• 10 اکتوبر, 2024

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس کا جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے نام پیغام

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے 39ویں جلسہ سالانہ 2021ء کے موقع پر
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا احباب جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے نام پیغام

بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِيۡمِ
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّي عَليٰ رَسُوْلِہ الْکَرِيْمؐ
وَعَليٰ عَبْدِہ الْمَسِيْحِ الْمَوْعُوْدؑ

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھوالنّاصر

پيارے احباب جماعتِ احمديہ سوئٹزرلينڈ

السلام عليکم ورحمة اللّٰہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کي خوشي ہے کہ جماعت احمديہ سوئٹزرلينڈ 11 اور 12 ستمبر 2021ء کو اپنا دو روزہ جلسہ سالانہ منعقد کرنے کي توفيق پا رہي ہے۔ ميري دُعا ہے کہ اللہ تعاليٰ آپ کے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور شاملينِ جلسہ کو اس کي علمي و روحاني برکات سے بے انتہاء فائدہ اُٹھانے کي توفيق بخشے۔ کيونکہ يہ جلسہ مخصوص حالات ميں ہو رہا ہے اور اس ميں ايک معين تعداد کو شامل ہونے کي اجازت ہے اس لئے جو جلسہ کے مقام پر نہيں جا سکتے ان کے لئے آن لائن جلسہ سُننے کا انٹظام ہے۔ ان کو چاہئے کہ وہ آن لائن اس جلسہ ميں شامل ہوں اور حضرت اقدس مسيح موعود عليہ السلام کي ان دُعاؤں کا وارث بنيں جو آپ نے جلسہ سالانہ ميں شاملين کے لئے فرمائي ہيں۔

اللہ تعاليٰ کا آپ پر بڑا فضل اور احسان کہ اس نے آپ کو اس زمانہ کے امام کو ماننے اور اس کي جماعت ميں شامل ہونے کي توفيق بخشي ہے۔ حضرت مسيح موعود عليہ السلام کي بيعت ميں آنے کے بعد آپ پر يہ ذمہ داري عائد ہوتي ہے کہ آپ ہميشہ ان مقاصد کو پيشِ نظر رکھيں جو بيعت اور جلسہ کے انعقاد کے مقاصد ہيں۔ وہ مقاصد کيا ہيں؟ يہي کہ دُنيا کي محبت ٹھنڈي ہو۔ خدا ترسي اور پرہيز گاري پيدا ہو۔

حضرت مسيح موعود عليہ السلام فرماتے ہيں: ’’اس جلسہ سے مدعا اور اصل مقصد يہ تھا کہ ہماري جماعت کے لوگ کسي طرح با ر بار کي ملاقاتوں سے ايک ايسي تبديلي اپنے اندرحاصل کرليں کہ ان کے دِل آخرت کي طرف بکلي جھک جائيں اور ان کے اندر خداتعاليٰ کاخوف پيدا ہو اور وہ زہد اور تقويٰ اور خداترسي اور پرہيز گاري اورنرم دلي اور باہم محبت اور مواخات ميں دوسرے کے لئے ايک نمونہ بن جائيں‘‘

(روحاني خزائن جلد6 صفحہ 394)

پس آپ ميں سے وہ سب جو دنيوي کاموں اور کاروباروں کو چھوڑ کر جلسہ ميں شامل ہونے کے لئے جمع ہوتے ہيں يا آن لائن جلسہ ميں شامل ہو رہے ہيں آپ کي يہ کوشش ہوني چاہئے کہ خالص ہو کر اس مقصد کے حصول کے لئے کوشش کرنے والے بن جائيں۔ نيکيوں ميں بڑھنے والے اور تقويٰ کے معياربلند کرنے والے بن جائيں۔ اپنے نفسوں ميں پاک تبديلي پيدا کرنے کي سعي کرنے والے ہوں۔ جب اللہ تعاليٰ نے آپ کو زمانے کے امام کو ماننے کي توفيق عطا فرمائي ہے تو ان معياروں کے حصول کي بھي توفيق عطا فرمائے جو آپ اپني جماعت سے چاہتے ہيں۔

حضرت اقدس مسيح موعود عليہ السلام ان مقاصد کي توجہ دلاتے ہوئے ايک اور جگہ فرماتے ہيں:
’’بيعت کي حقيقت سے پوري واقفيت حاصل کرني چاہئے اور اس پر کاربند ہونا چاہئے اور بيعت کي حقيقت يہي ہے کہ بيعت کنندہ اپنے اندر سچي تبديلي اور خوفِ خدا اپنے دِل ميں پيدا کرے اور اصل مقصود کو پہچان کر اپني زندگي سے ايک پاک نمونہ پيدا کر کے دکھاوے۔اگر يہ نہيں تو پھر بيعت سے کچھ فائدہ نہيں‘‘۔

(ملفوظات جلد پنجم صفحہ604-605 جديد ايڈيشن)

پس جلسہ کے دنوں ميں آپ علمي اور تربيتي طور پر قرآن،حديث اور سُنت کي روشني ميں باتيں سُنيں گے تو خدا تعاليٰ کي ذات کا اِدراک، اُس سے تعلق جوڑنے کي طرف آپ کي توجہ مبذول ہو گي۔ اس علم کے ساتھ اپنے عمل کو بھي صيقل کرتے چلے جانے کي ضرورت ہے۔ جو کچھ حاصل کيا، اُس کو سنبھالنے اور اُس سے فيض اُٹھاتے چلے جانے کي ضرورت ہے۔ اپنے ہر عمل ميں دوام اور باقاعدگي کي ضرورت ہے۔ ان برکات کو سميٹنے کے لئے اس جلسہ کو بھي فضل الہٰي سمجھنا چاہئے۔ اللہ تعاليٰ آپ سب کواس کي توفيق عطا فرمائے۔ ايک بات جو آخر پر کہنا چاہتا ہوں وہ يہ ہے کہ ايم ٹي اے کے پروگراموں سے خود بھي فائدہ اُٹھائيں اور اپنے بچوں کو بھي اس کي تلقين کريں۔ ميرے خطبات باقاعدگي سے سُنيں۔ اس کے نتيجہ ميں آپ کا تعلق خلافت سے بڑھے گا اور خلافت کي برکات سے بھي حصہ پائيں گے۔ اپني اولادوں کو بھي خلافت کے ساتھ جوڑيں۔ اس کي برکات سے آگا ہ کريں۔ آپ حضرت مسيح موعود عليہ السلام کي بيعت کے مقاصد کو تبھي پورا کرنے والے بنيں گے جب حضرت مسيح موعود عليہ السلام کے خلفاء سے وفا اور اخلاص کا تعلق مضبوط کريں گے۔ پھر احياء اسلام کا کام بھي خلافت احمديہ کے ساتھ جڑ کر ہي سر انجام ديا جا سکتا ہے۔ اللہ تعاليٰ آپ کو ان نصائح پر عمل کرنے کي توفيق بخشے۔ آمين۔

والسلام
خاکسار
مرزا مسرور احمد
خليفة المسيح الخامس

پچھلا پڑھیں

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے 39ویں جلسہ سالانہ کا انعقاد

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 اکتوبر 2021