• 25 اپریل, 2024

گردہ کی پتھری سے نجات کا ایک آزمودہ نسخہ

گردہ کی پتھری کے مرض کے بارہ میں سنا کرتے تھے کہ بہت موذی اور تڑپا نے والا درد رکھتا ہے۔ بارہا بڑےبڑے توانا لوگوں کو اس کی شدت میں تڑپتے دیکھا۔ لیکن درد گردہ کا صحیح اندازہ اس وقت ہوا جب گردہ کی پتھری کے سبب ’’اہل درد‘‘ میں شامل ہوگئے اور دو سال سے زائد عرصہ تک پتھری کو گردہ کی نالی میں اٹکائے رکھا اور ربوہ سےکراچی تک مختلف ہسپتالوں اور ماہرین مرض ہذا کے چکروں میں پڑے رہے۔ گاہے پتھری گردہ کا یہ درد ہمیں فضل عمر ہسپتال کے سرجیکل وارڈ کا مہمان بنانے اور کبھی ضبط کی حدود سے متجاوز ہو کر یاد خدا میں بڑھانے کا باعث بھی ہوتا رہا۔ لیکن آپریشن یا کسی ایسے ہی سرجیکل طریق علاج سے اس لئے کنارہ کرتے رہے کہ بقول طبیب جب گردہ پتھری بنانا شروع کردے تو اسے کسی ’’فرمائش مکرر‘‘ کے بغیر ہی باربار دہرانے کا عادی ہوجاتا ہے۔

ایسے ہی لمحات کرب والم میں ایک بار ہسپتال کے سرجیکل وارڈ میں ’’ایام استراحت‘‘ کے دوران ایک بزرگ نے طریق علاج کے لئے مشورہ عنایت فرمایا۔ اللہ بھلا کرے ان کا کیونکہ بعدہ نسخہ ہمیں راس آگیا۔ پہلے تو یہ سوچ کر کہ ہر تیمارداردرد بٹانے کے لئے کوئی نہ کوئی نسخۂ چارہ گری ضرور دے جاتا ہےکیونکہ شاید یہ ہمارے معیار ہمدردی کی روایتی علامت ہے۔ ہم نے ان بزرگ کے اس مشورہ پر ازخود رسائی کی کوشش ضروری نہ سمجھی کہ ’’علی پور میں کسی کے پاس گردے کی پتھری کے علاج کا کامیاب دیسی نسخہ ہے۔ استعمال کرکے دیکھ لو‘‘ لیکن تقدیر شاید ہمیں خود ہی بفضل یزداں سوئے شفا لے جانا چاہتی تھی کہ چند ہی روز بعد ایک غرض سلسلہ سے ہمیں علی پور جانا پڑ گیا۔ رات گئے تک مصروفیت کے بعد وقت ملنے پر جب علی پور کے مربی صاحب سے ذکر کیا کہ علی پور میں سنا ہے گردے کی پتھری کا کوئی نسخہ کسی ’’درد مند‘‘ نے چھپا رکھا ہے؟ تو محترم مربی صاحب نے یہ راز آشکار کیا کہ اس معاملہ میں وہ خود بھی ہمارے ’’ہم درد‘‘ ہیں کیونکہ اس درد کی منازل طے کر چکے ہیں اور صبح سویرے ہمیں ایک چھوٹی بوتل میں دیسی دوائی کا تیار شدہ سفوف مہیا کر دیا۔ تاہم ان کی محبت واحسان کہ ہماری درخواست پر ہمیں نسخہ بھی لکھوا کر مہیا کر دیا۔ اللہ ان کو جزائے حسنہ سے نوازے۔ نسخہ تو بظاہر سادہ تھا لیکن ہمارے لئے تو بلا کا کام کر گیا کہ چند دن استعمال کرنے پر ہی ہمارے گردےپر 2سال سے ناجائز قابض سنگدل پتھری نے اپنی گرفت ڈھیلی کر دی اور بالآخر گردے نے پتھری کو ریزہ ریزہ کر کے اگل دیا اور ہمیں دردگردہ سے نجات مل گئی۔ کوئی دو سال بعد جب گردہ کے اس مرض نے ’’مکرر حملہ‘‘ کر کے دوبارہ پتھری کے درد میں مبتلا کر دیا تو ڈاکٹر صاحب نے ہماری حالت زار کو دیکھتے ہوئے فوری ہسپتال داخل ہو جانے کی ہدایت دے دی ، لیکن خوش قسمتی سے اسی دیسی نسخہ کی مرقومہ پرچی ہمارے بٹوہ سے برآمدہ ہو گئی۔ ڈاکٹر صاحب کی منت سماجت سے دو روز کی مہلت لی اور گھر جاتے ہوئے راستہ سے یونانی دواخانے جا کر 19روپے میں مذکورہ نسخہ کی مفردات خرید کر ساتھ لے گئے۔ بیگم صاحبہ نے ہماری حالت الم کےپیش نظر ان مفردات کو فوراً پیس کر سفوف بنا دیا اور ہم نے درد سے تڑپتے ہوئے ایک خوراک اسی لمحہ وافر مقدار پانی کے ساتھ نگل لی۔ خدا تعالیٰ کی عجیب قدرت اور نرالی شان کہ 2 گھنٹہ کے اندر ہی کھجور کی گٹھلی کے برابر سالم پتھری پیشاب کے ساتھ باہر آگئی۔

کیا عجب تونے ہر اک ذرہ میں رکھے ہیں خواص

اس کے بعد تو جب بھی ہمیں درد گردہ نے ستایا ہم نےاسی نسخہ کی مدد سے سنگ گردہ کو پاش پاش کیا ہے۔ بعض احباب کو بھی بتایا انہوں نے بھی استفادہ کیا۔ ایک بار ایسے بھی ہواکہ دسمبر کی دھند میں دوران سفر اپنے ایک ہم رکاب کی خواہش پر ساہیوال میں سرِراہ ایک دوست کے ہاں چند لمحے قیام کیا تو میزبان دوست نے اپنے نو عمر صاحبزادے کا تعارف کرواتے ہوئے بر سبیل تذکرہ دعا کی غرض سے ذکر کیا کہ بچہ کا جلسہ قادیان پر جانے کا ارادہ ہے لیکن گردہ کی پتھری کے سبب بیمار ہوگیا ہے۔ شاید آپریشن کروانا پڑے۔ ہمیں فوراً وہی دیسی نسخہ یاد آیا توکاغذ پر لکھ کر ازراہ ہمدردی ’’حسب روایتِ عیادت کنندگان‘‘ دے دیا۔ کوئی دس روز بعد جلسہ قادیان پر ہم بھی گئے تو حسن اتفاق سے قادیان میں پہلے ہی روز ساہیوال کے یہی دوست اپنے صاحبزادے کے ہمراہ سرراہ مل گئے اور بتایا کہ وہی نسخہ استعمال کیا اور اللہ کے فضل سے پتھری باہر آگئی اور شفا ہوگئی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

خدا تعالیٰ کی عجیب شان اور قدرت ہے۔ چاہے تو مٹی کے ذروں میں بھی شفا رکھ سکتا ہے۔ ہم کوئی حکیم یا طبیب تو نہیں۔ نہ ہی اس شعبہ سے کوئی علاقہ ہے تاہم اپنے تجربہ میں آیا ہوا نسخہ افادۂ عام کے لئے تحریر کیے دیتے ہیں شاید کسی ‘‘ہم درد’’ کےکام آجائے تو وہ ہمیں دعا دے۔

نسخہ

(1) مگھاں (فلفل دراز) 20 گرام
(2) نمک سابھر20گرام (3) نوشادر ٹھیکری 20گرام
(4) ست اجوائن 3ماشہ (5) ست پودینہ 3ماشہ

ترکیب

نمبر1 تا نمبر 3 کو گرائینڈر کے ذریعہ باریک پیس لیں اور اس پیسے ہوئے سفوف میں نمبر 4 اور نمبر 5 (دونوں ست) رکھ کر کسی چمچے وغیرہ سےپیس دیں اور ملا دیں۔ تیار شدہ نسخہ کی آٹھ ہم وزن خوراکیں بنا لیں اور روزانہ ایک خوراک تازہ پانی کےساتھ استعمال کر سکتے ہیں۔ پانی زیادہ مقدار میں استعمال کرنا ہوگا۔ شفا دینے والی خدا کی ذات ہے۔

(ضیاء اللہ مبشر)

پچھلا پڑھیں

This week with Huzur (20 مئی 2022ء)

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جون 2022