سول سروس civil service کا امتحان پاس کرنا ہر باصلاحیت طالب علم کا خواب ہوتا ہے۔ اس امتحان میں کامیابی کیلئے وہ سخت محنت کرتے ہیں لیکن کامیابی چند ایک کے ہی قدم چومتی ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کی رپورٹ کے مطابق 2016ء میں 20 ہزار 717 امیدواروں میں سے12ہزار 176 افراد امتحان میں شریک ہوئے اور ان میں سے صرف 379 امیدوارہی تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے جبکہ 2017ء میں 9391 امیدواروں میں سے 310 نے کامیابی کا مزہ چکھا۔
ان نتائج سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر آپ سول سروس کے امتحان میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتےہیں تو یہ بات ذہن میں رکھیں کہ آپ کو ہزاروں طلبہ سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ سول سروس کے امتحان کا اہل ہونا کوئی مشکل نہیں بشرطیکہ اگر آپ صحیح خطوط پر ا س کی تیار ی کریں۔ بہت سے طالبعلم تمام تر محنت و مشقت کے بعدبھی امتحان میں بیٹھنے کے اہل نہیں ہوپاتے کیونکہ ان کی تیاری صحیح نہیں ہوتی۔ وہ نہیں جانتے کہ کیا پڑھنا ہے اورکیسے تیاری کرنی ہے۔ محنت و مشقت اسی وقت رنگ لاتی ہے، جب اس کی سمت درست ہو ۔
اس ضمن میں سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ جو لوگ اس امتحان میں کامیاب ہو چکے ہیں، ان کے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔ سی ایس ایس کا امتحان دراصل آپ کے رحجان، علمی قابلیت اور مختلف میلانوں میں آپ کے پیشہ ورانہ روّیہ کو پرکھتاہے۔ آپ کا ذہن، تفہیم اور ذہانت تیزی سے کام کرتے ہوں، آپ کوحالات حاضرہ کی خوب آگہی ہو، تبھی آپ سی ایس ایس کے امتحان کیلئے کوالیفائی کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ آپ کو اپنے مضامین پر مکمل عبور حاصل ہو، صرف کتابی علم نہیں بلکہ اس میں تخلیق کرنےکا عنصر بھی شامل ہو، تاکہ جب آپ امتحان میں اپنے مقالے لکھ رہے ہوں تو وہ اس بات کی توثیق کریں کہ آپ کے اندر بہت سے گُن(یعنی خصوصیات) موجودہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ کن مضامین پر دسترس ہونا ضروری ہے۔
انگریزی مضمون
آپ کو10موضوعات دیے جاتے ہیں، جن میں سے کسی ایک پر آپ کو انگریزی میں2500سے3000الفاظ کا قابل فہم وجامع مضمون لکھنا ہوتاہے، یہی ایک مضمون ہے جس سے آپ کے مارکس زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ یہ مضمون آپ کے اسلوب، درست گرائمر، تخلیقی صلاحیت، خیا ل اور اظہارکو پرکھنےکیلئے لیا جاتاہے۔ یاد رکھیں، مضمون عبارتوں کا مجموعہ نہیں ہوتا بلکہ اس میں بہت سی چیز یں ایسی ہوتی ہیں، جو پڑھنے والے کو متاثر کرتی ہیں۔ سب سے پہلے تو آپ مضمون کےخاکہ کو سمجھیں۔ اس کی تفصیلات کو دیکھیں، اس کا تعارفی پیراگراف کیسا ہوگا یا پھر اختتام کیسے کریں گےکہ وہ پورے مضمون کا خلاصہ بیان کردے۔ اس ضمن میں آپ کو تحریری قابلیت، گرائمر، ذخیرہ الفاظ اور محاورے وغیرہ کے صحیح استعمال کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ اس کے لیے آپ سابقہ مضامین کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔
حالاتِ حاضرہ
اس پیپر کے پہلے حصے میں آپ کو 20 سوالات کے صحیح جواب (MCQs) پر نشانات لگانےہوتے ہیں جبکہ دوسرے حصے میں چھ میں سے چار سوالات کے جواب تحریر کرنے ہوتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کو روزانہ اخبارات کا مطالعہ کرنا ہوگا، ساتھ ہی ٹی وی اور ریڈیو پر خبریں سننی ہوں گی۔ تاریخی آگہی کے ساتھ ساتھ آپ کو موجودہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی معاملات کا علم بھی ہوناچاہئے۔
جنرل سائنس
یہ بھی MCQs اور تحریری سوالات پر مشتمل پرچہ ہوتا ہے،جس میں روزمرہ کی سائنس جیسے گلوبل وارمنگ، آلودگی، گرین ہاؤس ایفیکٹ وغیرہ سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ سائنسی مسائل کے ساتھ ساتھ آپ کو بائیولوجی، کیمسٹری اور فزکس کے سوالات کا بھی سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ آپ نے میٹرک اور انٹر میں یہ مضامین پڑھ رکھے ہیں تو پھر آپ کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
حالاتِ پاکستان
اس پرچہ میں پاکستان میں ہونے والی سیاسی، سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ اس لیے آپ کو ان تمام سرگرمیوں پر نظر رکھنی ہے۔اس میں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کا سوال بھی آسکتاہے۔ آپ کواس ضمن میں مطالعہ پاکستان کی کتابیں پڑھنے کی ضرورت ہوگی۔ آپ کو باقاعدگی سے اخبارات و رسائل کا مطالعہ کرنا چاہئے۔
اسلامک اسٹڈیز
یہ بھی MCQs اور تحریری سوالات پر مشتمل پرچہ ہوتا ہے۔اس کیلئے آپ کو اسلام اور اس کے اطلاق کے بارے میں معلومات ہونی چاہئیں۔ اسلامی عقائد اور اسلامی تاریخ کے موضوعات بھی اس میں شامل ہیں۔ ا س کے لئے آپ کو انٹراور بیچلر کی اسلامیات کی کتب ازبر کرلینی چاہئیں۔ آ پ میں بنیادی معلومات کے ساتھ ساتھ اسلامی نقطۂ نظر سے سماجی و سیاسی منظر کو اس کے سیاق وسباق کے ساتھ بیان کرنے کی صلاحیت ہونی چاہئے۔
اختیار ی مضامین
اختیار ی مضامین کی ایک طویل فہرست ہے،جس میں موضوعات کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ آپ کو اپنی تیاری اور رحجان کے مطابق ایسے مضامین کا انتخاب کرنا چاہیے، جس سے آپ بآسانی امتحان پاس کرسکیں۔ پہلے آپ دستیاب مضامین کو دیکھیں، پھر ان کے کورس کا مطالعہ کریں۔ ان میں سے جو مضمون آپ کی دلچسپی کا ہو اور اس کے بارے میں آپ کو پہلے سے اچھی خاصی آگہی ہو، اسے منتخب کرلیں۔اس کا فیصلہ آپ کے انٹر یا بیچلر کے پسندیدہ مضامین کردیں گے۔
(بشکریہ روزنامہ جنگ17نومبر2019ء)