• 27 اپریل, 2024

برکینا فاسو میں تقاریب آمین کا بابرکت انعقاد

مخبر صادق حضرت محمد ﷺ نے جہاں خداتعالیٰ سے خبر پا کر یہ اطلاع دی کہ ایک زمانہ ایسا بھی آئے گا جب قرآن کریم جیسے انعام خداوندی کو بھلا دیا جائے گا، رسمی طور پر پڑھنا پڑھانا تو باقی رہے گا تاہم عملی صورت مخدوش ہوتی جائے گی۔ وہاں آپ ﷺ نے ایک ایسے خادم قرآن وجود کی آمد کی خبر بھی دی جس کا کام ہی قرآن کی عظمت کو دلوں میں بٹھانا اور اس پر عمل کرنے کے لئے ایک گروہ صادقاں تیار کرنا تھا۔ بحیثیت جماعت ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اس موعود مسیح پاک ؑ کے درخت وجود سے جڑنے کی سعادت ملی ہے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے عملی نمونے سے افراد جماعت میں قرآن مجید کی عظمت اور شان کو قائم فرمایا۔ آپ فرماتے ہیں:

؎ شکرِ خدائے رحماں! جس نے دِیا ہے قرآں
غنچے تھے سارے پہلے اب گُل کھِلا یہی ہے
دِل میں یہی ہے ہر دم تیرا صحیفہ چُوموں
قرآں کے گِرد گھوموں کعبہ مرا یہی ہے

(قادیان کے آریہ اور ہم صفحہ48۔ مطبوعہ 1907ء)

پھر ایک تحدی کے ساتھ یہ اعلان فرمایا:
’’نوع انسان کے لئے روئے زمین پر اب کوئی کتاب نہیں مگر قرآن‘‘ (کشتی نوح ص13)

قرآن مجید سیکھنا، سکھانا، اس کا پڑھنا اور دوسروں کو پڑھاتے چلے جانا ایک ایسا مستقل کام ہے جس کا اختتام نہیں۔ جماعت احمدیہ کی یہ امتیازی شان ہے کہ خدمت قرآن میں ہمہ تن مصروف ہے۔ دنیا کے کونے کونے میں دن رات خدمت قرآن مجید کے پروگرام سارا سال جاری رہتے ہیں۔

مغربی افریقہ کے صحرائی ملک برکینا فاسو میں جماعت احمدیہ علمِ قرآن سے لوگوں کے دلوں کو گل گلزار کرنے کی کوشش میں مسلسل مصروف ہے۔ درجنوں مشن، بیسیوں معلمین اور مربیان کرام، ذیلی تنظیمیں اور دیگر صاحبان ِعلم اس کوشش میں ہیں کہ نور قرآن کو زیادہ سے زیادہ پھیلا یا جائے۔ جہاں جماعت کے افراد کو قرآن مجید سکھانے کی کوشش جاری ہے وہاں ایسے خوش نصیب افراد کی حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے جو قرآن مجید پڑھنے کی سعادت پا رہے ہیں۔ برکینافاسو کے مختلف ریجنز میں جب ایک تعداد قرآن مجید کا دور مکمل کر لیتی ہے تو اجتماعی ’’تقریب آمین‘‘ کا انعقاد کیا جاتا ہے تا کہ جہاں ان خوش نصیبوں کا نمونہ دوسروں کے لئے پیش کیا جائے وہاں نئے آنے والوں اور جنہوں نے ابھی یہ سعاد ت نہیں پائی، کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

برکینا فاسو میں ماہ جون 2021ء میں چار مختلف مقامات پر آمین کی بابرکت تقاریب منعقد ہوئیں۔ اور مجموعی طو رپر ایک صد اکیس خوش نصیب افراد نے قرآن مجید کا دور مکمل کرنے کی سعادت پائی۔ ان تقاریب کا مختصر جائزہ پیش ہے:

ڈوری ریجن میں تقریب آمین کا انعقاد

مؤرخہ 6؍جون 2021 کو ڈوری شہر میں تقریب آمین کا پروگرام ہوا۔ اس تقریب میں ریجن کی بعض جماعتوں کے احباب و خواتین شامل ہوئے۔ یہ بابرکت تقریب ڈوری کی ریجنل مسجد بیت الطاہر میں منعقد ہوئی۔ نیشنل ہیڈکواٹرز سے مکرم امیر صاحب برکینافاسو کی نمائندگی میں مکرم حافظ منظور احمد صاحب اور مکرم ذیلا یوسف صاحب پر مشتمل وفد ڈوری تشریف لایا۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا مکرم حافظ یوسف صاحب نے تلاوت و ترجمہ پیش کیا۔ مکرم حافظ منظوراحمدصاحب نے قرآن مجید ناظرہ کا دور مکمل کرنے والے خوش نصیبوں سے قرآن مجید کے مختلف حصے سنے اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ بعد ازاں مکرم ذیلا یوسف صاحب نے قرآن مجید کی عظمت کے حوالے سےتقریر کی۔ مکرم شاکر مسلم صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ ڈوری نے اختتامی دعا کروائی۔ اس موقع پر کل بائیس افراد کی آمین ہوئی۔ جن میں سات خدام، پانچ انصار اور دس لجنہ شامل تھیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کے لئے یہ اعزاز مبارک فرمائے۔

سن کر قرآن مجید حفظ کرنے کا اعزاز

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ Nimatoaa (نیماتوآ) جماعت کے ایک ناصر مکرم عبداللہ Soumana صاحب جن کی عمر پنتالیس سال ہے آنکھوں کی نعمت سے محروم ہیں۔ لیکن خداتعالیٰ نے آپ کی اندرونی آنکھ غیر معمولی روشن کر دی ہے۔ آپ نے قرآن مجید سے عشق او رمحبت کا اظہار اس طرح کیا ہے کہ تلاوت قرآن مجید سن سن کر سارا قرآن حفظ کر لیا ہے۔ آپ کو اس غیرمعمولی کام کے سرانجام دینے میں دس سال لگے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے سینہ کو قرآنی علوم سے منور فرمائے اور قرآن مجید سے محبت کے اس جذبے کا اجر عظیم عطا فرمائے۔

تینکو دوگو میں تقریب آمین کا انعقاد

تینکو دوگو ریجن میں تقریب آمین مؤرخہ 06 ؍جون 2021 کو منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں نیشنل ہیڈ کواٹرز سے مکرم امیر صاحب برکینا فاسو کی نمائندگی میں مکرم حافظ طیب احمد شاہ صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی تشریف لے گئے۔ آپ نے قرآن مجید ناظرہ کا دور مکمل کرنے والے خوش نصیب افراد سے قرآن مجید کے منتخب حصے سنے اور اسناد تقسیم کیں۔ آپ نے اپنے اختتامی کلمات میں احباب جماعت کو قرآن مجید کا علم حاصل کرنے اور روزانہ تلاوت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں آپ نے اختتامی دعا کروائی۔ اس تقریب میں کل 53افراد کی آمین ہوئی، جن میں 41 خدام وانصار اور 12لجنہ شامل تھیں۔مجموعی طور پر تقریب میں شامل ہونے والوں کی تعداد 155رہی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کے لئے یہ اعزاز مبارک فرمائے۔

سفانے شہر میں تقریب آمین کا انعقاد

مؤرخہ 08 ؍جون 2021ء کو ددگو ریجن کی جماعت (SAFANE) سفانے شہر میں تقریب آمین کا بابرکت انعقاد ہوا۔ مکرم امیر صاحب برکینا فاسوکی نمائندگی میں مکرم حافظ طیب احمد شاہ صاحب نیشنل سیکریٹری تعلیم القران و وقف عارضی نے تقریب میں شرکت کی۔ صبح دس بجے تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ مکرم محب اللہ خالد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ ددگو نے احباب جماعت کے سامنے تقریب کا مقصد اورتعارف پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم حافظ طیب احمد شاہ صاحب نے قرآن مجید ناظرہ مکمل کرنے والے خوش نصیبوں سے قرآن مجید کے مختلف حصے سنے اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب سے مخاطب ہوتے ہوئے آپ نے اپنے اختتامی کلمات میں احباب جماعت کو تلاوت قرآن مجید کی طرف توجہ دلائی اور ناظرہ قرآن کا دور مکمل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر آپ نے دعا کروائی۔اس پروقار تقریب میں حاضرین کی کل تعداد دوصد تیس (230) رہی۔ جس میں گاؤں کے معززین اور غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے۔سفانے شہر کی اس تقریب میں کل 38 افراد کی آمین ہوئی۔ تقریب میں شامل خدام سفید شرٹس اور کالی پینٹ پہن کر شامل ہوئے۔

’نونا‘ میں تقریب آمین کا انعقاد

مؤرخہ 09 جون کو ددگو ریجن کی ایک اور جماعت نونا Nouna میں تقریب آمین منعقد کی گئی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ مکرم حافظ طیب احمد شاہ صاحب نے خدام سے قرآن سنا اور سندات تقسیم کیں۔ اس تقریب میں قرآن مجید ناظرہ مکمل کرنے والے تمام خوش نصیب مجلس خدام الاحمدیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ تقریب کی مجموعی حاضری 145 افراد رہی۔ پروگرام کے اختتام پر احباب جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

حضرت مصلح موعود ؓجماعت احمدیہ کو خدمتِ قرآن کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’ہماری جماعت کو کوشش کرنی چاہیئے کہ دنیا قرآن کریم کی خوبیوں سے واقف ہو اور قرآن کریم کی تعلیم لوگوں کے سامنے بار بار آتی رہے۔ تا کہ دنیا اس کے سایہ تلے آکر امن حاصل کرسکے۔‘‘

(روزنامہ الفضل ستمبر 14؍ 1940ء)

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ برکینافاسو کو قرآن مجید کی تعلیم کو احباب جماعت تک پہنچانے، اس پر عمل کرنے اور اس نور ہدایت کو پھیلانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین۔

(رپورٹ : چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن ۔برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 جولائی 2021