• 19 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 7؍جولائی 2022ء بروز جمعرات۔ 12بجے دوپہر اسلام آباد ٹلفورڈ میں ایک نماز جنازہ اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم محمد سلیم چوہدری صاحب ابن مکرم چوہدری محمد سعید صاحب (لیمنگٹن سپا ۔یوکے)

3؍ جولائی 2022ء کو 76 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضرت مولوی محمد حسین صاحب (سبز پگڑی والے) صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ مرحوم 1946ء میں قادیان میں پیدا ہوئے اور 1961ء میں یوکے آگئے تھے۔ مرحوم مڈلینڈ جماعت کے ابتدائی اراکین میں سے تھے۔ جب لیمنگٹن سپا اور کوونٹری کی جماعتوں کا آغاز ہوا تو آپ نے وہاں لمبا عرصہ مختلف حیثیتوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ 18 سال زعیم انصار اللہ بھی رہے۔ بہت نیک، مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ آٹھ بچے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرمہ طاہرہ وسیم صاحبہ اہلیہ وسیم احمد صاحب (ڈیفنس ۔ لاہور)

14؍مئی 2022ء کو 73سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ عبادت گزار، صوم وصلوۃ کی پابند، متقی، مہمان نواز، مخلص اور ہمدرد خاتون تھیں۔ خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے والہانہ عشق تھا۔اپنے حلقہ ڈیفنس لاہور میں سیکرٹری تعلیم اور نگران قیادت کے علاوہ صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔

-2 مکرمہ Somaya Amina Leo Pilichowska صاحبہ (نارتھ لندن۔یوکے)

10؍جون 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحومہ ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔اسلام قبول کرنے کے بعد 1998ء میں بیعت کرکے احمدیت میں داخل ہوئیں۔ آپ ایک ہمدرد، شفیق، مخلص اور فدائی خاتون تھیں۔ 16سال تک لوکل سیکرٹری تبلیغ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ ایک اچھی داعی الی اللہ تھیں اور اسلام واحمدیت کا پیغام ہر طبقہ کے لوگوں کو پہنچاتی تھیں۔ اللہ تعالیٰ پر اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر پختہ ایمان رکھتی تھیں۔ خلافت سے والہانہ عشق تھا۔ تحریک جدید اور وقف جدید میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

-3 مکرم محمد ایوب صاحب ابن مکرم محمد اسماعیل صاحب (ناصر آباد فارم ضلع عمر کوٹ ۔ سندھ)

3؍اپریل 2022ء کو 55سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحوم نے مقامی سطح پر قائد خدام الاحمدیہ اور زعیم انصار اللہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوۃ کے پابند، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے، خلافت سے محبت کرنے والے، ایک فدائی، مخلص اور بااخلاق انسان تھے۔ مالی تحریکات اور جماعتی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-4 مکرمہ امۃ الرشید صاحبہ اہلیہ مکرم شریف احمد صاحب (کینیڈا)

22؍مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مرزا محمد دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اور مکرم مرزا محمد اسحاق صاحب مرحوم درویش قادیان کی بیٹی تھیں۔ پنجگانہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی، ہر ایک کی خیر خواہ، ایک ہمدرد اور ملنسار خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہرا اخلاص کا تعلق تھا۔ جماعتی اور تنظیمی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-5 مکرم میجر زین العابدین صاحب ابن مکرم محمد بشیر الدین صاحب (امریکہ)

28؍مئی 2022ء کو 95سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحوم تعلیم الاسلام کالج لاہور سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد فوج میں بھرتی ہوئے۔ 1974ء میں احمدیت کی وجہ سے آپ کو جلدی ریٹائر کردیا گیا۔ اس کے بعد کچھ عرصہ پاکستان سٹیل مل میں بطور ڈائریکٹر کام کیا۔ آپ نے کراچی میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ 1993ء میں امریکہ منتقل ہوئے۔آپ کو کچھ عرصہ وقف عارضی سکیم کے تحت مسجد دارالسلام Bay point میں خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں پانچ بچے شامل ہیں۔

-6 مکرم جمیل الرحمٰن خلیل سنوری صاحب ابن مکرم محمد ادریس سنوری صاحب (چنیوٹ)

21؍مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کے دادا حضرت مولوی محمد یوسف سنوری صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ تقسیم ہند کے وقت آپ کی آنکھوں کے سامنے آپ کے خاندان کے تقریباً پچاس افراد کو شہید کردیا گیا۔ جس میں آپ کے والدین، دوبہنیں اور ایک بھائی بھی شامل تھے۔ پاکستان آکر آپ کو اپنے غیر احمدی رشتہ داروں کی طرف سے بھی بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن آپ نے تمام حالات کا بڑے صبر وہمت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند اور باقاعدگی کے ساتھ تہجد کا التزام کرنے والے، بہت رحم دل، شفیق ہمدرد اور نیک انسان تھے۔ خلافت سے گہری وابستگی تھی اور خلیفۂ وقت کی ہر آواز پر لبیک کہنے والے تھے۔ آپ نے لمبا عرصہ چنیوٹ میں سیکرٹری مال اور صدر جماعت کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ محدود آمدنی کے باوجود اپنی بساط سے زیادہ خدا کی راہ میں خرچ کیا کرتے تھے۔ ساری زندگی ایمانداری اور سچائی کے ساتھ گزاری۔ چنیوٹ کی غلہ منڈی میں موجود غیراحمدی جو جماعت کے سخت مخالف تھے وہ سب بھی کاروبار میں آپ کی ایمانداری، لین دین اور سچائی کے ہمیشہ معترف رہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک پوتے مکرم عطا الحئی منصور صاحب (مربی سلسلہ) ہیں۔

-7 مکرم اقبال مجیدی صاحب ابن مکرم مبارک احمد مونگھیری صاحب والنگٹن۔یوکے)

25؍مئی 2022ء کو 66سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کے دادا مولوی عبد المجید صاحب آف مونگھیر انڈیا کی حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے خط و کتابت تھی لیکن ان کو حضرت خلیفة المسیح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور میں بیعت کی توفیق ملی۔ مرحوم کا تعلق چٹاگانگ (بنگلہ دیش) سے تھا اور 2012ء میں یوکے آئے تھے۔ آپ بہت سادہ مزاج، نیک طبع، مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ اپنے بچوں کی بہت اچھی تربیت کی۔ خلافت کے ساتھ خود بھی مضبوط تعلق رکھا اور بچوں کو بھی خلافت کے ساتھ محبت کا درس دیتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم منصور احمد بنگالی صاحب (واقف زندگی۔کارکن الشرکتہ الاسلامیہ لندن) کے چچا اور مکرم سید مطلوب شاہ صاحب کے ہم زلف تھے۔

-8 مکرمہ سعدیہ صفدر صاحبہ اہلیہ مکرم محمد صفدر صاحب (ربوہ)

10؍فروری 2022ء کو 44سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحومہ کی جب تک صحت اچھی رہی اپنے محلہ میں لجنہ کی سیکرٹری اشاعت کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے جملہ لواحقین سے تعزیت کرتا ہے

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ