• 6 مئی, 2025

خلافت کی برکات

حفاظت اہل ایماں کی مقدر ہے خلافت سے
خلافت ہی بچاتی ہے انہیں قعرِِ مذلت سے

خلافت مظہرِِ شانِ نبوت اور وحدت ہے
خلافت روحِ مذہب ہے خلافت جانِ ملت ہے

خلافت ہی ستونِ امت و سامانِ رحمت ہے
خلافت ہی جہاں میں دین کی وجہِ حفاظت ہے

خلافت ہی ہدایت کے لئے تکمیل کا باعث
خلافت ہی شریعت کے لئے تعمیل کا باعث

خلافت حق تعالیٰ کی رفاقت کا نشاں سمجھو
خلافت نعمتِ ارض و سماء، کون و مکاں سمجھو

خلافت کی اطاعت میں نہاں راہ جناں سمجھو
خلافت ہی سے وابستہ نجات دو جہاں سمجھو

غرض جب بھی کبھی اس دور کا آغاز ہوتا ہے
تو ظاہر دستِ قدرت سے نیا اک راز ہوتا ہے

جہاں میں نور سے معمور ہیں اہلِ خلافت ہی
مئے عرفان سے مخمور ہیں اہلِ خلافت ہی

نگارِ یار میں منظور ہیں اہلِ خلافت ہی
مظفر ، غالب و منصور ہیں اہلِ خلافت ہی

وہی معتوب ہوتے ہیں وہی مقہور ہوتے ہیں
خلافت کے جو دامن سے مبشؔر دور ہوتے ہیں

(مکرم مبشر احمد صاحب پسر حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی)

پچھلا پڑھیں

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا سفر سیالکوٹ کے دوران پُر معارف و پُر تاثیر ’’لیکچر سیالکوٹ‘‘

اگلا پڑھیں

آج کی دعا