• 26 اپریل, 2024

تحریکات خلفائے احمدیت (قسط 14)

تحریکات خلفائے احمدیت
میری کتاب ’’عائلی مسائل اور ان کا حل‘‘ کو پڑھیں! (حضرت خلیفة المسیح الخامس)
(قسط 14)

امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس، ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 7؍نومبر 2021ء کو نیشنل عاملہ جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ساتھ آن لائن ملاقات فرمائی۔

ایک ممبر مجلس عاملہ نے عرض کی کہ بڑھتے ہوئے عائلی مسائل کو کس طرح بہتر کیا جا سکتا ہے؟

حضورِانور نے فرمایا کہ میری ایک کتاب ہے ’’عائلی مسائل اور ان کا حل‘‘۔ اس کو پڑھیں اور اس کے اقتباس نکال کے اپنے گھروں میں دیں۔ اور دوسرے یہ کہ صبر اور حوصلہ۔ مردوں عورتوں میں صبر کی کمی ہے۔ ذرا سی بات ہوتی ہے تو انتہا پہ پہنچ جاتی ہیں۔ تو مردوں کو بھی نرمی اور پیار کا سلوک کرنا چاہیے، عورتوں میں بھی برداشت پیدا ہونی چاہئے اور اس کے لیے مختلف وقتوں میں سیکرٹری تربیت کا کام ہے، اصلاحی کمیٹی اور تربیت مختلف پروگرام بناتے رہیں تا کہ مردوں اور عورتوں دونوں کی ٹریننگ ہوتی رہے اور معاملے امورعامہ کے پاس تو تب آتے ہیں جب بگڑتے ہیں۔ اس سے پہلے پہلے اگر اپنےسیکرٹری تربیت کو فعال کر دیں،اگر آپ کے سیکرٹری تربیت اچھا کام کرنے والے ہیں تو مسائل آپ کے پاس کم آئیں گے اور حل ہو جائیں گے۔‘‘

(الفضل انٹر نیشنل 19 نومبر 2021ء)

یہ کتاب خدام میں تقسیم کر سکتے ہیں

دورۂ امریکہ 2018ء میں نیشنل مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ، یو۔ایس۔اے کی امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ 4 نومبر 2018ء کو میٹنگ ہوئی جس میں ایک سوال کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:
ایک کتاب ’سوشل میڈیا کے بداثرات اور ان سے کیسے بچا جاسکتا ہے‘ کے حوالہ سے ہے۔ کتاب کا ٹائٹل تو مجھے یاد نہیں لیکن سوشل میڈیا کے بداثرات کے حوالہ سے ہے۔ یہ 250صفحات کی کتاب ہے۔اس کا انگریزی میں ترجمہ ہو رہا ہے۔ جب یہ تیار ہوجائے تو آپ یہ کتاب بھی خدام میں تقسیم کرسکتے ہیں۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اس وقت جماعت کے دو بڑے مسائل ہیں۔ ایک مسئلہ جو کہ ہماری نوجوان نسل کو تباہ کررہاہے وہ سوشل میڈیا کا استعمال ہے۔ اور دوسرا ازدواجی مسائل کا مسئلہ ہے۔ ہماری جماعت میں شادی کے مسائل میں اضافہ ہورہاہے۔ دوسری کتاب کا موضوع ’’عائلی مسائل ان کا حل‘‘ ہے۔ اس کا ترجمہ ہوچکاہے۔ میرا خیال ہے لجنہ اماء اللہ یوکے نے شائع کی ہے۔

(الفضل انٹرنیشنل 19 اپریل 2019ء)

تعارف کتاب

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عائلی مسائل اور اُن کے حل کے حوالہ سے ارشاد فرمودہ پُرحکمت نصائح اور پُرمعارف ارشادات سے ایک خوبصورت انتخاب پیش کرنے کی ایک کامیاب کوشش لجنہ سیکشن مرکزیہ نے کی ہے۔ A5 سائز کے اڑہائی صد سے زائد صفحات پر مشتمل اس خوبصورت انتخاب کا نام حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ’’عائلی مسائل اور اُن کا حل‘‘ تجویز فرمایا ہے۔ اس کتاب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے گرانقدر ارشادات ایک نئی ترتیب اور منفرد انداز میں پیش کئے گئے ہیں جو خلافتِ خامسہ کے آغاز سے 2013ء تک مختلف اخبارات وجرائد میں شامل اشاعت کئے جاچکے ہیں۔ اس کتاب کی اہمیت اس کے مختصر مگر جامع پیش لفظ سے ہی ظاہر ہے جو کہ سیّدنا حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت خود تحریر فرمایا ہے۔ حضورانور ایّدہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’عائلی مسائل کے متعلق جو مَیں نے باتیں بیان کی ہیں یہ حالاتِ حاضرہ کے مطابق ہیں۔ انہیں لجنہ و ناصرات کو پڑھنا چاہئے اور اِن باتوں پر عمل کرنا چاہئے۔ نیز مجالس کو بھی اِن باتوں کو پیش نظر رکھنا چاہئے اور وقتاً فوقتاً انہیں اجلاسات اور میٹنگز میں دہراتے رہنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ لجنہ کو ان نصائح پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین‘‘

دنیا بھر میں قریباً ہر احمدیہ بُک شاپ سے دستیاب اس کتاب کا رنگین سرورق سادہ مگر باوقارتأثر کا حامل ہے۔ سورۃ الفرقان کی دعائیہ آیت (نمبر 75) ’’رَبَّنَا ہَبۡ لَنَا مِنۡ اَزۡوَاجِنَا وَ ذُرِّیّٰتِنَا قُرَّۃَ اَعۡیُنٍ وَّ اجۡعَلۡنَا لِلۡمُتَّقِیۡنَ اِمَامًا‘‘ سرورق کی زینت ہے اور دراصل اس آیت کریمہ کی عملی تفسیر کو احمدی معاشرہ میں رواج دینے کے لئے یہ کتاب مدوّن کی گئی ہے۔ حضورانور کی شفقت سے اس کتاب کا ہدیہ نہایت معمولی رکھا گیا ہے تاکہ ہر احمدی گھرانہ نہ صرف اس کتاب سے خود استفادہ کرسکے بلکہ تحفۃً دوسروں کو بھی پیش کرسکے۔ اس نہایت مفید کتاب کا انگریزی زبان میں ترجمہ

‘‘Domestic Issues and their Solutions’’

کے نام سے طبع ہوچکا ہے۔ نیز چند دیگر زبانوں (مثلاً عربی، فرانسیسی، جرمن، انڈونیشین اور بنگلہ وغیرہ) میں تراجم کا کام بھی مختلف مراحل میں ہے۔

(مقتبس از الفضل انٹرنیشنل یکم فروری 2019ء)

(ذیشان محمود۔ مبلغ سلسلہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

بہتان طرازی اور الزام تراشی کی شناخت اور اس کی اشاعت سے اجتناب کا حکم

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ