• 26 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم جاوید اقبال ناصر مربی سلسلہ جرمنی سے اعلان بھجواتے ہیں کہ:
خاکسار کی والدہ محترمہ رضیہ بیگم زوجہ چوہدری محمد سلیمان صاحب مرحوم آف راجن پورشہر پاکستان مورخہ 16 جولائی بروز جمعۃ المبارک کوصبح بقضاء الٰہی سے75 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اناللّٰه وانا الیه راجعون

اللہ تعالیٰ نے آپ کے اندر بہت سی خوبیاں رکھی تھیں۔ آپ کو صدر لجنہ شہرو ضلع راجن پور رہنے کی سعادت ملی۔جماعت اور خلافت کے ساتھ بے پناہ وفا اور محبت کا تعلق تھا۔ مہمان نوازی اور غریب پروری آپ کی اہم صفات تھیں۔ واقفین اور مربیان کرام سے ایک خاص عقیدت اورپیار تھا۔ مالی قربانی میں ہمیشہ صفِ اوّل میں تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ مو صیہ تھیں اورآپ نے اپنی زندگی میں ہی اپنی جائیداد کا حصہ آمد ادا کر دیا ہوا تھا۔ ذیا بیطس اور بلڈ پریشر کی مریضہ تھیں۔ دو ماہ قبل آپ کو فالج کا حملہ ہوا تھا۔طبعیت کچھ بہتری کی طرف مائل تھی لیکن فالج نے ایک اور حملہ کردیا ۔ آپ کو طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ ربوہ میں لایا گیا ۔چند دن زیرِ علاج رہنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی تقدیرممبرم غالب آنے پر اپنے خالق ِحقیقی سے جا ملیں۔ قبر کے تیار ہونے پر مکرم و محترم صدر صاحب انصاراللہ پاکستان نے دُعا کروائی۔ پیارے حضور ِ اقدس ایدہُ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت و اجازت سے بہشتی مقبرہ اوّل دارالفضل ربوہ میں مدفون ہوئیں۔

آپ نے اپنے پیچھے اپنے بہن بھائیوں کے علاوہ سات بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کا سب سے بڑا بیٹا خاکسار (جاوید اقبال ناصرؔ) اور سب سے چھوٹا بیٹا عزیزم محمد لقمان زاہد صاحب مربی سلسلہ ہیں۔ تین بیٹے اسیرانِ رہ مولا راہ چکے ہیں۔ ایک بیٹا عزیزم نسیم احمد صاحب اور چھوٹا بھائی مکرم نصیر احمد قمرؔ صاحب ابھی بھی اسیرانِ راہ مولا کی سعادت ڈیرہ غازی خان کی جیل میں رہ کر پا رہے ہیں۔ اور اسیری کی وجہ سے جنازہ میں شامل نہیں ہو سکے۔ ایک بیٹا عزیزم نعیم اختر صاحب امیر ضلع راجن پور وناظم علاقہ انصار اللہ ڈیرہ غازی خان ہیں۔ ان پربھی مخالفین ِ احمدیت نے اپنی حسد کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے کیس بنایا ہوا ہے۔ اور دن رات اِس کوشش میں مصروف رہتے ہیں کہ آپ کو جماعت کی محّبت میں اسیر بنا کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھ سکیں۔

خاکسار سب قارئین کی خدمت میں دُعا کی درخواست کرتا ہے آپ دُعا کریں کہ اللہ تبارک تعالیٰ ہماری والدہ صاحبہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ ہم سب کو صبرکی توفیق دے اور آپ کی نیکیاں آگے بھی جاری و ساری رکھنے کی توفیق عطا ملتی رہے۔ آمین

خاکسار طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ ربوہ کی انظامیہ و کارکنا ن کا بھی دل کی گہرائی سےشکریہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے لمحہ بہ لمحہ ہماری والدہ صاحبہ کا خیال رکھا اوراُن کو آرام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اللہ تعالیٰ اُن سب کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین

(ادارہ الفضل کی طرف سے تعزیت قبول کریں۔ اللہ تعالیٰ اسیران رہ مولیٰ کی رہائی کے سامان جلد پیدا فرمائے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 جولائی 2021