• 7 مئی, 2024

سانحہ ارتحال اور مرحومہ کے اوصاف

مکرمہ بشارت مبین اہلیہ مکرم چوہدری محمد امجد جمیل آف فیصل آباد حال لندن مؤرخہ19 اور 20دسمبر 2022ء کی درمیانی شب St.Hailer Hospital Uk میں 64سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔

إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ

آپ بفضل اللہ تعالیٰ موصیہ تھیں۔ آپ کے والد مکرم کیپٹن محمد شفیع مرحوم نے 22سال کی عمر میں بیعت کر کے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی۔ آپ کا تعلق بر نالہ 103چک جھمرہ سے تھا۔ آپ کو فیصل آباد میں حلقہ اور ضلع کی سطح پر جماعت کی خدمت کا موقع ملا۔ ضلعی سطح پر ناصرات اور تعلیم کی سیکرٹری کے علاوہ نائب صدر ضلع کے طور پر بھی خدمات بجا لانے کی توفیق ملی۔

آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تعلیم یافتہ خاتون تھیں ۔ کالج میں تقاریر اور ڈیبیٹ میں حصہ لیتیں۔ آپ شعر بھی کہتیں مگر اپنے منظوم کلام کو شائع کروانے کو پسند نہ فرماتیں۔ لجنہ اماء اللہ میں بھی تقاریر کے مقابلہ جات میں حصہ لیتیں اور کئی دفعہ پوزیشن بھی حاصل کیں۔ لندن میں بھی لجنہ کے بعض ایونٹس میں حصہ لیا۔

آپ دو سال قبل ہجرت کر کے لندن آئیں تھیں۔ چند ماہ قبل کینسر Diagnose ہوا۔ آپریشن بھی ہوا مگر جانبر نہ ہو سکیں اور 3ماہ بیمار رہنے کے بعد اللہ کو پیاری ہو گئیں۔ آپ بہت سی خوبیوں کی مالک تھیں۔ آپ کی سیرت کانمایاں پہلو مہمان نوازی تھا جس کا خاکسار خود بھی گواہ ہے۔ آپ کے گھر مہمانوں کا تانتا بندھا رہتا۔ میٹنگز پر کھانا مہیا کرنا آپ کا وصف تھا۔ ہم جب دورہ کر کے آپ کے گھر تمام اکٹھے ہوتے تو مختلف النوع کھانوں اور چائے کے مختلف آئٹمز سے تواضع کرتیں۔ خاکسار کی فیملی کے ساتھ ان کا پہلا تعلق اس وقت ہوا جب خاکسار اسلام آباد سے فیصل آباد ان کے گھر اُن کی دعوت پر آیا۔ اب اتفاق کی بات ہے کہ ہم دونوں 23نومبر 2020ء کو EU سیٹلمنٹ ویزہ پر اکٹھے ہی برطانیہ آئے گو فلائیٹس مختلف تھیں۔ مگر یہاں آکر جب معلوم ہوا کہ میں بھی مستقل طور پر برطانیہ آچکا ہوں تو بہت خوشی کا اظہار کیا اور مسلسل اپنے گھر آنے کی دعوت دیتی رہیں۔ جب ان دونوں میاں بیوی کو الگ سے گھر مل گیا تو آپ کے میاں نے ہمیں اپنے گھر دعوت دی۔ ہم جب گئے تو میری مسز سے کہنے لگیں کہ اس نئے گھر میں آپ پہلے مہمان ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ ایک وقف زندگی سب سے پہلے میرے اس گھر میں آئے ہیں۔ پھر خوشی کی انتہا اس وقت یہ جان کر ہوئی کہ ہم دونوں میاں بیوی مکرم ڈاکٹر محمد جلال شمس مربی سلسلہ انچارج ترکش ڈیسک کے ہمراہ تھے۔ آپ کے میاں چونکہ بہت سوشل قسم کے انسان ہیں۔ اس لیے آپ جب بھی کسی کو اپنے گھر بلاتے تو ساتھ مہمان کے ذوق کی مناسبت سے تین چار اور لوگوں کو بھی بلا لیتے کہ دینی و علمی محفل جمے گی۔ جس کی کبھی بھی مسز بشارت مرحومہ کی طبیعت پر ناخوشگواری دیکھنے کو نہ ملتی۔ آپ کے میاں ناظم ضلع انصار اللہ اور قائد علاقہ خدام الاحمدیہ اور دیگر جماعتی عہدوں پر فائز رہے جس کی وجہ سے مہمانوں کی آمد رہتی اورآپ کو ہمہ وقت مہمان نوازی میں مصروف پایا۔

آپ نے اپنے پیچھے اپنے میاں کے علاوہ چار بیٹے، ایک بیٹی، تین بہنیں، ایک بھائی اور دسیوں پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں یاد گار چھوڑے ہیں۔ فرمانبردار اولاد کی تفصیل یوں ہے۔

1۔ مکرمہ سارہ لئیق ۔ریجنل صدر لجنہ وینکوور کینیڈا
2 ۔ مکرم زکریا طارق چوہدری ۔مکینکل انجینئرلندن
3 ۔ مکرم خالد داؤد احمد چوہدری ۔وینکوور کینیڈا
4۔ مکرم ناصر محمود چوہدری ۔ بیلجیم
5۔ مکرم حافظ ڈاکٹر محمد سجیل احمد ( وقف نو) یو کے

مرحومہ آخری وقت اسی بیٹے اور مکرم خالد داؤد کے ہاں مقیم اور زیر علاج تھیں ۔ وفات پر پانچوں بچے موجود تھے ۔ بیماری کے ایام میں پانچوں بچوں کو خوب خدمت کا موقع ملا۔

مؤرخہ 22 دسمبر 2022ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مسجد مبارک اسلام آباد برطانیہ کے باہر نماز جنازہ پڑھائی اور Godalming کے قبرستان کے قطعہ موصیان میں تدفین کے بعد خاکسار نے دعا کروائی۔

آپ کی بیٹی مکرمہ سارہ لئیق آف وینکورنےاپنی والدہ کے خصائل و شمائل پر ایک نوٹ لکھ کر بھجوایا۔ لکھتی ہیں: والدہ مرحومہ کو اللہ تعالیٰ سے بے پناہ محبت اور بے حد عشق و توکل تھا۔ نظام جماعت کی اطاعت اور دیوانہ وار خدمت دین کا شوق رکھتیں۔ بہت ملنسار، مہمانواز، ہمدرد تھیں۔ اپنے خاوند کی مکمل اطاعت ان کا شیوہ تھا۔ اپنے بچوں کی بہترین ماں،سسرال میں ہر دلعزیز، غریبوں کی غمگسار اور ہر ایک کی ضرورت کا خیال رکھتیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے ،درجات بلند کرتا چلا جائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین

(حنیف محمود ۔ایڈیٹر روزنامہ الفضل آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی