• 26 اپریل, 2024

جامعۃ المبشرین سیرالیون میں جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا بابرکت انعقاد

جامعۃ المبشرین سیرالیون میں طلباء کے علم میں اضافے اور قوتِ بیان میں بہتری کے لئے باقاعدہ طور پر سیمینار اور جلسے منعقد کئے جاتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے باقاعدہ طور پر مجلسِ ارشاد قائم ہے اور باقاعدگی سے مختلف اہم موضوعات پر پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں۔

مورخہ 27 ؍ ستمبر بروز اتوار ایک جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن گیارہ بجے مکرم مبارک احمد گھمن صاحب کی صدارت میں تلاوت ِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس سال مے مقابلۂ تلاوت میں دوم آنے والے طالب علم عزیزم سلیمان سو نے تلاوت قرآن اور اس کا ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ عزیزم ابراہیم ایس کروما نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی نعت حضرتِ سیدِ ولدِ آدم پیش کی اور اس کا انگریزی ترجمہ عزیزم حسن نوحا نے پیش کیا۔

پروگرام کی پہلی تقریر عزیزم عبدالکریم طورے نے بعنوان آنحضور ﷺ ایک داعی الی اللہ کے پیش کی اور خدائے واحد کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کے لئے آپ کی تڑپ اور اس بارے میں آپ کی بے مثال کوششوں کا ذکر کیا۔

دوسری تقریر استاذ جامعہ مکرم حافظ اسد اللہ وحید صاحب نے آنحضرت ﷺ کے طریق ِ نصیحت پر پیش کی اور واقعاتی رنگ میں بتایا کہ آپ کا اندازِ نصیحت کس قدر بہترین اور ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔

پروگرام کی تیسری اور آخری تقریر مکرم مبارک احمد صاحب پرنسپل جامعہ کی تھی جس میں آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عشقِ رسول ﷺ کے متعلق بتایا۔آپ نے بتایا کہ خدا تعالیٰ کی محبت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ اطاعت رسول ﷺ ہے۔

تقاریر کے بعد طلباء کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا اور طلباء نے موقع کی منابست سے سوالات پوچھے اور اساتذہ کی جانب سے ان کے جوابات دئے گئے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معنوں میں آنحضور ﷺ سے محبت اور آپ کے اسوۂ پر عمل کرنے والا بنائے۔ آمین

(مرسلہ: (عبدالہادی قریشی، نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (سیرالیون))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 24 اکتوبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 اکتوبر 2020