انگریزی سے ترجمہ:احمدمستنصر قمر
احمدیہ’’مسجدبیت الہادی‘‘ امریکہ ریاست نیوجرسی کے ایک شہر اولڈبرج (Old Bridge)میں واقع ہے۔ اس شہر کی آبادی تقریباً 65 ہزار نفوس پرمشتمل ہے اور یہ ریاست نیوجرسی کی بڑی میونسپلٹیز میں سےایک ہے۔ یہاں پرجماعت کالوکل کونسل کےساتھ سالہاسال سے پرانا تعلق چلا آرہا ہے اور اس میں کافی قربت اورایسوسی ایشن ہے۔ جماعت کی طرف سے Service Awards کے نام سے ایوارڈز دینے کے سلسلہ کا آغازاس سوچ سے ہوا کہ معاشرے میں جولوگ خصوصیت کےساتھ انسانی خدمت کاکوئی کام سرانجام دیں اور اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی کو انسانیت کی خدمت کے کاموں کے لئےوقف کردیں تو انہیں ان کی خدمت کے اعتراف کے طورپر ایوارڈ سےنوازا جائے۔چنانچہ اس تقریب کا انعقاد سالانہ بنیادوں پر کیا جاتا ہے اور ایسا Thanksgiving Season میں کیا جاتا ہے۔ تاکہ جماعت کی طرف سے لوکل سطح پر اُن شہریوں کی خدمات کا اعتراف کیا جائے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جائے جو جماعت کاماٹو ’’محبت سب کیلئے نفرت کسی سےنہیں‘‘ کےاصول پرعمل پیرا ہوں۔
جماعت احمدیہ سنٹرل جرسی ماضی میں یہ ایوارڈ کئی تنظیموں کودے چکی ہےجن میں لوکل فرسٹ ایڈسکواڈ اولڈ برج فوڈبنک کےرضاکاران ،کمیونٹی ایمرجنسی ریسپونس ٹیم (Community Emergency Response Team)، علاقے میں معذور بچوں کی ایک فٹبال ٹیم جو ’’Just for kids‘‘ کے نام سے جانی جاتی ہے اور لوکل سروس شامل ہیں۔اس سال یہ ایوارڈ اولڈبرج ٹاؤن شپ آگزلری پولیس (Old Bridge Township Auxiliary Police) کو دیا گیا۔جو لوکل پولیس کے تحت رضاکارانہ خدمت بجا لانے والا ایک ادارہ ہے۔جس کا کام مختلف شہری تقریبات کے دوران ٹریفک کنٹرول کرنا،کسی آفت کی صورت میں امدادی کارروائیاں کرنا، ایمرجنسی میں مدد کرنا اور شہری آبادی میں حفاظت کےپیشِ نظرگشت کرناہے۔ یہ ادارہ پولیس کے ماتحت بعض دیگر خدمات بھی بجالاتا ہے۔ ہرسال بیسیوں گھنٹے خدمتِ انسانیت کےکاموں میں وقف کرتا ہے۔
اس سال ایوارڈ کو حاصل کرنے کیلئے اس رضاکار ادارے کے کئی پولیس آفیسر جن میں ڈپٹی چیف رونالڈ پیٹرسن(Ronald Peterson) بھی شامل تھے۔ تقریب میں شامل ہوئے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم طارق شریف نے جماعت کی طرف سے ایک سپاس نامہ پیش کیا۔ امریکہ کے قومی پرچم کے ساتھ امریکہ کاقومی ترانہ ناصرات الاحمدیہ کی ایک رُکن زہرہ احمد نے پیش کیا۔ اس کے بعد شہر کے میئر (Owen Henry) نے ویلکم ایڈریس پیش کیا۔ اورآگزلری پولیش یونٹ کوایوارڈ سے نوازا۔ میئر نے اس موقع پرخصوصیت کےساتھ جماعت کےاس سالانہ پروگرام کی تعریف کی ۔اس طرح جماعت کی دیگر فلاحی خدمات کوبھی سراہا۔ شہر کی بعض دیگر شخصیات نے بھی اس موقع پر تقریب سے خطاب کیا۔جن میں کونسل کی صدر Mary Sohor، نائب صدر Aneeta Greenberg Belli اور Edinn Brom جوکونسل ممبر برائے وارڈ نمبر 3 ہیں نیز صدر جماعت احمدیہ سنٹرل جرسی مکرم عبد الناصر نے بھی خطاب کیا اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اورجماعت کے فلاحی کاموں کا ذکر کیا جن میں فوڈ اور بلڈ کے عطیات دینے کا پروگرام ہے۔ ہیومینیٹی فرسٹ کے پروگرام ہیں اور اپنے ملک سے وفاداری اور امنِ عامہ کیلئے کوششیں شامل ہیں جن کی تحریک جماعت احمدیہ کے امام حضرت صاحبزادہ مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ فرماتے رہے ہیں۔
تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا اور اس کے بعد خصوصی طور پر تیار کیا گیا Thanks Giving Dinner حاضرین کی خدمت میں پیش کیا گیا۔
ٹی وی ایشیا چینل کے نمائندوں نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی اوراس کی خبراپنے پروگرام میں دی۔
(صفوان اکبر۔امریکہ)