• 20 جولائی, 2025

آج کى دعا

نىک جىون ساتھى اور اولاد کے لئے افضل دعا

رَبَّنَا ہَبۡ لَنَا مِنۡ اَزۡوَاجِنَا وَ ذُرِّىّٰتِنَا قُرَّۃَ اَعۡىُنٍ وَّ اجۡعَلۡنَا لِلۡمُتَّقِىۡنَ اِمَامًا ﴿۷۵﴾

(الفرقان: 75)

ترجمہ: اے ہمارے ربّ! ہمىں اپنے جىون ساتھىوں اور اپنى اولاد سے آنکھوں کى ٹھنڈک عطا کر اور ہمىں متقىوں کا امام بنا دے۔

ىہ قرآن مجىد کى نىک جىون ساتھى اور اولاد (جو آنکھوں کى ٹھنڈک بنے) کے حصول کى پىارى دعا ہے۔ عائلى مسائل کے حل کے لئے ىہ دعا اىک کىمىا ہے۔

ہمارے پىارے آقا سىّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلىفۃ المسىح الخامس اىَّدہ اللہ تعالىٰ بنصرہ العزىز نے متعدد بار جماعت کو اس دعا کى تحرىک فرمائى ہے۔آپ اىَّدہ اللہ تعالىٰ بنصرہ العزىز فرماتے ہىں
’’پس ہر عورت اور مرد کو دعاؤں اور اپنى عملى حالت مىں کوشش کے ساتھ تبدىلى کرکے حقىقى بىعت کنندگان مىں شامل ہونے کا نمونہ دکھانا چاہئے تاکہ ان لوگوں مىں شامل ہوں جو نہ صرف اپنى نىک حالتوں کى فکر مىں رہتے ہىں بلکہ انہىں اپنى نسلوں کى بھلائى کى بھى فکر رہتى ہے جس کے لئے اللہ تعالىٰ نے ىہ دعا سکھلائى ہے کہ رَبَّنَا ہَبۡ لَنَا مِنۡ اَزۡوَاجِنَا وَ ذُرِّىّٰتِنَا قُرَّۃَ اَعۡىُنٍ وَّ اجۡعَلۡنَا لِلۡمُتَّقِىۡنَ اِمَامًا (الفرقان: 75) اے ہمارے ربّ! ہمىں اپنے جىون ساتھىوں اور اولاد کى طرف سے آنکھوں کى ٹھنڈک عطافرما اور ہمىں متقىوں کا امام بنا دے۔

پس ىہ دعا جہاں مردوں کے لئے اہم ہے وہاں عورتوں کے لئے بھى اہم ہے کہ اىک دوسرے کے لئے آنکھوں کى ٹھنڈک بنىں۔ اور جب اىک دوسرے کے لئے آنکھوں کى ٹھنڈک بننے کے لئے دعاکر رہے ہونگے تو اىک دوسرے کے ساتھ حسنِ سلوک کى طرف بھى نظر ہوگى۔ اىک دوسرے کى برائىوں سے صرفِ نظر ہوگى اور اىک دوسرے کى خوبىوں کى طرف نظر ہوگى۔ مىرے پاس بعض دفعہ نئے جوڑے آتے ہىں کہ نصىحت کرىں اور جىسا کہ مىں نے بتا ىا کہ آج کل خلع اور طلاق کے حالات بڑے قابلِ فکر حد تک ہىں تو مىں ان کو ىہى کہتا ہوں کہ اىک دوسرے کى برائىوں سے صرفِ نظر کرو اور اىک دوسرے کى خوبىوں پر نظر رکھو۔اب جو شادىاں ہوگئى ہىں تو ان جوڑوں کو، ان رشتوں کو نبھاؤ اور پھر دعا کرو کہ اللہ تعالىٰ ہمىں اىک دوسرے کے لئے آنکھوں کى ٹھنڈک بنائے جب دعاؤں سے اور کوشش سے ىہ کر رہے ہونگے تو ان شاء اللّٰہ تعالٰى رشتے بھى کامىاب ہونگے۔

جب مرد اور عورت اىک دوست کے لئے آنکھوں کى ٹھنڈک ہونگے تو آئندہ آنے والى نسلىں بھى ماں باپ کے نىک نمونے دىکھ کر ماں باپ کے لئے آنکھوں کى ٹھنڈک بننے کى کوشش کرىنگى۔ اور جب خدا تعالىٰ کے حضور مرد اور عورت اىک دوسرے کے لئے اور اپنے بچوں کے لئے آنکھوں کى ٹھنڈک کى دعا کررہے ہونگے اور نسل مىں سے متقى پىدا ہونے کى دعا کررہے ہونگے کہ: وَ اجۡعَلۡنَا لِلۡمُتَّقِىۡنَ اِمَامًا نىک نسل کى دعا ہى ہے۔ کىونکہ اىک گھرانے کا سربراہ ہى اپنے گھر کا امام ہے جو ىہ کہتا ہے کہ مجھے متقىوں کا امام بنا تو اس کا مطلب ہے کہ مىرى نسل مىں سے نىک لو گ ہى پىدا کر۔ پس جب مرد ىہ دعا مانگ رہا ہوگا تو وہ اپنى بىوى اور بچوں کے متقى ہونے کى دعا مانگ رہا ہوگا۔ جب عورت دعا مانگ رہى ہوگى تو گھرکے نگران کى حىثىت سے وہ اپنے بچوں کے متقى ہونے کے لئے دعا مانگ رہى ہوگى۔ اور جب اس شوق کے ساتھ دعا ہوگى تو پھر اپنے آپ کو بھى تقوىٰ پر قائم رکھنے کى کوشش ہوگى۔ اور اىسا گھر پھر جنت کا نظارہ پىش کرنے والا گھر ہوگا جس مىں بڑے، بچے، سب خدا تعالىٰ کى خوشنودى کے حصول کے لئے کوشش کررہے ہونگے۔‘‘

(جلسہ سالانہ جرمنى، خطاب از مستورات فرمودہ 25جون 2011ء۔ مطبوعہ 13اپرىل 2012ء)

(مرسلہ: مرىم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

آئیوری کوسٹ ریجن بندوکو میں یوم تبلیغ اور تبلیغی بک سٹال

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 اکتوبر 2021