• 4 مئی, 2024

ریجنل جلسہ سالانہ ابنگرو ریجن آئیوری کوسٹ

امسال کورونا وائرس کی وباء کے باعث آئیوری کوسٹ میں نیشنل جلسہ سالانہ تو منعقد نہیں کیا جا سکا لیکن اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مختلف اوقات میں ریجنل جلسہ جات منعقد کرنے کی توفیق دے رہا ہے۔ اسی سلسلے میں پہلا جلسہ اپواسو ریجن اوردوسرا جلسہ بندوکو ریجن میں منعقد کیا گیا۔ جبکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تیسرا جلسہ ابنگرو (Abengourou) ریجن کو مؤرخہ 24 اور 25 دسمبر 2021ء بروز جمعۃ المبارک و ہفتہ ابنگرو شہر میں واقع احمدیہ مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسے کا تفصیلی پروگرام بنا کر ایک ماہ قبل ہی ریجن کی تمام جماعتوں تک پہنچایا گیا۔ جبکہ جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف کاموں کا آغاز جلسے سے دو ہفتے قبل ہی کر دیا گیاتھا۔ احباب و خواتین کی رہائش کا انتظام مشن ہاؤس کے قریب ایک پرائمری سکول کی کلاسز میں کیا گیا تھا۔ چنانچہ جلسہ سے چند روز قبل اس سکول سمیت جلسہ گاہ کا تفصیلی وقار عمل کیا گیا۔ دو روز قبل جلسہ کے لئے باقاعدہ سٹیج تیار کروایا گیا۔ جلسہ میں شامل ہونے کے لئے احباب و خواتین کی آمد کا سلسلہ مؤرخہ 23 دسمبر بروز جمعرات سے شروع ہو گیا تھا۔ مکرم و محترم امیر صاحب بھی کل پانچ افراد کے وفد کے ساتھ جمعرات کی رات ہی ابنگرو پہنچے۔ جبکہ 10 افراد پر مشتمل ایک اور مرکزی وفد اگلے روز مؤرخہ 24 دسمبر بروز جمعۃ المبارک ابنگرو پہنچا۔

مؤرخہ 24 دسمبر بروز جمعۃ المبارک صبح 11 بجے پرچم کشائی کی باوقار تقریب سے جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکرم و محترم عبد القیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ نائب میئر صاحب ابنگرو شہرMr Coulibaly Siriki نے آئیوری کوسٹ کا جھنڈا بلند کیا۔ اس کے معاً بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ پرچم کشائی کے بعد جلسے کے پہلے session کا آغاز ہوا۔ تلاوت، ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے فرنچ زبان میں بعنوان جلسہ کے اغراض و مقاصد افتتاحی تقریر کی جسکا رواں ترجمہ جولا زبان میں کیا گیا۔ اسکے بعد احباب و خواتین کو نماز جمعہ کے لئے تیار ہونے کا وقت دیا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے نماز جمعہ و عصر پڑھائی۔ نمازوں کے بعدپیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ live سنوایا گیا جسکا جولا زبان میں رواں ترجمہ بھی کیا گیا۔ حضور کے خطبہ اور دوپہر کے کھانے کے بعد سہہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر جلسہ کا دوسرا session شروع ہوا۔ تلاوت، ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم عبد الرزاق صاحب ریجنل مشنری Agboville نے فرنچ میں ’’اسلام، ایک پُر امن مذہب‘‘ کے عنوان پر تقریر کی اور خود ہی جولا زبان میں اپنی تقریر کا خلاصہ بھی پیش کیا۔ تقریر مکرم بالو احمد صاحب نے ’’عائلی مسائل اور اسلام میں انکا حل‘‘ کے موضوع پر جولا زبان میں کی۔ اس تقریر کے بعد جلسے کے دوسرے سیشن کا اختتام ہوا۔ بعد از نماز مغرب و عشاء نیشنل صدر صاحبہ لجنہ کی زیر صدارت ریجن کی لجنہ کی میٹنگ ہوئی۔ جبکہ مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ کی صدارت میں ریجنل سطح کے جماعتی عہدیداران کی میٹنگ ہوئی جس میں مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ اور مکرم صدر صاحب انصار اللہ آئیوری کوسٹ کے نمائندہ نے بھی اپنی اپنی ذیلی تنظیم کے عہدیداران کو نصائح کیں۔

جلسہ کے دوسرے دن مؤرخہ 25 دسمبر 2021 بروز ہفتہ جلسے کے تیسرے sessionکا آغاز ہوا۔ تلاوت، ترجمہ اور نظم کے بعد اس سیشن کی پہلی تقریر مکرم یوسف دمبیا صاحب معلم آفالیکرو جماعت نے ’’صداقت حضرت مسیح موعود ؑ‘‘ کے موضوع پرجولا زبان میں کی۔ اس دوران جلسے پر مدعو مہمانان خصوصی کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری تقریر خاکسار (صادق احمد لطیف ریجنل مبلغ ابنگرو ریجن) نے ’’عصر حاضر کے مسائل اور اسلام میں انکا حل‘‘ کے موضوع پر فرنچ زبان میں کی جسکا جولا زبان میں رواں ترجمہ بھی کیا گیا۔ اس تقریر کے بعد مکرم Coulibaly Siriki صاحب نائب میئر ابنگرو شہر نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ یو ں کیا: ’’آج میں اس روحانیت سے بھر پور مجلس میں آکر بہت خوش ہوا۔ خاکسار میئر صاحب سے چند دن پہلے ہی آپکے جلسے کا ذکر کر رہا تھا تو میئر صاحب نے مجھے اپنے نمائندے کے طور پر شرکت کرنے لئے کہا۔ انہوں نے خاکسار سے یہ بھی کہا کہ وہ خود اس جلسہ میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن وہ چونکہ آبی جان میں مصروف ہیں اس لئے انہوں نے خاکسار کو اپنا نمائندہ بنا کر بھیجا ہے۔ مجھے اس تقریر سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے اور میں مقرر کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ساتھ ہی ساتھ میں ترجمہ کرنے والے کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ اس تقریر کو سننے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم مسلمان ہیں۔ اس تقریر سے میرے ایمان کو ایک نئی تر و تازگی ملی ہے۔ میں آپ سب کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں آنحضرت ؐ کی طرح دوسروں کو معاف کرتے ہوئے اسلام کی صحیح تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنے کی توفیق دے۔‘‘ آخر پر امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے اختتامی تقریربعنوان بیعت کے بعد ایک احمدی کی ذمہ داریاں کی اور دعا کروائی۔

جلسہ کے دونوں دنوں کا آغاز با جماعت نماز تہجد سے ہواجبکہ مؤرخہ 24 دسمبر بروز جمعۃ المبارک کو عطیہ خون کا بھی انتظام کیا گیا۔ اس موقع پر خون کی 17 بوتلیں عطیہ کی گئیں۔ جلسہ کے موقع پر دیگر مہمانان کے علاوہ صحافی حضرات بھی موجود تھے۔ چنانچہ ایک آن لائن اخبار Aip.ci میں اس جلسہ کے بارہ میں خبر چھپ چکی ہے۔ اس کے علاوہ ریڈیو Agnia FM نے جلسے کے تمام sessions کی کوریج کی۔ اور آخر میں مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ اور ریجنل مشنری کا انٹرویو بھی لیا۔ اس جلسے کی ساری کاروائی facebook پر live نشر کی گئی جس سے تاحال احباب و خواتین فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جلسہ ریجنل ابنگرو میں کل 399 احباب و خواتین نے شرکت کی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک۔ یوں بہت سی برکات بکھیرتے ہوئے اس جلسہ کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معنوں میں جلسہ سے فائدہ اٹھانے والا بنائے۔ (آمین)

(رپورٹ: صادق احمد لطیف۔ مبلغ ابنگرو ریجن،آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر