• 25 اپریل, 2024

آئیوری کوسٹ میں ریجنل جلسے

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو بفضل اللہ امسال ملک کے تمام ریجنز میں وقتاً فوقتا ریجنل جلسہ جات کے انعقاد کی توفیق مل رہی ہے۔اس ضمن میں دوران ماہ سینفررا ریجن کے جلسہ کے بعد مؤرخہ 19 مارچ 2022ء کو اومے (Oumé) ریجن نیز 20 مارچ کو ایسیا (Issia) ریجن کو اپنا سالانہ ریجنل جلسہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

ریجنل جلسہ اومے (Oumé)

امسال اومے (Oumé)ریجن کو اپنادوسرا ایک روزہ سالانہ ریجنل جلسہ مؤرخہ 19 مارچ 2022ء بروز ہفتہ ریجن کی ایک جماعت کاغبے (Kagbé)میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔اس جلسہ کے لئے مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ جمعۃ المبارک کے روز سے ہی شروع ہو گیا۔ اس سلسلہ میں ریجنل مشنری مکرم مبشر احمد صاحب نے ریجنل عاملہ نیز احباب جماعت سے مختلف مواقع پر میٹنگز کرکے تیاریوں کا آغاز قبل از وقت ہی کر دیا۔اس کے تحت ریجن کی تمام جماعتوں کا دورہ کرکے احباب جماعت کو جلسہ میں آنے کی دعوت نیز جلسہ میں شمولیت کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔بروز جمعۃ المبارک مرکزی وفد امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب کی قیادت میں جلسہ گاہ میں پہنچ گیا۔چنانچہ بروز جمعۃ المبارک نماز مغرب و عشاء باجماعت ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کو طعام پیش کیا گیا جس کے معا ًبعد سوال وجواب کی نشست رکھی گئی جس میں شاملین جلسہ نے مکرم صلہ ابراہیم صاحب معلم سلسلہ بواکے نیز عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ آبی جان سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے اور ان کے جواب انہیں دیئے گئے۔

جلسہ کےدن کاباقاعدہ آغاز بروز ہفتہ نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا جس کے معاً بعد مکرم بالو احمد صاحب نے آمد مسیح موعودؑ کے حوالے سے درس دیا۔ بعد ازاں نماز فجر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد نیشنل صدران برائے انصار اللہ،لجنہ اماء اللہ نیز نمائندہ صدر خدام الاحمدیہ نے اپنی اپنی ذیلی تنظیمات کے ساتھ میٹنگ کی جس میں انہیں انکے مفوضہ امور کے متعلق رہنمائی کی۔ جلسہ کے باقاعدہ پروگرام کے لئے مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ 9:45 منٹ پر جلسہ گاہ تشریف لائے جس کے بعد باقاعدہ پرچم کشائی کے ساتھ جلسہ کا آغاز کیا گیا۔تلاوت و نظم کے بعد جلسہ کی سب سے پہلی تقریر مکرم جیالو صدیق صاحب معلم سلسلہ آبنگرو نے بعنوان ’’مقام حضرت مسیح موعودؑ‘‘ کی۔جس کے بعد مکرم صلہ ابراہیم صاحب معلم سلسلہ بواکے نے تقریر بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ کی۔اس تقریر کے بعد مکرم بالو احمد صاحب نے تقریر بعنوان ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ کی۔ان کی تقریر کے بعد ذیلی تنظیموں نے نیشنل صدران و نمائندگان نے حاضرین جلسہ سے خطاب کیا اور انہیں ذیلی تنظیموں کی مختصر خاکہ پیش کیا۔جس کے بعد جلسہ میں شامل معزز مہمانان کرام نے حاضرین جلسہ سے اظہار خیال کیا۔ان تقاریر کے بعد جلسہ کی اختتامی تقریر مکر م عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے جلسہ کی اختتامی تقریب بعنوان ’’شرائط بیعت اور انکی پاسداری (پہلی و دوسری شرط)‘‘ کی اور دعا کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئی جس کے بعد حاضرین کی تواضع کھانے سے کی گئی نیز بعد ازاں ریجنل جلسہ اومے کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

دوران سال اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اومے ریجن کو اپنا دوسرا جلسہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ا س جلسہ کے مفوضہ امور کے لئے جلسہ کمیٹی مقرر کی گئی نیز افسر جلسہ مکرم عبدالرحمان کونے صاحب کو مقرر کیا گیا۔جلسہ کی ڈیوٹیز کی انجام دہی کے لئے تمام مجالس سے آئے خدام میں سے چنیدہ خدام بھی مقرر کئے گئے۔امسال اومے ریجن کے جلسہ کی کل حاضری 605 رہی جس میں ریجن کی 17 جماعتوں نے شرکت کی۔جبکہ بطور مہمان خصوصی مختلف مقامی قبائل و جماعات مثلاً انصار الدین، حسبنا اللہ، گنی قبیلہ، مالین، تجانی فرقہ کے مقامی سربراہان نے شرکت کی۔

ریجنل جلسہ ایسیا(Issia)

جماعت احمدیہ ایسیا(Issia) کو محض خدا تعالیٰ کے فضل سے اپنا پہلا ایک روزہ ریجنل جلسہ سالانہ مؤرخہ 20 مارچ 2022ء بروز اتوار ایسیا کی جماعت غازیبو(Gazibouo)میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔اس جلسہ کے انتظامات خاکسار(عبدالنور مبلغ سلسلہ ساں پیدرو) نیز ریجنل مشنری برائے ایسیا مکرم وارث علی صاحب کو کرنے کی توفیق ملی۔جلسہ کے انعقاد سے قبل تمام جماعتوں میں جاکر احباب جماعت کو جلسہ میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔جلسہ سے ایک روز قبل ہی احباب جماعت مختلف مقامات سے پہنچ گئے۔مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ بھی مع جماعتی نمائندگان و نیشنل عاملہ، اومے ریجن کے جلسہ کےاختتام کے بعد بعد از نماز مغرب و عشاء پہنچ گئے جہاں احباب جماعت نے ان کا استقبال کیا۔جس کے بعد احباب جماعت کو کھانافراہم کیا گیامعا ًبعد سوال و جواب کی نشست رکھی گئی جس میں مکرم بالو احمدصاحب و جیالو احمد صاحب،صلہ ابراہیم صاحب و سینا کولیبالی معلمین سلسلہ نے سوالات کے جوابات دیے۔

جلسہ کے روز کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا گیا جس کے بعد مکرم جیالو احمد صاحب معلم سلسلہ آبنگرو نے درس بعنوان پنچوقتہ نماز کی اہمیت دیا جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی۔نماز کے بعد نیشنل صدر انصار اللہ،لجنہ اماءاللہ نیز نمائندہ صدر خدام الاحمدیہ نے اپنی اپنی ذیلی تنظیم کے ضلعی نمائندگان کے ساتھ میٹنگ کی۔سات بجے حاضرین جلسہ کو ناشتہ فراہم کیا گیا۔مکرم امیر صاحب جلسہ گاہ میں نو بجے تشریف لے آئے۔جبکہ جلسہ کا باقاعدہ آغاز پونے دس بجے لوائے احمدیت و قومی پرچم لہرانے سے کیا گیا۔جس کے بعد جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔مکرم زالے یونس صاحب معلم سلسلسہ باکارادوگو نے تلاوت قرآن پاک کی اور فرینچ زبان میں اس کا ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ سینفرا نے قصیدہ پڑھا۔جلسہ کی پہلی تقریر مکرم وترا زکریا صاحب معلم سلسلہ غازیبو نے بعنوان ’’وفات مسیحؑ نیز ختم نبوت‘‘ کی جس کے بعد مکرم سومارو قاسم صاحب معلم سلسلہ ساں پیدرو نے تقریر بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ کی۔بعد ازاں مکرم وترا عبداللہ صاحب معلم سلسلہ ایسیا شہرنے بعنوان ’’اسلام امن کامذہب‘‘ کی۔جس کے بعد ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدران نے مختصر خطاب کیا بعد ازاں جلسہ میں شامل غیر از جماعت معزز مہمانان نے اظہار خیال کیا۔جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے بعنوان ’’یوم مسیح موعودؑ نیز شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں (تیسری و چوتھی شرط)‘‘ کی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئی اور طعام کے ساتھ جلسہ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

ایسیا ریجن کے پہلے جلسہ میں بفضل خدا تعالیٰ 1182 افراد نے شرکت کی نیز ریجن کی 08 جماعتوں کے ساتھ دیگر 08 ریجنز کی نمائندگی بھی رہی۔جلسہ سے قبل پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں جلسہ کے کامیاب انعقاد کے لئے دعائیہ خط لکھا گیا جس کا جواب بھی پیارےآقا کی طرف سے موصول ہوا۔جلسہ سے ایک روز قبل انتہائی تیز بارش شروع ہوگئی جس کے باعث جلسہ میں رکاوٹ کا احتمال تھا تاہم تیز بارش کا یہ سلسلہ جلسہ کے روز نماز فجر کے ساتھ ہی تھم گیا نیز پورا دن انتہائی خوشگوار موسم رہا جس کے باعث حاضرین جلسہ گرمی کی پریشانی سے بچے رہے۔جلسہ کے انتظامات کے لئے کمیٹی بنائی گئی نیز جلسہ کے دوران بلڈ ڈونیشن کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں کل 55 مردوخواتین نے عطیہ خون کرنے کی سعادت پائی۔جلسہ میں سرکاری افسران نے بھی شرکت کی جس میں شہر کے نائب گورنر،نیز کمشنر کے نمائندہ،4گاؤں کے چیف،کئی ایک مقامی غیر از جماعت امام،مقامی چرچ کے پاسٹر صاحب بھی شامل تھے جنہوں نے اپنے اظہار خیال میں جماعت احمدیہ کی اس کاوش کو سراہا اور بعد ازاں اکثر مسلمان آئمہ نے اس بات کا اقرار کیا کہ جماعت احمدیہ کے متعلق جو باتیں دوسروں سے سنی تھیں آج خود ان کے پروگرام میں شامل ہو کر وہ سب خدشات دور ہوگئے۔ اس جلسہ کی خبر مقامی اخبارAIPمیں بھی جماعتی لوگو ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے ساتھ لگی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ شاملین جلسہ کو جلسہ کی برکات سے حقیقی فائدہ اٹھانے والا بنائے نیز ان کے حق میں حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کو پورا کرے۔نیز جماعت احمدیہ اومے و ایسیا کو آئندہ بھی تربیت کے ایسے موقع پیدا کرنے کی توفیق عطا فرماتا جائے۔آمین

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 اپریل 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ