• 18 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

• مکرم اعجاز احمد مانگٹ یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتے ہیں:
خاکسار کے والد مکرم چوہدری نذیر احمد مانگٹ بقضائے الہٰی مؤرخہ 4 نومبر 2021ء کو وفات پا گئے۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون ۔

مرحوم بہت سی خوبیوں کے مالک تھے ۔پنجگانہ نماز کا التزام ،نماز تہجد ،تلاوت قرآن پاک باقاعدگی سے کرتے تھے۔ ہمارے گاؤں میں ایک ہی احمدی گھرانہ ہے۔ مرحوم بہت ہی خوش اخلاق ،ملنسار ،مہمان نواز، سادہ مزاج، وقت کے پابند تھے۔خلیفۂ وقت کی تمام تحریکات پر لبیک کہنے والے اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔مرحوم نے لواحقین میں چار بیٹے (مکرم پرویز احمد مانگٹ، مکرم جاوید احمد مانگٹ، مکرم افتخار احمد مانگٹ، خاکسار اعجاز احمد مانگٹ) اور تین بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔مرحوم کی نماز جنازہ 7 نومبر2021ء کو مکرم نعمات احمد نیئر صاحب (معلم سلسلہ) نے پڑھائی ۔نماز جنازہ میں قریبی دیہات اور باہر سے بہت سے احباب نے شرکت کی ۔قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی جگہ عطا فرمائے۔ انکی اولاد کو انکی دعاؤں کا وارث بنائے۔ ہمیشہ خلافت کا اطاعت گزار بنائے۔ (آمین)

• مکرم قمر احمد ظفر؍ نمائندہ الفضل جرمنی یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتے ہیں:
مکرم انعام الرحمٰن وڑائچ آف جماعت وائب لنگن۔ جرمنی کے والد محترم محمد اسحاق وڑائچ ولد صدر الدین صاحب مؤرخہ 24؍اکتوبر 2021 ءکو بوقت صبح بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔

اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

موصوف کی عمر اکیاسی برس تھی، پیشہ کے اعتبار سے فوجی اور سرکاری ٹیچر تھے۔ جوانی سے ہی تہجد، تلاوت قرآن کریم اورپنجوقتہ نماز باجماعت کے پابند تھے ۔ یہ تسلسل بفضلہٖ تعالیٰ تا دم مرگ جاری رہا۔ کتب سلسلہ اور الفضل کا باقاعدگی سے روزانہ کی بنیاد پر مطالعہ کرتے نیز خطبات حضور انور ایّدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز نہ صرف خود بڑے اہتمام اور ذوق و شوق سے سنتے بلکہ اپنی اولاد کو بھی اس کی خصوصی تلقین فرماتے۔ آپ 9؍1 حصہ کےموصی تھے ، اپنی تمام زندگی چندہ جات اور مالی تحریکات میں پیش پیش رہے، جماعت احمدیہ اور خلافت کے نام پر جان قربان کرنے والے مؤمن مرد مجاہد تھے۔ پرائیویٹ یا سرکاری کسی بھی سطح پر اپنی ذات کے حوالہ سے اسلام احمدیت کو کبھی پوشیدہ نہیں رکھا چاہے جیسے بھی حالات کا بوجہ مخالفت سامنا کرنا پڑا ہو۔ محض خدا تعالیٰ کے خاص فضل اور احسان کی بدولت مقامی جماعت میں عرصہ نَو سال بحثیت صدر جماعت اور چودہ، پندرہ سال کے قریب بطورسیکریٹری مال نیز متفرق خدمات دینیہ بجا لانےکی توفیق پاتے رہے۔

مؤرخہ 24؍اکتوبر 2021ء کو ہی مقامی گاؤں میں مربّی سلسلہ ضلع مبارک معین صاحب نے نماز جنازہ پڑھائی جس میں غیر از جماعت افراد کی بھی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ مرکز میں بھی اسی روز مربیٔ سلسلہ حنیف احمد ثاقب صاحب نے بہشتی مقبرہ (توسیع) میں نماز جنازہ نیز بعد از تدفین اجتماعی دعا کروائی۔ مرحوم نے لواحقین میں تین بیٹے اور چھ بیٹیاں یادگارچھوڑے ہیں جبکہ ایک بیٹی امسال ماہ فروری میں الله تعالیٰ کے حضور حاضر ہو گئی تھیں ۔الله تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مغفرت اور رحمت کا سلوک کرتے ہوئے مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ وارفع مقام عطاء فرمائے نیز درجات بلند سے بلند ترفرماتا چلا جائے، اسی طرح لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور نسلا بعد نسل مرحوم کی نیکیاں زندہ رکھنے کی توفیق عطاء فرماتا چلا جائے۔ آمین یا ارحم الرّحمین!

(ادارہ الفضل کی طرف سے تعزیت قبول فرمائیں)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ