• 26 اپریل, 2024

اجتماع مجلس انصار اللہ مونٹسیراڈو کاؤنٹی لائبیریا

مکرم مرزا عمر احمد صاحب مبلغ مونٹسیراڈو کاؤنٹی تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ لائبیریا کی مونٹسیراڈو کاؤنٹی کو مورخہ 13 مارچ بروز اتوار مجلس انصار اللہ کا اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔

تفصیلات کے مطابق انصار اللہ کا یہ اجتماع احمد آباد (Kpo River) میں 14 ایکڑ کے ایک وسیع میدان میں منعقد ہوا جو جماعت کی ملکیت ہے۔ یہاں جماعت احمدیہ کا نصرت جہاں جونئیر ہائی سکول اور ایک خوبصورت مسجد بھی تعمیر ہے۔

اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں صدر مجلس انصار اللہ محترم ڈاکٹر عبد الحلیم صاحب نے شروع سے آخر تک تمام امور کی نگرانی کی۔ آپ نے اجتماع کے انتظامات کی دیکھ بھال اور ان کو آسان بنانے کے لئے ایک ٹیم کی تشکیل دی۔ کمیٹی کے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے مفوضہ ذمہ داریاں فوری سنبھال لیں۔

کورونا کی وباء اور ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے محترم امیر صاحب کی طرف سے ہدایت تھی کہ اجتماع کو دو دن کی بجائے ایک دن تک محدود کر دیا جائے۔

اجتماع کا آغاز انفرادی تہجد اور باجماعت نماز فجر سے ہوا۔

پرچم کشائی کے بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا جس میں صدر مجلس انصاراللہ محترم ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب نے انصار اللہ کا پرچم بلند کیا اور کاؤنٹی کا پرچم لوکل مشنری مکرم ابراہیم کمارا صاحب نے بلند کیا۔

پہلےاجلاس میں تلاوت، عہد اور نظم کے بعد نماز کی اہمیت اور پھرانصار اللہ کی تربیت اولاد کے حوالے سے ذمہ داریاں کے پر تقاریر پیش کی گئیں۔

جسکے بعد ورزشی اور تعلیمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔

تعلیمی مقابلہ جات میں دینی معلومات، اذان اورصلوٰة منعقد کئے گئے۔ اسی طرح ورزشی مقابلہ جات میں ریلے ریس، دوسو میٹر ریس، لمبی چھلانگ اور پنجہ آزمائی کے مقابلے رکھے گئے۔

مقابلہ جات کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور بعد ازاں شاملین نے مل بیٹھ کر کھانا تناول کیا۔

اختتامی تقریب میں مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا نے شرکت فرمائی۔ آپ نے پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کئے۔ آپ نے انصاراللہ سے مختصر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مومن کا یہ خاصہ ہوتا ہے کہ وہ تربیت و تبلیغ کے کاموں کو رکنے نہیں دیتا اور خدا کے فضل اورتدبیر کے ساتھ ان امور کی انجام دہی کی جانب گامزن رہتا ہے۔ لہٰذا کورونا کی بیماری میں اس طرح کے چھوٹے اور مختصر پروگرام اسی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

مختلف جماعتوں سے آئے آئمہ اور انصار کو تربیت اولاد کی جانب توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ ہمارا کام یہ نہیں کہ خود نماز ادا کرلی تو اپنی تمام ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے۔ بلکہ ہماری اولین ذمہ داریوں میں سے ایک یہ بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی اولاد کو اپنے ساتھ لیکر مسجد کی طرف چلیں۔ دنیا امن کا گہوارہ نہیں بن سکتی جب تک کہ ہم اپنے پیچھے متقی اولاد چھوڑ کر نہ جائیں۔ ہم عمر کے اس حصہ میں ہیں جہاں ہم لوگ اپنی عمر کا آدھےسے زائد حصہ گزار چکے ہیں۔ دیکھنا اب یہ ہے کہ ہم اپنے پیچھے اپنی اولاد کے لئے کیا چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

خطاب کے بعد محترم امیر صاحب نے دعا کروائی اورمجلس انصاراللہ مونٹسیراڈو کاؤنٹی کا اجتماع اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع میں20 جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کل 67 انصار نے شمولیت کی توفیق پائی۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ اجتماع ہر لحاظ سے شاملین کے لئے بابرکت ہو اور انہیں ایمان و اخلاص میں بڑھائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل آن لائن، لائبیریا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 اپریل 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ