• 25 اپریل, 2024

حضرت منشی عبدالخالق ؓ

حضرت منشی عبدالخالق ؓ۔ مظفر نگر(اتر پردیش)

حضرت منشى عبدالخالق رضى اللہ عنہ بھارتى صوبہ اتر پردىش کے مشہور شہر مظفر نگر کے رہنے والے تھے۔ جوانى مىں ہى بىعت کر کے سلسلہ احمدىہ مىں داخل ہوگئے اور بڑى استقامت کے ساتھ مخالفت کا سامنا کرتے ہوئے اپنے علاقہ مىں احمدىت کا عمدہ نمونہ پىش کىا۔ جب جماعتوں مىں انجمنوں کا قىام ہوا تو آپ مظفر نگر جماعت کے سىکرٹرى مقرر ہوئے۔ حضرت مسىح موعود علىہ السلام کے سفر دہلى کے موقع پر حضورؑ کى خدمت مىں دہلى بھى حاضر ہوئے، اخبار الحکم نے حضورؑ کے سفر دہلى کى رپورٹ مىں لکھا: ’’مظفر نگر سے مىاں عبدالخالق صاحب جو وہاں کى جماعت مىں اىک سرگرم اور باہمت نوجوان ہىں، مع بعض دوسرے احباب کے آئے ہوئے تھے۔‘‘ (الحکم 10مارچ 1906ء صفحہ 2) آپ اىک پُر جوش احمدى اور خادم سلسلہ وجود تھے، حضرت مفتى محمد صادق صاحبؓ  مظفر نگر کے دورہ کى اىک رپورٹ مىں لکھتے ہىں: ’’…. برادر عبدالخالق صاحب ىہاں کى جماعت کے سکرٹرى بلکہ روح رواں، اشاعت دىن کى محبت مىں گداز، رات دن اسى مىں محو ….‘‘

(بدر 19-26مئى 1910ء صفحہ 13)

آپ اىک اچھے شاعر تھے اور اس لحاظ سے بھى احمدىت کى صداقت کا چرچا کرتے رہتےتھے۔شدىد مخالفت کے باوجود بھى احمدىت پر مضبوطى سے قائم رہے، انہى دنوں مىں اکبر شاہ خان نجىب آبادى مظفر نگر مىں آپ کےہاں مہمان ہوئے تو انہوں نے بھى اس مخالفت اور آپ کى استقامت کا حال دىکھا، وہ اپنى اىک نظم مىں اس کے متعلق لکھتے ہىں:

عبدِ خالق میرے بھائی خوش بیان
دے خدا ہر رنج سے تجھ کو امان
الحکم میں نظم تیری دیکھ کر
پھر گیا آنکھوں کے آگے وہ سماں
جبکہ تھا تیرا مخالف شہر بھر
اور یہ عاجز تھا تیرا مہمان
تیرا استقلال اور ہمت تیری
مجھ کو سب معلوم ہے اے مہربان
گو کہ دشمن ہیں بہت تعداد میں
تیری سی ہمت مگر اُن میں کہاں

(الحکم 10؍اپرىل 1907ء صفحہ 11)

حضرت منشى عبدالخالق صاحب کى بعض نظمىں جماعتى لٹرىچر مىں محفوظ ہىں جن مىں سے بعض کا مختصر ذکر نىچے کىا جاتا ہے:

اے مسىحِ وقت مہدى زماں

(الحکم 31؍مارچ 1907ء صفحہ 10)

؎احمدى قوم مبارک ہو کہ آئے احمد
حق رکھے ہم کو سدا زىر لوائے احمد

(بدر 18؍ جولائى 1907ء صفحہ 10 کالم 3)

؎ترا جلوہ نماىاں ہر جگہ خلاقِ جہاں دىکھا
تجھے دىکھا جہاں دىکھا نہاں دىکھا عىاں دىکھا

(بدر 26 مارچ 1908ء)

آپ کى اىک نظم در مدح حضرت مصلح موعود

؎مُصحف رحمان وصف روئے تو
اے خوشا وقتىکہ بىنم سوئے تو

 (الفضل 26 فرورى 1918ء صفحہ 10)

؎چمن کو اسلام کے، الٰہى دوبارہ پھر پُر بہار دىکھىں
بہار اىسى کہ پھر نہ اس مىں خزاں کا گرد و غبار دىکھىں

(الفضل 15؍مارچ 1920ء صفحہ 2)

؎ہو قربان تجھ پہ دل مىرا، فدا ہو تجھ پہ جاں مىرى
بہت مدت سے خواہش ہے امامِ دو جہاں مىرى

(الفضل 21اگست 1922ء صفحہ2)

اسى طرح دىوبندىوں کے متعلق اىک نظم اخبار الفضل 5؍نومبر 1913ء صفحہ 4 پر اور خواجہ حسن نظامى صاحب کے حضرت مصلح موعود رضى اللہ عنہ کو دعوت مباہلہ کے لىے بلانے پر اىک نظم اخبار فاروق 24؍جنورى 1918ء مىں شائع شدہ ہے۔

نظم کے علاوہ اسلام احمدىت کى صداقت مىں مضامىن بھى لکھتے، جماعتى لٹرىچر مىں آپ کے مضامىن محفوظ ہىں، مثلًا اخبار بدر 14؍مارچ 1907ء صفحہ10 پر آپ کا اىک مضمون ’’تازے ىہودى‘‘ شائع شدہ ہے۔ اىک مرتبہ اخبار وطن نے حضرت مسىح موعود پر اعتراضات کے متعلق اىک مضمون بعنوان ’’اسرار القادىان‘‘ شائع کىا جس کا تفصىلى جواب آپ نے بعنوان ’’ازالہ وساوس شىطان‘‘ اخبار الحکم مىں شائع کراىا۔

(الحکم 22 اگست 1908ء صفحہ 6,7)

ستارہ ٹوٹنے کے نشان کے متعلق آپ کا اىک خط اخبار بدر مىں ىوں درج ہے:
’’مظفر نگر مىں 7؍اگست کى شب کے 8 بجے اىک اىسا عظىم الشان ستارہ ٹوٹا کہ جس سے نہاىت درجہ روشنى ہوگئى، جو اىک ہىبت ناک حالت لىے ہوئے تھا۔ اس کے اىک ىا دو منٹ بعد بڑى زبردست گرج ہوئى۔ اکثر لوگ کہتے ہىں کہ ہمارى ىاد مىں کبھى اس قسم کا ستارہ نہىں ٹوٹا۔‘‘

(بدر 22 اگست 1907ء صفحہ 11)

آپ کى اىک تبلىغى رپورٹ اخبار الفضل 24 نومبر 1915ء صفحہ 8,9 پر شائع شدہ ہے۔

آپ کے اىک شاگرد محترم محمد سلىمان صاحب بھى سلسلہ احمدىہ مىں داخل تھے اور مخلص احمدى تھے، جن کى اىک طوىل نظم اخبار بدر 25؍ جولائى 1907ء صفحہ 9 پر شائع ہوئى ہے۔ حضرت مفتى محمد صادق ؓ نے اپنے دورہ مظفر نگر کى رپورٹ مىں ان کے متعلق ىوں لکھا ہے :
’’برادر محمد سلىمان صاحب جوشىلے نوجوان احمدى ہىں۔‘‘

(بدر 19-26مئى 1910ء صفحہ 13)

ان کى وفات کى خبر اخبار الفضل مىں ىوں درج ہے: ’’مظفر نگر مىں اىک مخلص احمدى محمد سلىمان صاحب فوت ہوگئے ہىں۔

( الفضل 20؍جون 1939ء صفحہ 2)

آپ نے 25؍جنورى 1932ء کو مظفر نگر مىں ہى وفات پائى، حضرت مفتى محمد صادق صاحبؓ نے خبر وفات دىتے ہوئے لکھا:
’’منشى عبدالخالق صاحب ساکن مظفر نگر پُرانے احمدى تھے، 25؍جنورى کو اپنے وطن مىں فوت ہوئے۔ احباب دعا فرمائىں۔ اللہ تعالىٰ مغفرت کرے۔‘‘

(الفضل 16؍فرورى 1932ء صفحہ 2)

(غلام مصباح بلوچ۔استاذجامعہ احمدیہ کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

عالمی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 نومبر 2021