• 26 اپریل, 2024

رپورٹ تقریب یوم مسیح موعود علیہ السلام جامعتہ المبشرین گھانا

اللہ تعالی کے فضل سے جامعۃ المبشرین گھانا میں مؤرخہ 23 مارچ 2021 بروز منگل جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام کا کامیاب انعقاد ہوا۔ الحمد للہ

یہ تقریب صبح دس بج کر پندرہ منٹ پر شروع ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مکرم معلم عبد العلی مجید صاحب استاد جامعۃ المبشرین تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو گھانا کے طالب علم عزیزم قاسم الیاسو صاحب نے کی۔ تلاوت کردہ حصہ کا ترجمہ گھانا کے ہی طالب علم عزیزم اوبنگ محمد صاحب نے پیش کیا۔ اسکے بعد عزیزم یوسف اوسے صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود ؑ ’’کبھی نصرت نہیں ملتی‘‘ مترنم آواز میں پیش کیا۔

پروگرام کی پہلی تقریر انگریزی زبان میں لائبیریا سے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم ابو بکر شریف نے کی ۔ تقریر کا عنوان‘‘حضرت مسیح موعود ؑ کی آمد سعید کا مقصد’’ تھا۔

تقریر کے بعد عزیزم فردوس اسمانی صاحب جو گھانا سے تعلق رکھتے ہیں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عربی قصیدہ ’’یا عین فیض اللہ والعرفان‘‘ کے چند اشعار پڑھے۔

پروگرام کی دوسری تقریر اردو زبان میں مڈغاسکر کے طالب علم عزیزم حمید ٹاکی صاحب نے کی۔ انکی تقریر کا عنوان ’’حضرت مسیح موعود ؑ کا عشق قرآن‘‘ تھا۔

پروگرام کی تیسری تقریر عربی زبان میں تھی اور عنوان تھا ’’مختطفات من سیرۃ المطھرۃ‘‘۔ یہ تقریر گھانین طالب علم عزیزم نافع عبد الناصر صاحب نے کی۔

اسکے بعد ٹوگو کے طالب علم عزیزم عبد الجلیل بولاٹیٹو صاحب نے ساتھیوں کے ہمراہ منظوم کلام حضرت مسیح موعود ؑ ’’کبھی نصرت نہیں ملتی‘‘ مترنم آواز میں پیش کیا۔

پروگرام کی چوتھی اور آخری تقریر استاد جامعۃ المبشرین گھانا مکرم طاہر احمد ظفر صاحب نے کی۔ انکی تقریر کا عنوان ’’حضرت مسیح موعود ؑ کی سیرت و سوانح‘‘ تھا۔

کرونا وائرس کے باعث مدرستہ الحفظ کے طلباء گھروں میں تھے۔ انہیں گزشتہ سال کے علمی و ورزشی مقابلہ جات کے انعامات نہ دئے جا سکے تھے۔ اس تقریب میں ان کو یہ انعامات دئے گئے۔

اس کے بعد مدرستہ الحفظ کے طلباء نے حمدیہ ترانے پیش کیے جسکے بعد صدر مجلس نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

عزیزم حسین بوٹنگ صاحب سیکریٹری مجلس ارشاد نے شاملین کا شکریہ ادا کیا اور صدر مجلس نے دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام کیا۔

پروگرام کے بعد اساتذہ اور طلباء کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

(رپورٹ : فہیم احمد خادم نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 اپریل 2021