَّلِيْمُ فِيْ الْجِسْمِ السَّلِيْمِ کہ عقل سلیم کے لیے صحت مند جسم کا ہونا بھی ضروری ہے۔ چنانچہ جامعہ احمدیہ میں دیگر شعبہ جات کے ساتھ ساتھ مجلس العاب (کھیل و ورزش) بھی باقاعدگی سے سرگرم ہے۔

مولوی مورلائی فورنا (Morlai Fornah) صاحب، استاد جامعہ نگران مجلس العاب ہیں۔ جامعہ میں روزانہ باقاعدگی سے بعد نماز عصر ورزش کا اہتمام کیا جاتا ہے جو کہ ہر طالب علم کے لیے لازمی ہے۔ اس کے بعد طلباء اپنے شوق کے مطابق فٹ بال یا والی بال کھیلتے ہیں۔

طلباء کے شوق کو بڑھانے اور مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے ہر سال باقاعدگی سے مختلف ٹیم ایونٹس اور انفرادی کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ سال کے آغاز میں تمام طلباء کو تین گروپس، قناعت، شفقت اور بسالت میں تقسیم کرکے ان کی نگرانی جامعہ کے اساتذہ کے سپرد کی جاتی ہے تا وہ انہیں کھیلنے کے صحیح طریقوں سے آگاہ کریں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ مسابقت کی یہ روح مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے والی ہو۔

تعلیمی سال 2021-2022ء میں جامعہ میں درج ذیل انفرادی اور اجتماعی کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔

انفرادی مقابلہ جات میں دوڑ 100میٹر، 200میٹر، 300میٹر، 400میٹر، 1500 میٹر، بوری دوڑ، تین ٹانگ دوڑ، لمبی چھلانگ، اونچی چھلانگ، تھالی پھینکنا، گولہ پھینکنا، میوزیکل چیئر، نشانہ غلیل، ثابت قدمی، کلائی پکڑنا، پنچہ آزمائی، تیز پیدل چلنا، کراس کنٹری ریس اور روک دوڑ۔ جبکہ اجتماعی مقابلہ جات میں 4×100 میٹر دوڑ،4×200 میٹر ریس، 4×400میٹر ریس، ریلے ریس، رسہ کشی، فٹبال، باڑی اور والی بال شامل تھے۔

ابتدائی راؤنڈز

اجتماعی مقابلہ جات فٹبال، والی بال، رسہ کشی، اور باڑی کے ابتدائی کوالیفائینگ میچز ماہ اکتوبر 2021ء میں کروائے گئے اور ان کے فائنل اور انفرادی مقابلہ جات کا انعقاد جامعہ کی ورزشی ریلی کے دوران منعقد ہوئے۔

اینٹ پر چلنا: 10 مارچ 2022ء کو Brisk Walking کا مقابلہ جامعہ گراؤنڈ میں منعقد ہوا۔ تمام طلباء نے جامعہ گراؤنڈ کے 80 چکر مکمل کئے۔ اول آنے والے طالب علم نے ایک گھنٹہ 11 منٹ میں چکر مکمل کئے۔

کراس کنٹری دوڑ: کراس کنٹری دوڑ کا ایک مقصد تبلیغی میدان میں پیدل سفر کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ 17 مارچ 2022ء کو مقابلہ کراس کنٹری منعقد ہوا۔ طلباء بو ٹاؤن سے فلاوا ہوں گاؤں تک جا کر واپس آنے کا 24 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

پہلے پانچ طلباء کا دورانیہ درج ذیل ہے: ایک گھنٹہ 36 منٹ، ایک گھنٹہ 40 منٹ، ایک گھنٹہ 51 منٹ، ایک گھنٹہ 52 منٹ اورایک گھنٹہ 53 منٹ۔

سالانہ کھیلیں 2022ء

امسال سالانہ کھیلیں 14، 15 اور 16 مئی 2022ء کو منعقد ہوئیں جبکہ 23 مئی کو روک دوڑ اور اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے جامعہ کے جملہ اساتذہ بھی موجود تھے۔ محض اللہ کے فضل سے یہ ورزشی ریلی انتہائی کامیاب رہی۔

14 مئی کو صبح مکرم مبارک احمد گھمن صاحب پرنسپل جامعہ کے زیرِ صدارت سالانہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ عزیزم سلیمان سو (درجہ ثالثہ) نے تلاوت قرآن کریم اور عزیزم علی بی کانو (درجہ رابعہ) نے نظم پیش کی۔ پھر تمام شاملین نے سیرالیون کا قومی ترانہ پڑھا۔ جس کے بعد صدرِ مجلس نے طلبہ کو جسمانی صحت و تندرستی کی اہمیت اور کھیلوں میں بھرپور شمولیت کے متعلق نصائح کیں۔ مولوی مورلائی فورنا صاحب (نگران مجلس العاب) نے طلباء کو ہدایات دیں۔ پروگرام کے آخر میں صدرِ مجلس نے دعا کے ساتھ سالانہ کھیلوں کا باقاعدہ آغاز فرمایا۔

14 مئی کو میوزیکل چیئر، نشانہ غلیل، ہائی جمپ، پنچہ آزمائی، کلائی پکڑنا اور مشاہدہ معاینہ کے انفرادی کھیل اور اجتماعی میں باڑی کا فائنل میچ ہوا۔ قناعت اور شفقت گروپ انتہائی دلچسپ کھیل کے بعد شفقت گروپ فاتح قرار پایا۔

دوسرا روز۔ کھیل و پکنک

موٴرخہ 15 مئی 2022ء کو دیگر کھیلوں کے ساتھ طلباء جامعہ و مدرسة الحفظ اور اساتذہ مع فیملیز کی سالانہ پکنک کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اس سلسلہ میں بو-کینیما ہائی وے پر واقع بو ٹاؤن کاوسیع و عریض اسٹیڈیم خصوصی طور پر ریزرو کروایا گیا تھا۔ صبح 8:30 بجے اساتذہ و طلبااسٹیدیم پہنچے۔ حسبِ روایت مختصر پروگرام سے دن کا آغاز ہوا۔

عزیزم محمد یورو (درجہ رابعہ) نے تلاوت قرآن کریم اور عزیزم بشیر الدین کمارا (درجہ رابعہ) نے اردو نظم پیش کی بعد ازاں جملہ طلبا نے قومی ترانہ پڑھا۔ جس کے بعد مولوی مورلائی فورنا صاحب (نگران مجلس العاب) نے طلبا کو ہدایات دیں۔ دعا کے ساتھ ہی کھیلوں کا آغاز ہوا۔

اس روز مختلف دوڑیں منعقد ہوئیں جن میں سو میٹر، دوسو میٹر، تین سو میٹر کے علاوہ ریلے ریس، سیک ریس، تین ٹانگ دوڑ شامل تھیں۔ ایتھلیٹکس میں لمبی چھلانگ،ثابت قدمی،تھالی اور گولا پھینکنا کے مقابلے ہوئے۔ اجتماعی مقابلہ جات میں رسہ کشی کا فائنل شفقت بمقابلہ بسالت گروپ تھا جس میں شفقت گروپ فاتح رہا۔ فٹبال میچ قناعت بمقابلہ بسالت گروپ جس میں بسالت گروپ فاتح قرار پایا۔ نماز ظہروعصر کے بعد جملہ شاملین کے لئے کھانےکا اہتمام کیا گیا تھا جس کے بعد واپسی ہوئی۔

وقت کی کمی کے باعث والی بال کا فائنل موٴرخہ 16 مئی بعد از عصر جامعہ احمدیہ کمپاؤنڈ میں منعقد ہوا۔ شفقت گروپ اور بسالت گروپ کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا جس میں بسالت گروپ کی جیت ہوئی۔

روک دوڑ و اختتامی تقریب

روک دوڑ جامعہ کی تاریخ میں ہمیشہ سے ایک اور دلچسپ مقابلہ رہا ہے۔ جامعہ احمدیہ ربوہ میں روک دوڑ دیکھنے کے لئے ایک جم غفیر امڈ آتا تھا۔ اس دوڑ کا مقصد یہ ہے کہ ایک مبلغ تبلیغی میدان میں اسلام احمدیت کا پیغام احسن طریق پر پہنچانے کا عزم کرے خواہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ حائل ہو جائے۔ روک دوڑ کے لئے تیاری کا 20 مئی سے ہی آغاز کر دیا گیا تھا۔ طلباء نے بھرپور محنت کے ساتھ مختلف قسم کی 30 رکاوٹیں تیار کیں۔

موٴرخہ 23 مئی 2022ء کو روک دوڑ (Hurdle Race) کا مقابلہ ہوا جس کے مہمان خصوصی مکرم محترم عقیل احمد صاحب (ریجنل مبلغBO ریجن) قائم مقام مشنری انچارج سیرالیون تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت اور نظم سے ہوا۔پھر نگران صاحب مجلس العاب نے قواعد بتائے اور مہمان خصوصی صاحب نے طلباء کو مفید نصائح کیں اور دعا سے دوڑ کا آغاز ہوا۔

ریس کے ابتدامیں ایک پیغام پڑھ کر سنایا گیا، طلباء نے تمام رکاوٹیں مثلاً زمین پر رینگ کر چلنا، بوری ریس،لوہے کےپل پر چلنااور کھمبے پر چڑھنا،دائرے میں دوڑنا، پانی میں غوطہ لگانا،آری سے لکڑی کاٹنا، غبارہ پھلانا، بغیر ہاتھ لگائے آٹے میں سے ٹافی ڈھونڈ کر کھانا، ٹائر کھمبے میں ڈالنا، سیڑھی چڑھنا۔یہ تمام روکیں عبور کرنے کے بعد آخر میں ہر طالب علم نے شروع میں دیا گیا پیغام سنایا۔ ایک دلچسپ مقابلہ کے بعد یہ دوڑ مکمل ہوئی اور عزیزم ارونا ایم کونٹے نے سب سے کم وقت میں صدرِ مجلس کو پیغام سنا کر یہ دوڑ جیت لی۔

بہترین کھلاڑی و بہترین گروپ

سال 2021-2022ء میں انفرادی مقابلہ جات میں بہترین کھلاڑی عزیزم ابوبکر اے کمارا (درجہ رابعہ) قرار پائے۔ اور قناعت گروپ فاتح گروپ کی ٹرافی کے حقدار قرار پایا۔

مدرسة الحفظ

مدرسة الحفظ میں 4 طلباء زیرِ تعلیم ہیں۔طلباء نے سالانہ کھیلوں میں بھرپور حصہ لیا۔ طلباء کے مابین دوڑ سو میٹر، میوزیکل چیئر اور لمبی چھلانگ کے مقابلہ جات کروائے گئے۔

سالانہ کھیلوں میں اعزاز پانے والے طلباء میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ