اَللّٰہُمَّ اَصْلِحْ اُمَّةَ مُحَمَّدٍ، اَللّٰہُمَّ ارْحَمْ اُمَّةَمُحَمَّدٍ، اَللّٰہُمَّ اَنْزِلْ عَلَیْنَا بَرَکَات مُحَمَّدٍوَصَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍوَبَارِکْ وَسَلَّمَ
(مکتوبات احمدیہ، جلد اول صفحہ:50، ایڈیشن 1908، قادیان)
ترجمہ: اے اللہ !محمدﷺ کی امت کی اصلاح فرما۔ اے اللہ! محمدﷺ کی امت پر رحم فرما۔ اے اللہ! ہم پر محمدﷺ کی برکات نازل فرما۔ اور آپﷺ پر رحمتیں اور سلامتی نازل فرما۔
اَللّٰہُمَّ اِنْ اَھْلَکْتَ ھٰذِہِ الْعِصَابَۃَ فَلَنْ تُعْبَدْ فِیْ الْاَرْضِ اَبَدًا
(تذکرہ:352، ایڈیشن چہارم، 2004)
ترجمہ: اے اللہ! اگر تونے اس گروہ کو ہلاک کر دیا تو پھر قیامت تک زمین پر تیری سچی عبادت کرنے والا کوئی نہیں رہے گا۔
یہ سیّدنا حضرت اقدس مرزا غلام احمد مسیحِ موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی لوگوں کی اصلاح کے لئے دعائیں ہیں۔
ہمارے بہت پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دنیا کے موجودہ حالات کے پیش نظر مسلسل دعاؤں کی تحریک فرما رہے ہیں۔ آپ اپنے ایک خطبہ جمعہ میں اسی طرح دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرماتے ہیں
پس ساری باتیں جو آپ نے سنیں یہ تقاضا کرتی ہیں کہ ہم دنیا کی ہدایت کے لئے دعا کریں۔ مسلمانوں کی ہدایت کے لئے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ انسانیت کو بھی تباہ ہونے سے بچائے۔ آج کل جس نہج پر خداتعالیٰ کو بھول کر انسانیت چل رہی ہے، ایک ملک دوسرے ملک سے جس طرح (ظاہرًا نہیں بھی) تواندر ہی اندر پر خاش رکھے ہوئے ہے، ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور بڑی تیزی سے اس طرف جا رہے ہیں جہاں جنگ عظیم کا بڑا واضح امکان نظر آ رہا ہے۔ اس سے پھر انسانیت کی تباہی ہونی ہے۔ اس لئے ہمیں یہ دعا خاص طور پر کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ جہاں جنگ کے شر سے اور جنگ کی آفات سے سب احمدیوں کو محفوظ رکھے وہاں مسلم امہ کو بھی محفوظ رکھے اور تمام انسانیت کو بھی محفوظ رکھے۔ اگر ایک لحاظ سے دیکھا جائے تو دنیا بالکل آگ کے کنارے پر کھڑی ہے اور کسی وقت بھی یہ کنارا گرے گا اور ایک خوفناک تباہی اور آفت آنے والی ہے۔ اس لئے بہت زیادہ دعاؤں کی ضرورت ہے۔ اس طرف خاص توجہ دیں۔ اگر آج دنیا میں کوئی بچا سکتے ہیں تو احمدی دعاؤں سے بچا سکتے ہیں کیونکہ یہی لوگ ہیں جو حقیقی مومن بھی ہیں اور اس جماعت میں شامل ہیں جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جماعت ہے۔ پس خاص کوشش سے اپنے اندر بھی تبدیلیاں پید کرتے ہوئے اور دنیا کی تباہی کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے خاص طور پر بہت دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(خطبہ جمعہ 13 فروری 2009ء)
(مرسلہ:مریم رحمٰن)