• 5 مئی, 2024

نمازجنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضرو غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 15 جنوری 2022ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر آ کر درج ذیل نماز جنازہ پڑھائے

نماز جناز ہ حاضر

  • محترمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم ارشاد احمد صاحب مرحوم (آف دارالعلوم جنوبی حلقہ بشیر ربوہ۔حال جماعت وانڈز ورتھ۔ یوکے)

10 جنوری 2022 کو 79 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے حضرت ڈاکٹر محمد بخش صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آغوش میں پرورش پائی۔ مرحومہ نے ربوہ میں تقریباً 30 سال تک اپنے محلہ میں بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی ۔ ربوہ میں 300 بچیوں کو قرآن کریم ترجمہ و تلفظ کے ساتھ پڑھانے کا بھی موقعہ ملا۔ مرحومہ بہت دیندار، صوم وصلوۃ کی پابند، بُہت ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ کو اپنے دور صدارت میں ربوہ کے گرد و نواح کے دیہات میں بہت مستعدی سے دعوت الیٰ اللہ کرنے کی بھی توفیق مِلتی رہی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ مرحومہ مکرم مبارک احمد ظفر صاحب (ایڈیشنل وکیل المال اسلام آباد۔یوکے) اور مکرم مبشر احمدظفر صاحب (واقف زندگی ٹیلی فون ایکسچینج مسجد فضل لندن) کی بڑی ہمشیرہ تھیں۔

نماز جنازہ غائب

1. مکررمہ صادقہ ثریا بیگم صاحبہ اہلیہ چوہدری محمد صادق صاحب مرحوم (واقف زندگی سابق اکاؤنٹنٹ وکالت تبشیر)

یکم جنوری 2022ء کو 86 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ ددھیال اور ننھیال کی طرف سے صحابہ کی نسل میں سے تھیں اور ایک دیندار جماعتی گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں۔ خدمت دین کے ساتھ خدمت خلق آپ کا نمایاں پہلو تھا۔ بہت سے لوگوں کی باقاعدگی سے مالی معاونت کرتیں اور تحفہ جات پہنچایا کرتی تھیں۔ رمضان میں خاص اہتمام ہوتا تھا۔ ملازموں کے ساتھ غیر معمولی حسن سلوک کرتی تھیں۔ انتہائی مشکل حالات میں واقف زندگی شوہر کے ساتھ وقف نبھایا۔ باقاعدہ تلاوت قرآن کریم کے علاوہ آپ جماعتی اخبارات و رسائل و کتب سیرت کا بالخصوص شوق سے مطالعہ کیا کرتی تھیں۔ کثیر العیال ہونے کے باوجود قناعت، مہمان نوازی، انفاق کے اوصاف سے متصف تھیں۔ چندہ جات کی ادائیگی بر وقت آغاز میں ہی کر دیا کرتی تھیں اور پھر غریبوں کی امداد کا وسیع سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا تھا۔آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے 9/1 حصہ کی موصیہ تھیں۔پسماندگان میں پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم محمد محمود طاہر صاحب (سیکرٹری فضل عمر فاؤنڈیشن) کی والدہ اور مکرم طارق محمود ظفر صاحب (امیر و مبلغ انچارج ۔کینیا) کی خوش دامن تھیں۔آپ کے ایک بیٹے (کمانڈر) ناصر احمد صاحب دفتر پرائیویٹ سیکرٹری اسلام آباد (یوکے) کے شعبہ ڈسپیچ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

2. مکرم سید مقبول جاہ صاحب

11 جولائی 2021 کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ کو تبلیغ کا بہت شوق تھا اور پندرہ بیعتیں کروانے کی بھی توفیق پائی ۔مرحوم موصی تھے۔

3. مکرمہ زیب النساء صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد ملک صاحب مرحوم (سابق صدر جماعت بھیرہ)

25 دسمبر 2021 کو 97 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحومہ نے لمبا عرصہ بھیرہ میں صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند اور تہجد گزار خاتون تھیں۔ بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں ۔پسماندگان میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

4. مکرم عثمان احمد صاحب (پاکستان)

گزشتہ سال 18 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم خوش اخلاق، ملنسار، ہمدرد، مخلص اور ایک باوفا نوجوان تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن کی طرف سے تعزیت قبول فرمائیں۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ