• 12 مئی, 2024

ہم خدا تعالیٰ کی طرف سے عائد کردہ ذمہ داریوں کو کس طرح بہتر طریقے سے ادا کر سکتے ہیں؟

طلبہ کینیڈا کے ساتھ ورچوئل ملاقات میں ایک خادم نے سوال کیا کہ حضور! میں پوسٹ گریجویٹ کا طالب علم ہوں۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ کس طرح ایک طالب علم خلافت , فیملی، تعلیم اور ذہنی و جسمانی صحت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو بہتر رنگ میں ادا کر سکتاہے؟

اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: آپ کا سوال یہ ہونا چاہیے کہ کس طرح ہم خدا تعالیٰ کی طرف سے عائد کردہ ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے ادا کر سکتے ہیں ؟

اس کے بعد حضور نے فرمایا: اگر آپ خدا تعالیٰ کی طرف سے عائد کردہ ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے ادا کر یں گے تو اس کا آخری نتیجہ یہ ہو گا کہ آپ خلافت کی طرف سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں کو بھی ادا کر رہے ہوں گے۔ خلیفہ کیا کہتا ہے؟ یہی کہ آپ اپنے اندر ایک تبدیلی پیدا کریں۔ آپ خدا تعالیٰ سے قُرب پیدا کریں۔ پنجگانہ نماز ادا کریں۔ قرآن کریم کی روزانہ تلاوت کریں۔ قرآن میں موجود خدا تعالیٰ کے احکامات کو ڈھونڈیں اور پھر ان پر عمل کریں۔ قرآن کریم میں کون سے do’s and don’ts ہیں۔ کون سے کام کرنے والے ہیں اور کون سے کام ہیں جن سے بچنا چاہیے۔ یہ ہیں آپ کی ذمہ داریاں۔ دوسرے آپ کی تعلیم ہے۔ جب تک آپ طالب علم ہیں آپ کو محنت کرنا ہو گی۔ اپنے تعلیمی معیار میں کمال حاصل کریں۔ اس کے لیے آپ کو خوب محنت کرنا ہو گی۔ ایک اچھا روسی طالب علم دن میں 12 سے 13 گھنٹے پڑھائی کرتا ہے۔ کیا آپ بھی اسقدر وقت اپنی پڑھائی میں گزارتے ہیں؟اگر نہیں۔ تو اس کا مطلب ہے کہ اس میں ابھی خلا ہے۔ آپ کو یہ خلا پرکرنا ہو گا۔ وہ طالب علم جو عمدہ کارکردگی دکھاتے ہیں وہ 12 سے 14 گھنٹے پڑھائی کرتے ہیں۔ آپ کو اپنا جائزہ لینا ہو گا کہ کیا آپ اتنی پڑھائی کرتے ہیں؟اگر نہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اس کا حق ادا نہیں کر رہے۔ پنجگانہ نماز پر آپ کے 2 گھنٹے لگتے ہیں اور اگر آپ نوافل بھی ادا کر رہے ہیں تو مزید ایک گھنٹہ یا 45 منٹ۔ پس یہ تقریبا 3 گھنٹے بنتے ہیں۔ آپ کے جسم کا بھی آپ پر حق ہےاور وہ یہ کہ آپ کو کم از کم 6 گھنٹے ضرور آرام کرنا چاہیے۔ اس کا مطلب ہے کہ نماز کے لیے 6 جمع 3 ٹوٹل 9 گھنٹے بنتے ہیں۔ اگر آپ 3 گھنٹے نمازیں پڑھ رہے ہیں اور خدا تعالیٰ کے احکامات بھی بجا لا رہے ہیں۔ اور اگر آپ 10 گھنٹے یا 11 گھنٹے پڑھائی کر رہے ہیں تو تب بھی یہ ایک Non believer کے 14 گھنٹے پڑھائی کے برابر بنتا ہے۔ یہاں سے آپ 3 گھنٹے بچا لیں گے۔ پس 9 گھنٹے جمع 10 گھنٹے انیس گھنٹے اور ڈیڑھ گھنٹے کھانے پینے کے لیے۔ 21 گھنٹے اور 30 منٹ ہو گئے۔ اور ایک گھنٹہ کھیل یا دوسری کسی تفریح کے لیے۔ اور پھر کچھ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گپ شپ کے لیے۔ ایک گھنٹہ کافی ہو گا۔ تو یہ 22 گھنٹے اور 30 منٹ ہو گئے۔ پھر اپنے علم کو بڑھانے کے لیے، جنرل نالج کے لیے ایک گھنٹہ یا 30 منٹ۔ پس اس طرح آپ اپنے وقت کو Manage کر سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے وقت کو اس طرح Manage کریں گے کہ آپ اپنی تعلیم میں بھی excel کریں۔ اور خدا تعالیٰ کی طرف سے عائد کردہ فرائض کی بھی انجام دہی کریں گے تو اس کے نتیجہ یہ ہو گا کہ آپ خلافت، مذہب، جماعت اور weekends پر جماعت کے لیے یعنی خدام الاحمدیہ کے کاموں کے لیے بھی کچھ وقت نکال لیں گے۔ weekends پر اپنی فیملی کے لیےبھی کچھ وقت نکالیں۔ پس پانچ Working days کے لیے اور weekends کے لیے الگ الگ پلان بنائیں۔ اس طرح سےآپ اپنے وقت کو بہتر Manage بھی کر سکتے ہیں اور انصاف کر سکتے ہیں۔

(8؍اکتوبر 2021ء This week with Huzur)

پچھلا پڑھیں

ابابیل

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 دسمبر 2021