• 30 اپریل, 2024

الفضل کے حوالے سے ماہ ستمبر میں موصول ہونے والی قارئین کی آراء و تبصرے (قسط نمبر10)

الفضل کے حوالے سے ماہ ستمبر میں موصول ہونے والی قارئین کی آراء و تبصرے
قسط نمبر10

• تاریخ رقم کرنے والا اخبار

آپ نےجلسہ سالانہ پر آنکھوں دیکھا حال لکھ کر ایک تاریخ محفوظ کردی ہے۔ جزئیات کی اچھی تصویر کشی کی ہے جزاک اللّٰہ۔ ہم دور افتادہ ناظرین نے ایم ٹی اے کی برکات سے فائدہ اٹھایا اور پل پل نظریں سکرین پر گاڑے رکھیں۔ جو جلسہ لندن میں ہورہا تھا وہ دنیا کے نہ جانے کتنے گھروں میں دیکھا جارہا تھا گویا گھر گھر میں جلسہ ہورہا تھا۔ ناصر صاحب اور خاکسار عمر کے جس دور سے گزر رہے ہیں۔ یہ سہولت ایک نعمت عظمیٰ ہے۔ سارے پروگرام، انتظامات بغیر کسی مداخلت کے توجہ سے دیکھے اور سنے۔

(امة الباری ناصر۔ امریکہ)

• جلسے کا آنکھوں دیکھا احوال

آج مؤرخہ 19؍اگست کے شمارے کا پیغام موصول ہوا۔ فہرست میں مذکور ’’جلسہ سالانہ یوکے کا آنکھوں دیکھا حال‘‘ کے عنوان نے اپنی طرف جذب کر لیا۔ مضمون شروع کیا تو تحریر کی شائستگی، روانی اور سلاست نے آخری لفظ تک پڑھ کر ختم کرنے پر مجبور کر دیا۔ پی ڈی ایف بھی موصول ہوچکی تھی۔ جو خوبصورت تصاویر سے مزین تھی۔ ہر دو کے لیے ادارے کو جزاکم اللّٰہ کی دعا پیش ہے۔ کارکنان جلسہ کے ساتھ الفضل بھی شکریہ کا مستحق ہے کہ جلسے کے علمی مائدہ اور روحانی ماحول کو قارئین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

(ذیشان محمود۔ سیرالیون)

• جلسہ سالانہ لندن کی رپورٹ میں ہر پہلو اور ہر گوشہ اُجاگر ہوا

مذہبی طباعت واشاعت کی دنیا میں الفضل آن لائن لندن 19؍اگست 2022ء میں جلسہ سالانہ برطانیہ 2022ء کی آپ کی مرتب کردہ رپورٹ انٹرنیٹ پر پڑھنے کی توفیق ملی۔ میں اور میرے ساتھی جو پروفیسر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ غیر احمدی ہیں بہت متاثر ہوئے۔ بے حد خوبصورتی کے ساتھ آپ اس کو منظر عام پر لائے ہیں۔ جو لوگ مجبوری میں ایم ٹی اے پر اس پروگرام کو دیکھ نہ سکے ان کےلئے آپ کی یہ کاوش ممنون احسان رہے گی۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے کہ ہم جلسہ سالانہ یوکے 2022ء میں بنفس نفیس شامل ہیں۔ہے تو یہ اخبار لیکن آنکھوں دیکھا حال کا سماں باندھ رہا تھا۔ ماشاءاللّٰہ بیش بہا پیش رفت ہے۔ اس صورت حال اور اس کی قدر و منزلت کو بیان کرنے کے لئے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ آپ نے اس بابرکت جلسہ سالانہ کے تمام شعبہ جات کا بہت خوبصورتی سے منظر کشی کرکے تعارف کرایا ہے۔ گویا آپ نے سمندر کو کوزہ میں قید کر دیا ہے۔

شاید آپ کے لئے یہ یقین کرنا مشکل اور مبالغہ ہو گا کہ ایک ہی نشست میں یہ رپورٹ بلکہ سارا اخبار پڑھ ڈالا۔ ایک تو تحریر میں چاشنی پھر جامع و مانع الفاظ کا ذخیرہ جو اردو ادب کی انتہاء کو چھو رہا تھا۔ دوسرا ایسا تسلسل کہ مکمل مطالعہ کئے بغیر ہٹنے کو جی نہیں چاہ رہا تھا۔ اب اردو ادب کا معیار کہیں زیادہ بلند ہو چکا ہے۔ ماشاء اللّٰہ آپ کا الفضل آن لائن لندن اس کی جیتی جاگتی تصویر ہے اور آپ کا اداریہ ’’عہد کے درد کو بھی کر محسوس‘‘ اور ’’کجیاں (money box)‘‘ بچوں اور بڑوں کےلئے بھی سبق آموز ہے۔

الفضل آن لائن لندن مجریہ 8؍ستمبر 2022ء میں آپ کا اداریہ ’’سوعافیت ہے اسی میں کہ قافلہ میں رہو‘‘ پڑھنے کو ملا۔ اس اداریہ میں آپ نے نہ صرف اپنی جماعت کو خلافت کی رسی مضبوطی سے تھامے رہنے اور حصار میں رہنے کی تلقین و ترغیب دلائی ہے وہیں پر ملت اسلامیہ کو بھی دعوت فکر دی ہے کہ وہ بھی اپنی زبوں حالی پر غور وخوض کریں۔

(محمد عمر تما پوری۔ کوآڈینیٹر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی۔ انڈیا)

• زخم ہرے ہوگئے

موٴرخہ 23؍اگست میں شائع ہونے والے مکرم محمد عمر تماپوری کے مضمون ’’خطوط طاہر اور اسیران راہِ مولیٰ‘‘ نے تو دل کے سارے زخم کھول کر رکھ دیے ہیں۔

مؤرخہ 27؍اگست کے شمارہ میں ’’سو سال قبل کا الفضل‘‘ اور اس کا عکس دیکھ کر بہت بھلا لگا۔ اللہ تعالیٰ الفضل کو مزید ترقی دے۔

موٴرخہ 31؍اگست 2022ء کو ’’ادارہ الفضل آن لائن‘‘ کی طرف سے لجنہ کی تنظیم کے سوسال پورا ہونے پر ’’لجنہ اماء اللہ‘‘ کے مقاصد پر جو کتاب تیار کروائی ہے اس کا ایک پرچہ خاکسار کو بھی تحفةً دیا گیا ہے۔ جزاک اللّٰہ بہت دلچسپ کتاب ہے۔ اللہ تعالیٰ اس ٹیم کو اور اس کے بنانے میں جس جس نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے اسے اپنی جناب سے اجر عطا کرے۔ آمین۔

(نبیلہ رفیق فوزی۔ ناروے)

• روحانی لذت سے بھرپور اخبار

آپ کی ٹیم الفضل آن لائن کو اتنا معیاری، دلچسپ، ایمان افروز اور معلوماتی بنا دیا ہے کہ میرا دل اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ لاریب آپ کی ساری ٹیم کو آج کے ’’مرد خدا‘‘ کی دعا لگی ہے۔ بہت خوش نصیب ہیں آپ لوگ جو حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ کی دعاؤں کے وارث بن رہے ہیں۔ اللّٰھم زد فزد۔

موٴرخہ 23؍ اگست 2022ء کا سارامواد ہی بہت اعلی ہے مگر دو مضامین نے جس روحانی لذت سے گزارا ہے اسے لفظوں میں ادا کرنا ممکن نہیں -1 حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کے رویاء وکشوف -2 خطوط طاہر اور اسیران راہ مولا۔ ان دو مضامین نے اس روحانی لذت کو احیائے نو بخشا ہے۔

(شبیر احمد ثاقب)

• ایک اہم اداریہ

آج کل موبائل فون زندگی کا ایک جزو لاینفک بن گیاہے با لخصوص نوجوان طبقہ کا کہ کسی بھی لمحہ حتی کہ نماز میں بھی وہ اسے جدا نہیں کرنا چاہتے۔ اس تناظر میں آپکا مضمون ’’موبائل فون اور آداب مساجد‘‘ بہت اہم ہے۔ اللہ کرے کہ فون کے ایسے شیدائی منش بننے کی بجائے ذکر الٰہی کے شیدائی بن جائیں اور آپ کامضمون ان کے لئے رہنمائی کا ذریعہ بن جائے۔ آمین۔ خاکسار کوشش کرے گا کہ یہ مضمون فرانس کے تمام نوجوانوں تک پہنچ جائے۔

(نصیر احمد شاہد۔ مبلغ انچارج فرانس)

• عمدہ مضمون

محترم خواجہ عبد العظیم صاحب نے 30؍جولائی کے الفضل میں واقعہ کربلا کو تاریخی حوالوں کے ساتھ مبالغہ آمیزی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انتہائی اعتدال اور میانہ روی کے ساتھ تحریر کیا ہے۔ تاریخ کے طالب علم کے لئے انتہائی دلچسپ مضمون اور معلومات ہیں۔ اللہ تعالیٰ الفضل کو اور اچھے اچھے لکھاری عطا فرمائے اور آپ سب کی خدمت کو قبول فرمائے آمین۔

(مبشر احمد عابد)

• ازدیاد ایمان کا موجب

موٴرخہ 23؍اگست کے مضمون ’’خطوط طاہر اور اسیران راہ مولا‘‘ میں درج خطوط پڑھ کر اس بات پر ایمان بڑھا ہے کہ بہرحال خلیفۃ المسیح ہم خادمان سے بیان سے بڑھ کر دل و جان سے محبت کرتے ہیں۔

(رحمت اللہ بندیشہ۔ جرمنی)

• قابل ستائش نظم

13؍اگست 2022ء کے شمارے میں یوم آزادی پاکستان (platinum jubilee) کے موقع پر تین مضامین اور جناب ثاقب زیروی کی نظم قابل ستائش اور آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔

حضرت مرزا بشیر احمدؓ کا قائد اعظم محمد علی جناح کی اچانک اور المناک وفات پر 16؍ستمبر 1948ء کے الفضل میں ایک مضمون شائع ہوا تھا جو کسی وقت دوبارہ شائع ہونا چاہئے۔

موٴرخہ 10؍ستمبر 2022ء کے الفضل میں مضامین (میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا) کے تسلسل میں مبلغ انچارج پرتگال مکرم فضل احمد مجوکہ صاحب کا مضمون پرتگال میں جماعت احمدیہ کا قیام بہت پسند آیا اور جذبات کو انگیخت کرنے کا باعث بنا۔

(ابن ایف آر بسمل)

• دلچسپ دیدہ زیب مضامین

موٴرخہ 29؍جولائی کے الفضل میں محرم الحرام کے سلسلہ میں بہت دلچسپ دیدہ زیب مضامین ہیں۔ خصوصا ’’محرم الحرام اور چند دعائیں۔‘‘ جزاکم اللّٰہ خیرا

(نصرت قدسیہ وسیم۔ فرانس)

• اہم امر کی جانب توجہ

موٴرخہ 26؍ اگست کے روزنامہ الفضل لندن میں ایک نہایت ہی اہم امر کی طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ قرآنی آیت کو الخ…. لکھنے کی بجائے پوری آیت لکھنی چاہیے اسی طرح حضرت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کیساتھ ’’صلعم‘‘ کی بجائے پورا دعائیہ کلمہ صلی اللہ علیہ وسلم لکھنا چاہیے۔ ادارہ الفضل کی یہ درخواست بہت ہی عمدہ اور مناسب ہے۔

(شمس الدین)

• خواہش کا اظہار

خاکسار روزانہ الفضل کا مطالعہ کرتا ہے خاص کر پہلے اور آخری صفحے کا۔ اس میں فقہی کارنر، سبق آموز بات اور دعا کا تحفہ بہت اچھے مضامین ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہوسکے تو حکایات شیریں یا واقعات بیان فرمودہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام یا خلفاء احمدیت پر ایک سلسلہ بھی شروع کیا جاسکتا ہے اور کچھ سائنسی و علمی یا ہنر سکھانے پر مشتمل معلوماتی مضامین بھی شامل کردیا کریں۔ جزاک اللّٰہ تعالیٰ۔

(تیمور احمد خان)

• محرم الحرام کی دعائیں

آپ نے نئے ہجری سال کی سب کو مبارک دی ہے آپ کو بھی دل کی گہرائی سے بہت بہت مبارک ہو۔ جس محنت و لگن سے آپ کی ٹیم ہمارے لیے کام کرتی ہے اللہ تعالیٰ آپ کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ مبارک باد کے ساتھ ہی آپ نے جو محرم الحرام کی دعائیں لکھ دی ہیں مجھے تو بہت فائدہ ہوا ہے۔ میں بہت کچھ سیکھتی ہوں آپ کا ہر اداریہ ہی میرے لئے ایک سبق ہوتا ہے جس سے میں سیکھتی رہتی ہوں۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے آمین۔

(صفیہ بشیر سامی۔برطانیہ)

• مرغوب ترین اخبار

الحمد للّٰہ! روزنامہ الفضل آن لائن کا با قاعدگی سےمطالعہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ روزانہ خاکسار کے علم میں اضافہ ہوتا ہے۔ مضمون نگار بڑے اچھے اچھے مضامین لکھتے ہیں۔ عابد خان صاحب کی ڈائری پڑھ کر دل بہت محظوظ ہوتا ہے کیونکہ ہمارے پیارے آقا کا ذکر ہوتا ہے۔ اسی طرح بنیادی مسائل کے جوابات والے کالم پڑھ کر علم میں اضافہ ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی پوری ٹیم کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین۔

(مظفر احمد ظفر)

• وقت کی ضرورت

مؤرخہ 25؍اگست 2022ء کے الفضل میں آپ کا اداریہ بعنوان ’’رشتہ داریوں کا تقدس و احترام‘‘ پڑھا۔ ایک ایک حرف سچ پر مبنی ہے۔ وہ زمانے اچھے تھے جب رشتے داریوں کا پاس رکھا جاتا تھا۔ اللہ کرے ہم قرآنی احکامات کے مطابق اپنے رحمی رشتوں سے حسن سلوک کرنے والے ہوں۔ وہ رحیم خدا ہمیں اس بات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔

آپ کا مضمون بعنوان ’’موبائل فون اور آداب مساجد‘‘ پڑھا۔ اس موضوع پر مضمون کی واقعتاً بہت ضرورت تھی۔

(صدف علیم صدیقی۔ کینیڈا)

• جزاک اللہ

موٴرخہ 29؍جولائی کے شمارے میں ’’محرم الحرام اور چند دعائیں‘‘ پڑھا۔ بہت سی دعائیں اور بہت سی باتیں جو اپنی اصلاح اور بقا کے لیے بنیادی حیثیت وحقیقت رکھتی ہیں وہ لاکھوں کروڑوں غفلت زدہ انسانوں تک پہنچانے کے لئے بہت جزاک اللّٰہ تعالیٰ۔

(صادقہ چوہدری۔ کینیڈا)

• پیارا اخبار

موٴرخہ 28؍جولائی کے شمارے میں مضمون ’’پاک ہونے کا ایک طریق‘‘ جس میں حضرت مسیح موعودؑ کے الفاظ کو پڑھا تو ایمان اور پختہ ارادے گویا نئے سرے سے تازہ ہوئے۔ الحمدللّٰہ۔ روزانہ پیارا الفضل جب پڑھنا شروع کریں تو دل نہیں چاہتا کہ ختم ہو۔ ماشاءاللّٰہ۔ اللہ تعالیٰ تمام الفضل کی ٹیم کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

(امة القیوم صبا خواجہ۔ جرمنی)

ایمان افروز باتوں کے اضافے کا موجب اخبار

الفضل کا ہر شمارہ میرےعلم میں بہت سی نئی ایمان افروز باتوں کا اضافہ کر رہا ہے۔ دینی اور دنیاوی بہت سارے علوم کی واقفیت ہورہی ہے۔ الحمدللّٰہ۔

(آر آر قریشی)

• تسکین قلب کا موجب

الفضل آن لائن کا روزانہ شمارہ پڑھ کر بہت دلی سکون ملتا ہے۔ جب تک پورا الفضل پڑھ نہ لوں اور افادہ عام کے لئے اسے ٹویٹر اور انسٹاگرام کے اسٹیٹس پر نہ لگا لوں، سکون نہیں ملتا۔ بلکہ بعض اوقات کسی مجبوری کی وجہ سے میں الفضل کا مطالعہ کر لوں اورا سٹیٹس پہ نہ لگا سکوں تو بعض غیر از جماعت اور کچھ احمدی توجہ دلاتے ہیں کہ آپ نیک باتیں لگاتی رہا کریں ہمیں اس طرح اچھی باتوں سے آگاہی رہتی ہے۔ ان کو خاکسار پی ڈی ایف میں بھی پورا الفضل بھیج دیتی ہے۔

آپ کے اداریے کمال کے ہوتے ہیں۔ ماشاءاللّٰہ آپ جس طرح ہر موضوع پر روشنی ڈالتے ہیں بات سیدھی دل پہ اثر کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ اتنا اچھا روحانی مائدہ روزانہ بلاناغہ ہم تک بہم پہنچانے کے لئے آپ اور آپ کی تمام ٹیم کی انتھک محنت اور عرق ریزی صاف نظر آتی ہے۔ سو وہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس لگاتار محنت کے لئے سب کی خود جزا بن جائے۔ آپ سب کی سعی کو قبول و مقبول بنائے۔ آمین ثم آمین۔

(منزہ سلیم۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

جنت کی کہانی

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 اکتوبر 2022