• 24 اپریل, 2024

صد سالہ جوبلی کے تحت لجنہ کی زیر نگرانی مسجد کا سنگ بنیاد

حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے 25 دسمبر 1922ء کو مجلس لجنہ اماء اللہ کی بنیاد رکھی جس کے مقاصد میں سے احمدی بچیوں اور عورتوں کی روحانی و جسمانی تعلیم، تربیت وتنظیم کر کے انہیں حقیقی مومنہ اور معاشرہ کا ایک مفید وجود بنانا تھا۔ یہ مجلس الحمد للہ ترقیات کے مراحل طے کرتے کرتے ایک تناور درخت بن چکی ہے۔ مجلس لجنہ اماء اللہ کے نظام کے آغاز کو امسال بفضل اللہ تعالیٰ سو (100) سال پورے ہونے جارہے ہیں جس کے تحت کئی ممالک میں لجنہ اماء اللہ کی صد سالہ جوبلی کے تشکر کے طور پر صد سالہ جوبلی پروگرامز مرتب کئے گئے اور ان پر عملدآمد جاری ہے۔

لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کو بھی صدر صاحبہ لجنہ آئیوری کوسٹ نیز انکی نیشنل عاملہ کی زیر قیادت بفضل اللہ تعالیٰ امسال صد سالہ جوبلی پروگرام مرتب کر کے ان پر عملدآمد کروانے کی سعادت نصیب ہو رہی ہے جن میں تربیت کے مراحل مثلاً مختص کتب حضرت مسیح موعودؑ کا مطالعہ، ملک بھر میں شجر کاری مہم کے تحت پھلدار درخت لگانے کی تحریک، قرآن کریم ناظرہ و باترجمہ سیکھنے کی طرف خاص توجہ نیز سالانہ علمی و ورزشی اجتماع کے انعقاد کروانے کی توفیق مل رہی ہےمجلس لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ نے صد سالہ جوبلی کے پروگرام میں اظہار تشکر کے لئے ایک خوبصورت مسجد تعمیر کروانے کی تحریک بھی کی جس کے لئے چندہ جمع کرنے کا آغاز گزشتہ سال ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ آئیوری کوسٹ کے تمام ریجنز کی لجنہ اماء اللہ نے اس کار خیر میں حصہ لیا ہے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تاہم ماہ مئی تک اس کار خیر میں ایک اچھی رقم جمع ہونے کے بعد مرکزی منظوری سے لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ (Côte d’Ivoire) کو ملک کے تجارتی صدرمقام آبی جان (Abidjan) میں واقع جماعتی جگہ مہدی آباد (Mediabad) میں 360مربع میٹر پر محیط دومنزلہ مسجد کی تعمیر کے آغاز کے طور پر موٴرخہ 21مئی 2022ء بروز ہفتہ مسجد کے سنگ بنیاد کے پروگرام منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس بابرکت تقریب کے مہمان خصوصی مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب تھے۔تلاوت قرآن کریم کے بعد اس بابرکت تقریب سنگ بنیاد میں پہلی اینٹ مکرم امیر صاحب نے رکھی جبکہ انکے بعد صدر صاحبہ لجنہ آئیوری کوسٹ نے اینٹ رکھنے کی سعادت پائی جن کے بعد نیشنل عاملہ لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ،ریجنل مبلغین کرام،بیگمات مبلغین کرام اور تمام ریجن کے ایک ایک منتخب نمائندہ نے اس سعادت سے حصہ پایا نیز ساتھ ہی ساتھ شاملین میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور اس تقریب کا اختتام ہوا۔


اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ کو احسن رنگ میں مسجد کی تعمیر کی توفیق عطا فرمائے اور اس مسجد کو ہمیشہ مومن نمازیوں سےآباد رکھے نیز لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کے بقیہ پروگرامز برائے تشکر صد سالہ جوبلی میں بھی برکت ڈالے اور جس مقصد کے لئے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے مجلس کا آغاز فرمایا تھا اس ہر ایک مقصد کی احسن رنگ میں تکمیل کی توفیق عطا کرے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن، آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 جون 2022

اگلا پڑھیں

مالدار لوگ بلند درجوں پر پہنچ گئے